ناحُوم 2
2
سقُوطِ نِینوہ
1پراگندہ کرنے والا تُجھ پر چڑھ آیا ہے۔
قلعہ کو محفُوظ رکھ۔
راہ کی نِگہبانی کر۔
کمربستہ ہو اور خُوب مضبُوط رہ۔
2کیونکہ خُداوند یعقُوب کی رَونق کو اِسرائیل کی رَونق کی مانِند پِھر بحال کرے گا اگرچہ غارت گروں نے اُن کو غارت کِیا ہے اور اُن کی تاک کی شاخیں توڑ ڈالی ہیں۔
3اُس کے بہادُروں کی سِپریں سُرخ ہیں۔
جنگی مَرد قِرمزی وردی پہنے ہیں۔
اُس کی تیّاری کے وقت
رتھ فَولاد سے جھلکتے ہیں
اور دیودار کے نیزے بشِدّت ہِلتے ہیں۔
4رتھ سڑکوں پر تُندی سے دَوڑتے اور مَیدان میں
بے تحاشا جاتے ہیں۔
وہ مشعلوں کی مانِند چمکتے
اور بِجلی کی طرح کَوندتے ہیں۔
5وہ اپنے سرداروں کو بُلاتا ہے۔
وہ ٹکرّیں کھاتے آتے ہیں۔
وہ جلدی جلدی فصِیل پر چڑھتے ہیں اور اڑتلا
تیّار کِیا جاتا ہے۔
6نہروں کے پھاٹک کُھل جاتے ہیں
اور قصر گُداز ہو جاتا ہے۔
7ہُصّب بے پردہ ہُوئی اور اسِیری میں چلی گئی۔
اُس کی لَونڈِیاں قُمرِیوں کی مانِند کراہتی ہُوئی
ماتم کرتی اور چھاتی پِیٹتی ہیں۔
8نِینوؔہ تو قدِیم سے حَوض کی مانِند ہے تَو بھی وہ بھاگے
چلے جاتے ہیں۔
وہ پُکارتے ہیں کہ ٹھہرو ٹھہرو!
پر کوئی مُڑ کر نہیں دیکھتا۔
9چاندی لُوٹو!
سونا لُوٹو!
کیونکہ مال کی کُچھ اِنتہا نہیں۔ سب نفِیس چِیزیں
کثرت سے ہیں۔
10وہ خالی سُنسان اور وِیران ہے۔
اُن کے دِل پِگھل گئے
اور گُھٹنے ٹکرانے لگے۔ ہر ایک کی کمر میں شِدّت
سے درد ہے
اور اِن سب کے چِہرے زرد ہو گئے۔
11شیروں کی ماند
اور جوان بَبروں کی کھانے کی جگہ کہاں ہے
جِس میں شیرِ بَبر اور شیرنی
اور اُن کے بچّے بے خَوف پِھرتے تھے؟
12شیرِ بَبر اپنے بچّوں کی خُوراک کے لِئے پھاڑتا تھا
اور اپنی شیرنِیوں کے لِئے گلا گھونٹتا تھا
اور اپنی ماندوں کو شِکار سے اور غاروں کو پھاڑے
ہُوؤں سے بھرتا تھا۔
13ربُّ الافواج فرماتا ہے دیکھ مَیں تیرا مُخالِف ہُوں اور اُس کے رتھوں کو جلا کر دُھواں بنا دُوں گا اور تلوار تیرے جوان بَبروں کو کھا جائے گی اور مَیں تیرا شِکار زمِین پر سے مِٹا ڈالُوں گا اور تیرے ایلچِیوں کی آواز پِھر سُنائی نہ دے گی۔
موجودہ انتخاب:
ناحُوم 2: URD
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
Revised Urdu Holy Bible © Pakistan Bible Society, 1970, 2010.