اِس کے بعد یشُوع نے اِسرائیلؔ کے سب قبِیلوں کو سِکم میں جمع کِیا اور اِسرائیلؔ کے بزُرگوں اور سرداروں اور قاضِیوں اور منصبداروں کو بُلوایا اور وہ خُدا کے حضُور حاضِر ہُوئے۔ تب یشُوع نے اُن سب لوگوں سے کہا کہ خُداوند اِسرائیلؔ کا خُدا یُوں فرماتا ہے کہ تُمہارے آبا یعنی ابرہامؔ اور نحُور کا باپ تارح وغیرہ قدِیم زمانہ میں بڑے دریا کے پار رہتے اور دُوسرے معبُودوں کی پرستِش کرتے تھے۔ اور مَیں نے تُمہارے باپ ابرہامؔ کو بڑے دریا کے پار سے لے کر کنعاؔن کے سارے مُلک میں اُس کی رہبری کی اور اُس کی نسل کو بڑھایا اور اُسے اِضحاق عِنایت کِیا۔ اور مَیں نے اِضحاقؔ کو یعقُوب اور عیسو بخشے اور عیسو کو کوہِ شعِیر دِیا کہ وہ اُس کا مالِک ہو اور یعقُوب اپنی اَولاد سمیت مِصرؔ میں گیا۔ اور مَیں نے مُوسیٰ اور ہارُونؔ کو بھیجا اور مِصرؔ پر جو جو مَیں نے اُس میں کِیا اُس کے مُطابِق میری مار پڑی اور اُس کے بعد مَیں تُم کو نِکال لایا۔ تُمہارے باپ دادا کو مَیں نے مِصرؔ سے نِکالا اور تُم سمُندر پر آئے۔ تب مِصریوں نے رتھوں اور سواروں کو لے کر بحرِ قُلزؔم تک تُمہارے باپ دادا کا پِیچھا کِیا۔ اور جب اُنہوں نے خُداوند سے فریاد کی تو اُس نے تُمہارے اور مِصریوں کے درمِیان اندھیرا کر دِیا اور سمُندر کو اُن پر چڑھا لایا اور اُن کو چِھپا دِیا اور تُم نے جو کُچھ مَیں نے مِصرؔ میں کِیا اپنی آنکھوں سے دیکھا اور تُم بُہت دِنوں تک بیابان میں رہے۔ پِھر مَیں تُم کو امورِیوں کے مُلک میں جو یَردؔن کے اُس پار رہتے تھے لے آیا۔ وہ تُم سے لڑے اور مَیں نے اُن کو تُمہارے ہاتھ میں کر دِیا اور تُم نے اُن کے مُلک پر قبضہ کر لِیا اور مَیں نے اُن کو تُمہارے آگے سے ہلاک کِیا۔ پِھر صفور کا بیٹا بلق موآب کا بادشاہ اُٹھ کر اِسرائیلِیوں سے لڑا اور تُم پر لَعنت کرنے کو بعور کے بیٹے بلعاؔم کو بُلوا بھیجا۔ پر مَیں نے نہ چاہا کہ بلعاؔم کی سُنوں۔ اِس لِئے وہ تُم کو برکت ہی دیتا گیا۔ سو مَیں نے تُم کو اُس کے ہاتھ سے چُھڑایا۔ پِھر تُم یَردن پار ہو کر یرِیحُو کو آئے اور یرِیحُو کے لوگ یعنی اموری اور فرزّی اور کنعانی اور حتّی اور جِرجاسی اور حوّی اور یبُوسی تُم سے لڑے اور مَیں نے اُن کو تُمہارے ہاتھ میں کر دِیا۔ اور مَیں نے تُمہارے آگے زنبُوروں کو بھیجا جِنہوں نے دونوں اموری بادشاہوں کو تُمہارے سامنے سے بھگا دِیا۔ یہ نہ تُمہاری تلوار اور نہ تُمہاری کمان سے ہُؤا۔ اور