مِیکاہ 6
6
خُداوند کی اِسرائیلؔ کے خِلاف نالِش
1اب خُداوند کا فرمان سُن!
اُٹھ پہاڑوں کے سامنے مُباحثہ کر اور سب ٹِیلے تیری آواز سُنیں۔
2اَے پہاڑو اور اَے زمِین کی مُحکم بُنیادو خُداوند کا دعویٰ سُنو کیونکہ خُداوند اپنے لوگوں پر دعویٰ کرتا ہے اور وہ اِسرائیلؔ پر حُجّت ثابِت کرے گا۔
3اَے میرے لوگو مَیں نے تُم سے کیا کِیا ہے؟ اور تُم کو کِس بات میں آزُردہ کِیا ہے؟ مُجھ پر ثابِت کرو۔ 4کیونکہ مَیں تُم کو مُلکِ مِصرؔ سے نِکال لایا اور غُلامی کے گھر سے فِدیہ دے کر چُھڑا لایا اور تُمہارے آگے مُوسیٰ اور ہارُونؔ اور مریمؔ کو بھیجا۔ 5اَے میرے لوگو یاد کرو کہ شاہِ موآؔب بلق نے کیا مشورَت کی اور بِلعاؔم بِن بعور نے اُسے کیا جواب دِیا اور شِتّیِم سے جِلجاؔل تک کیا کیا ہُؤا تاکہ خُداوند کی صداقت سے واقِف ہو جاؤ۔
خُداوند کیا مُطالبہ کرتا ہے
6مَیں کیا لے کر خُداوند کے حضُور آؤُں اور خُدا تعالےٰ کو کیونکر سِجدہ کرُوں؟ کیا سوختنی قُربانِیوں اور یکسالہ بچھڑوں کو لے کر اُس کے حضُور آؤُں؟ 7کیا خُداوند ہزاروں مینڈھوں سے یا تیل کی دس ہزار نہروں سے خُوش ہو گا؟ کیا مَیں اپنے پہلوٹھے کو اپنے گُناہ کے عِوض میں اور اپنی اَولاد کو اپنی جان کی خطا کے بدلہ میں دے دُوں؟ 8اَے اِنسان اُس نے تُجھ پر نیکی ظاہِر کر دی ہے۔ خُداوند تُجھ سے اِس کے سِوا کیا چاہتا ہے کہ تُو اِنصاف کرے اور رحم دِلی کو عزِیز رکھّے اور اپنے خُدا کے حضُور فروتنی سے چلے؟
9خُداوند کی آواز شہر کو پُکارتی ہے اور دانِش مند اُس کے نام کا لِحاظ رکھتا ہے۔ عصا اور اُس کے مُقرّر کرنے والے کی سُنو۔ 10کیا شرِیر کے گھر میں اب تک ناجائِز نفع کے خزانے اور ناقِص و نفرتی پَیمانے نہیں ہیں؟ 11کیا وہ دغا کی ترازُو اور جُھوٹے باٹوں کا تَھیلا رکھتا ہُؤا بے گُناہ ٹھہرے گا؟ 12کیونکہ وہاں کے دَولت مند ظُلم سے پُر ہیں اور اُس کے باشِندے جُھوٹ بولتے ہیں بلکہ اُن کے مُنہ میں دغاباز زُبان ہے۔ 13اِس لِئے مَیں تُجھے مُہلِک زخم لگاؤُں گا اور تیرے گُناہوں کے سبب سے تُجھ کو وِیران کر ڈالُوں گا۔ 14تُو کھائے گا پر آسُودہ نہ ہو گا کیونکہ تیرا پیٹ خالی رہے گا۔ تُو چِھپائے گا پر بچا نہ سکے گا اور جو کُچھ کہ تُو بچائے گا مَیں اُسے تلوار کے حوالہ کرُوں گا۔ 15تُو بوئے گا پر فصل نہ کاٹے گا۔ زَیتُون کو رَوندے گا پر تیل مَلنے نہ پائے گا۔ تُو انگُور کو کُچلے گا پر مَے نہ پِئے گا۔ 16کیونکہ عُمرؔی کے قوانِین اور اَخیاؔب کے خاندان کے اعمال کی پَیروی ہوتی ہے اور تُم اُن کی مشورَت پر چلتے ہو تاکہ مَیں تُم کو وِیران کرُوں اور اُس کے رہنے والوں کو سُسکار کا باعِث بناؤُں۔ پس تُم میرے لوگوں کی رُسوائی اُٹھاؤ گے۔
موجودہ انتخاب:
مِیکاہ 6: URD
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
Revised Urdu Holy Bible © Pakistan Bible Society, 1970, 2010.