YouVersion Logo
تلاش

احبار 15:16-34

احبار 15:16-34 URD

پِھر وہ خطا کی قُربانی کے اُس بکرے کو ذبح کرے جو جماعت کی طرف سے ہے اور اُس کے خُون کو پردہ کے اندر لا کر جو کُچھ اُس نے بچھڑے کے خُون سے کِیا تھا وُہی اِس سے بھی کرے اور اُسے سرپوش کے اُوپر اور اُس کے سامنے چِھڑکے۔ اور بنی اِسرائیل کی ساری نجاستوں اور گُناہوں اور خطاؤں کے سبب سے پاکترین مقام کے لِئے کفّارہ دے اور اَیسا ہی وہ خَیمۂِ اِجتماع کے لِئے بھی کرے جو اُن کے ساتھ اُن کی نجاستوں کے درمِیان رہتا ہے۔ اور جب وہ کفّارہ دینے کو پاکترین مقام کے اندر جائے تو جب تک وہ اپنے اور اپنے گھرانے اور بنی اِسرائیل کی ساری جماعت کے لِئے کفّارہ دے کر باہر نہ آ جائے اُس وقت تک کوئی آدمی خَیمۂِ اِجتماع کے اندر نہ رہے۔ پِھر وہ نِکل کر اُس مذبح کے پاس جو خُداوند کے حضُور ہے جائے اور اُس کے لِئے کفّارہ دے اور اُس بچھڑے اور بکرے کا تھوڑا تھوڑا سا خُون لے کر مذبح کے سِینگوں پر گِرداگِرد لگائے۔ اور کُچھ خُون اُس کے اُوپر سات بار اپنی اُنگلی سے چِھڑکے اور اُسے بنی اِسرائیل کی نجاستوں سے پاک اور مُقدّس کرے۔ اور جب وہ پاکترین مقام اور خیمۂِ اِجتماع اور مذبح کے لِئے کفّارہ دے چُکے تو اُس زِندہ بکرے کو آگے لائے۔ اور ہارُونؔ اپنے دونوں ہاتھ اُس زِندہ بکرے کے سر پر رکھ کر اُس کے اُوپر بنی اِسرائیل کی سب بدکارِیوں اور اُن کے سب گُناہوں اور خطاؤں کا اِقرار کرے اور اُن کو اُس بکرے کے سر پر دھر کر اُسے کِسی شخص کے ہاتھ جو اِس کام کے لِئے تیّار ہو بیابان میں بھجوا دے۔ اور وہ بکرا اُن کی سب بدکارِیاں اپنے اُوپر لادے ہُوئے کِسی وِیرانہ میں لے جائے گا۔ سو وہ اُس بکرے کو بیابان میں چھوڑ دے۔ پِھر ہارُونؔ خَیمۂِ اِجتماع میں آ کر کتان کے سارے لِباس کو جِسے اُس نے پاکترین مقام میں جاتے وقت پہنا تھا اُتارے اور اُس کو وہِیں رہنے دے۔ پِھر وہ اِسی پاک جگہ میں پانی سے غُسل کر کے اپنے کپڑے پہن لے اور باہر آ کر اپنی سوختنی قُربانی اور جماعت کی سوختنی قُربانی گُذرانے اور اپنے لِئے اور جماعت کے لِئے کفّارہ دے۔ اور خطا کی قُربانی کی چربی کو مذبح پر جلائے۔ اور جو آدمی بکرے کو عزازیلؔ کے لِئے چھوڑ کر آئے وہ اپنے کپڑے دھوئے اور پانی سے نہائے۔ اِس کے بعد وہ لشکر گاہ میں داخِل ہو۔ اور خطا کی قُربانی کے بچھڑے کو اور خطا کی قُربانی کے بکرے کو جِن کا خُون پاکترین مقام میں کفّارہ کے لِئے پُہنچایا جائے اُن کو وہ لشکر گاہ سے باہر لے جائیں اور اُن کی کھال اور گوشت اور فُضلات کو آگ میں جلا دیں۔ اور جو اُن کو جلائے وہ اپنے کپڑے دھوئے اور پانی سے غُسل کرے۔ اِس کے بعد وہ لشکر گاہ میں داخِل ہو۔ اور یہ تُمہارے لِئے ایک دائِمی قانُون ہو کہ ساتویں مہِینے کی دسوِیں تارِیخ کو تُم اپنی اپنی جان کو دُکھ دینا اور اُس دِن کوئی خواہ وہ دیسی ہو یا پردیسی جو تُمہارے بِیچ بُود و باش رکھتا ہو کِسی طرح کا کام نہ کرے۔ کیونکہ اُس روز تُمہارے واسطے تُم کو پاک کرنے کے لِئے کفّارہ دِیا جائے گا۔ سو تُم اپنے سب گُناہوں سے خُداوند کے حضُور پاک ٹھہرو گے۔ یہ تُمہارے لِئے خاص آرام کا سبت ہو گا۔ تُم اُس دِن اپنی اپنی جان کو دُکھ دینا۔ یہ دائِمی قانون ہے۔ اور جو اپنے باپ کی جگہ کاہِن ہونے کے لِئے مَسح اور مخصُوص کِیا جائے وہ کاہِن کفّارہ دِیا کرے یعنی کتان کے مُقدّس لِباس کو پہن کر۔ وہ مَقدِس کے لِئے کفّارہ دے اور خَیمۂِ اِجتماع اور مذبح کے لِئے کفّارہ دے اور کاہِنوں اور جماعت کے سب لوگوں کے لِئے کفّارہ دے۔ سو یہ تُمہارے لِئے ایک دائِمی قانُون ہو کہ تُم بنی اِسرائیل کے واسطے سال میں ایک دفعہ اُن کے سب گُناہوں کا کفّارہ دو۔ اور اُس نے جَیسا خُداوند نے مُوسیٰؔ کو حُکم دِیا تھا وَیسا ہی کِیا۔

پڑھیں احبار 16

سنیں احبار 16