احبار 15:16-34
احبار 15:16-34 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
”پھر وہ گُناہ کی قُربانی کے بکرے کو ذبح کرے جو اُمّت کے لیٔے ہے اَور اُس کے خُون کو پردہ کے اَندر لے جا کر اُس سے بھی وُہی کرے جو اُس نے بچھڑے کے خُون کے ساتھ کیا تھا؛ وہ اُسے کفّارہ کے سرپوش کے اُوپر اَور اُس کے سامنے چھڑک دے۔ اِس طرح وہ بنی اِسرائیل کی ساری ناپاکی، بغاوت اَور گُناہوں کے سبب سے پاک ترین مقام کے لیٔے کفّارہ دے؛ اَور اَیسا ہی وہ خیمہ اِجتماع کے لیٔے بھی کرے جو اُن کے ساتھ اُن کی ناپاکی کے درمیان رہتاہے۔ اَور جَب اَہرونؔ کفّارہ دینے کو پاک ترین مقام کے اَندر جایٔیں تو جَب تک وہ اَپنے اَور اَپنے گھرانے اَور بنی اِسرائیل کی ساری جماعت کے لیٔے کفّارہ دے کر باہر نہ آ جایٔیں اُس وقت تک کویٔی بھی شخص خیمہ اِجتماع کے اَندر مَوجُود نہ رہے۔ ”پھر وہ باہر نکل کر اُس مذبح کے پاس جائے جو یَاہوِہ کے حُضُور ہے اَور اُس کے لیٔے کفّارہ دے۔ اَور وہ اُس بچھڑے اَور اُس بکرے کا کچھ خُون لے کر مذبح کے سَب سینگوں پر لگائے۔ اَور کچھ خُون اَپنی اُنگلی سے سات بار اُس پر چھڑکے اَور اُسے بنی اِسرائیل کی ناپاکی کی حالتوں سے پاک کرے۔ ”اَور جَب اَہرونؔ پاک ترین مقام، اَور خیمہ اِجتماع اَور مذبح کے لیٔے کفّارہ دے چُکیں تو وہ زندہ بکرے کو سامنے لائیں۔ اَور اَہرونؔ اَپنے دونوں ہاتھ اُس کے سَر پر رکھ کر اُس کے اُوپر بنی اِسرائیل کی ساری بدکاریوں، نافرمانیوں اَور اُن کے تمام گُناہوں کا اقرار کریں اَور اُنہیں اُس بکرے کے سَر پر ڈال کر، اُس بکرے کو کسی مُقرّر شخص کے ذریعے بیابان میں بھیج دے۔ اَور وہ بکرا اُن کے تمام گُناہوں کو اَپنے اُوپر اُٹھاکر اُنہیں کسی ویرانہ میں لے جائے گا چنانچہ وہ شخص اُس بکرے کو بیابان میں چھوڑ دے۔ ”اِس کے بعد اَہرونؔ خیمہ اِجتماع میں جا کر کتان کے وہ کپڑے جو اُنہُوں نے پاک ترین مقام میں داخل ہونے سے پیشتر پہنے ہویٔے تھے، اُتار دیں اَور اُنہیں وہیں چھوڑ دیں۔ پھر وہ پاک مَقدِس میں پانی سے غُسل کرے اَور اَپنے عام کپڑے پہن لے۔ اَور پھر باہر آکر اَپنے لیٔے اَور اُمّت کے لیٔے سوختنی نذر پیش کرے، اَور اَپنے لیٔے اَور اُمّت کے لیٔے کفّارہ دے۔ اَور وہ گُناہ کی قُربانی کی چربی کو مذبح پر آگ میں جَلا دے۔ ”اَور وہ شخص جو اُس بکرے کو عزازیلؔ کے لیٔے چھوڑکر آئے، وہ اَپنے کپڑے ضروُر دھوئے اَور پانی سے غُسل کرے؛ اُس کے بعد ہی وہ شخص چھاؤنی میں داخل ہو سکتا ہے۔ اَور گُناہ کی قُربانیوں کے بَیل اَور بکرے کو جِن کا خُون کفّارہ دینے کے لیٔے پاک ترین مقام میں لایا گیا تھا؛ اُنہیں چھاؤنی سے باہر ضروُر لے جایا جائے اَور اُن کی کھال، گوشت اَور آنتوں وغیرہ کو آگ میں جَلا دیا جائے۔ اَور اُنہیں جَلانے والا شخص ضروُر اَپنے کپڑے دھوئے اَور پانی سے غُسل کرے۔ اِس کے بعد ہی وہ چھاؤنی میں داخل ہو سکتا ہے۔ ”اَور تمہارے لیٔے یہ ایک دائمی فرمان ہوگا: تُم ساتویں مہینے کی دسویں تاریخ کو اَپنی اَپنی جان کو دُکھ دینا اَور کویٔی بھی خواہ وہ مُلک اِسرائیل کا باشِندہ ہو یا غَیراِسرائیلی جو تمہارے درمیان رہتا ہو کسی طرح کا کام نہ کرے؛ کیونکہ اِسی دِن تُمہیں پاک کرنے کے لیٔے تمہاری خاطِر کفّارہ دیا جائے گا۔ تَب تُم یَاہوِہ کے حُضُور اَپنے تمام گُناہوں سے پاک ٹھہروگے۔ یہ تمہارے لیٔے ایک خاص آرام کا سَبت ہے لہٰذا تُم اُس دِن اَپنی اَپنی جان کو دُکھ دینا۔ یہ ایک دائمی فرمان ہے۔ اَور مُقدّس کتانی لباس پہن کر وُہی کاہِنؔ کفّارہ دے گا جو اَپنے باپ کی جگہ پر جانشین بطور اعلیٰ کاہِن ہونے کے لیٔے مَسح اَور مُقرّر کیا گیا ہو۔ اَور وہ پاک ترین مقام، خیمہ اِجتماع، مذبح، کاہِنوں اَور جماعت کے تمام لوگوں کے لیٔے کفّارہ دے گا۔ ”یہ تمہارے لیٔے ایک دائمی فرمان ہوگا کہ سال میں ایک بار بنی اِسرائیل کے تمام گُناہوں کا کفّارہ دیا جائے۔“ اَور جَیسا یَاہوِہ نے مَوشہ کو حُکم دیا تھا اُس نے وَیسا ہی کیا۔
احبار 15:16-34 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
اِس کے بعد وہ اُس بکرے کو ذبح کرے جو قوم کے لئے گناہ کی قربانی ہے۔ وہ اُس کا خون مُقدّس ترین کمرے میں لے آئے اور اُسے بَیل کے خون کی طرح عہد کے صندوق کے ڈھکنے پر اور سات بار اُس کے سامنے زمین پر چھڑکے۔ یوں وہ مُقدّس ترین کمرے کا کفارہ دے گا جو اسرائیلیوں کی ناپاکیوں اور تمام گناہوں سے متاثر ہوتا رہتا ہے۔ اِس سے وہ ملاقات کے پورے خیمے کا بھی کفارہ دے گا جو خیمہ گاہ کے درمیان ہونے کے باعث اسرائیلیوں کی ناپاکیوں سے متاثر ہوتا رہتا ہے۔ جتنا وقت ہارون اپنا، اپنے گھرانے کا اور اسرائیل کی پوری جماعت کا کفارہ دینے کے لئے مُقدّس ترین کمرے میں رہے گا اِس دوران کسی دوسرے کو ملاقات کے خیمے میں ٹھہرنے کی اجازت نہیں ہے۔ پھر وہ مُقدّس ترین کمرے سے نکل کر خیمے میں رب کے سامنے پڑی قربان گاہ کا کفارہ دے۔ وہ بَیل اور بکرے کے خون میں سے کچھ لے کر اُسے قربان گاہ کے چاروں سینگوں پر لگائے۔ کچھ خون وہ اپنی اُنگلی سے سات بار اُس پر چھڑک دے۔ یوں وہ اُسے اسرائیلیوں کی ناپاکیوں سے پاک کر کے مخصوص و مُقدّس کرے گا۔ مُقدّس ترین کمرے، ملاقات کے خیمے اور قربان گاہ کا کفارہ دینے کے بعد ہارون زندہ بکرے کو سامنے لائے۔ وہ اپنے دونوں ہاتھ اُس کے سر پر رکھے اور اسرائیلیوں کے تمام قصور یعنی اُن کے تمام جرائم اور گناہوں کا اقرار کر کے اُنہیں بکرے کے سر پر ڈال دے۔ پھر وہ اُسے ریگستان میں بھیج دے۔ اِس کے لئے وہ بکرے کو ایک آدمی کے سپرد کرے جسے یہ ذمہ داری دی گئی ہے۔ بکرا اپنے آپ پر اُن کا تمام قصور اُٹھا کر کسی ویران جگہ میں لے جائے گا۔ وہاں ساتھ والا آدمی اُسے چھوڑ آئے۔ اِس کے بعد ہارون ملاقات کے خیمے میں جائے اور کتان کے وہ کپڑے جو اُس نے مُقدّس ترین کمرے میں داخل ہونے سے پیشتر پہن لئے تھے اُتار کر وہیں چھوڑ دے۔ وہ مُقدّس جگہ پر نہا کر اپنی خدمت کے عام کپڑے پہن لے۔ پھر وہ باہر آ کر اپنے اور اپنی قوم کے لئے بھسم ہونے والی قربانی پیش کرے تاکہ اپنا اور اپنی قوم کا کفارہ دے۔ اِس کے علاوہ وہ گناہ کی قربانی کی چربی قربان گاہ پر جلا دے۔ جو آدمی عزازیل کے لئے بکرے کو ریگستان میں چھوڑ آیا ہے وہ اپنے کپڑے دھو کر نہا لے۔ اِس کے بعد وہ خیمہ گاہ میں آ سکتا ہے۔ جس بَیل اور بکرے کو گناہ کی قربانی کے لئے پیش کیا گیا اور جن کا خون کفارہ دینے کے لئے مُقدّس ترین کمرے میں لایا گیا، لازم ہے کہ اُن کی کھالیں، گوشت اور گوبر خیمہ گاہ کے باہر جلا دیا جائے۔ یہ چیزیں جلانے والا بعد میں اپنے کپڑے دھو کر نہا لے۔ پھر وہ خیمہ گاہ میں آ سکتا ہے۔ لازم ہے کہ ساتویں مہینے کے دسویں دن اسرائیلی اور اُن کے درمیان رہنے والے پردیسی اپنی جان کو دُکھ دیں اور کام نہ کریں۔ یہ اصول تمہارے لئے ابد تک قائم رہے۔ اِس دن تمہارا کفارہ دیا جائے گا تاکہ تمہیں پاک کیا جائے۔ تب تم رب کے سامنے اپنے تمام گناہوں سے پاک ٹھہرو گے۔ پورا دن آرام کرو اور اپنی جان کو دُکھ دو۔ یہ اصول ابد تک قائم رہے۔ اِس دن امامِ اعظم تمہارا کفارہ دے، وہ امام جسے اُس کے باپ کی جگہ مسح کیا گیا اور اختیار دیا گیا ہے۔ وہ کتان کے مُقدّس کپڑے پہن کر مُقدّس ترین کمرے، ملاقات کے خیمے، قربان گاہ، اماموں اور جماعت کے تمام لوگوں کا کفارہ دے۔ لازم ہے کہ سال میں ایک دفعہ اسرائیلیوں کے تمام گناہوں کا کفارہ دیا جائے۔ یہ اصول تمہارے لئے ابد تک قائم رہے۔“ سب کچھ ویسے ہی کیا گیا جیسا رب نے موسیٰ کو حکم دیا تھا۔
احبار 15:16-34 کِتابِ مُقادّس (URD)
پِھر وہ خطا کی قُربانی کے اُس بکرے کو ذبح کرے جو جماعت کی طرف سے ہے اور اُس کے خُون کو پردہ کے اندر لا کر جو کُچھ اُس نے بچھڑے کے خُون سے کِیا تھا وُہی اِس سے بھی کرے اور اُسے سرپوش کے اُوپر اور اُس کے سامنے چِھڑکے۔ اور بنی اِسرائیل کی ساری نجاستوں اور گُناہوں اور خطاؤں کے سبب سے پاکترین مقام کے لِئے کفّارہ دے اور اَیسا ہی وہ خَیمۂِ اِجتماع کے لِئے بھی کرے جو اُن کے ساتھ اُن کی نجاستوں کے درمِیان رہتا ہے۔ اور جب وہ کفّارہ دینے کو پاکترین مقام کے اندر جائے تو جب تک وہ اپنے اور اپنے گھرانے اور بنی اِسرائیل کی ساری جماعت کے لِئے کفّارہ دے کر باہر نہ آ جائے اُس وقت تک کوئی آدمی خَیمۂِ اِجتماع کے اندر نہ رہے۔ پِھر وہ نِکل کر اُس مذبح کے پاس جو خُداوند کے حضُور ہے جائے اور اُس کے لِئے کفّارہ دے اور اُس بچھڑے اور بکرے کا تھوڑا تھوڑا سا خُون لے کر مذبح کے سِینگوں پر گِرداگِرد لگائے۔ اور کُچھ خُون اُس کے اُوپر سات بار اپنی اُنگلی سے چِھڑکے اور اُسے بنی اِسرائیل کی نجاستوں سے پاک اور مُقدّس کرے۔ اور جب وہ پاکترین مقام اور خیمۂِ اِجتماع اور مذبح کے لِئے کفّارہ دے چُکے تو اُس زِندہ بکرے کو آگے لائے۔ اور ہارُونؔ اپنے دونوں ہاتھ اُس زِندہ بکرے کے سر پر رکھ کر اُس کے اُوپر بنی اِسرائیل کی سب بدکارِیوں اور اُن کے سب گُناہوں اور خطاؤں کا اِقرار کرے اور اُن کو اُس بکرے کے سر پر دھر کر اُسے کِسی شخص کے ہاتھ جو اِس کام کے لِئے تیّار ہو بیابان میں بھجوا دے۔ اور وہ بکرا اُن کی سب بدکارِیاں اپنے اُوپر لادے ہُوئے کِسی وِیرانہ میں لے جائے گا۔ سو وہ اُس بکرے کو بیابان میں چھوڑ دے۔ پِھر ہارُونؔ خَیمۂِ اِجتماع میں آ کر کتان کے سارے لِباس کو جِسے اُس نے پاکترین مقام میں جاتے وقت پہنا تھا اُتارے اور اُس کو وہِیں رہنے دے۔ پِھر وہ اِسی پاک جگہ میں پانی سے غُسل کر کے اپنے کپڑے پہن لے اور باہر آ کر اپنی سوختنی قُربانی اور جماعت کی سوختنی قُربانی گُذرانے اور اپنے لِئے اور جماعت کے لِئے کفّارہ دے۔ اور خطا کی قُربانی کی چربی کو مذبح پر جلائے۔ اور جو آدمی بکرے کو عزازیلؔ کے لِئے چھوڑ کر آئے وہ اپنے کپڑے دھوئے اور پانی سے نہائے۔ اِس کے بعد وہ لشکر گاہ میں داخِل ہو۔ اور خطا کی قُربانی کے بچھڑے کو اور خطا کی قُربانی کے بکرے کو جِن کا خُون پاکترین مقام میں کفّارہ کے لِئے پُہنچایا جائے اُن کو وہ لشکر گاہ سے باہر لے جائیں اور اُن کی کھال اور گوشت اور فُضلات کو آگ میں جلا دیں۔ اور جو اُن کو جلائے وہ اپنے کپڑے دھوئے اور پانی سے غُسل کرے۔ اِس کے بعد وہ لشکر گاہ میں داخِل ہو۔ اور یہ تُمہارے لِئے ایک دائِمی قانُون ہو کہ ساتویں مہِینے کی دسوِیں تارِیخ کو تُم اپنی اپنی جان کو دُکھ دینا اور اُس دِن کوئی خواہ وہ دیسی ہو یا پردیسی جو تُمہارے بِیچ بُود و باش رکھتا ہو کِسی طرح کا کام نہ کرے۔ کیونکہ اُس روز تُمہارے واسطے تُم کو پاک کرنے کے لِئے کفّارہ دِیا جائے گا۔ سو تُم اپنے سب گُناہوں سے خُداوند کے حضُور پاک ٹھہرو گے۔ یہ تُمہارے لِئے خاص آرام کا سبت ہو گا۔ تُم اُس دِن اپنی اپنی جان کو دُکھ دینا۔ یہ دائِمی قانون ہے۔ اور جو اپنے باپ کی جگہ کاہِن ہونے کے لِئے مَسح اور مخصُوص کِیا جائے وہ کاہِن کفّارہ دِیا کرے یعنی کتان کے مُقدّس لِباس کو پہن کر۔ وہ مَقدِس کے لِئے کفّارہ دے اور خَیمۂِ اِجتماع اور مذبح کے لِئے کفّارہ دے اور کاہِنوں اور جماعت کے سب لوگوں کے لِئے کفّارہ دے۔ سو یہ تُمہارے لِئے ایک دائِمی قانُون ہو کہ تُم بنی اِسرائیل کے واسطے سال میں ایک دفعہ اُن کے سب گُناہوں کا کفّارہ دو۔ اور اُس نے جَیسا خُداوند نے مُوسیٰؔ کو حُکم دِیا تھا وَیسا ہی کِیا۔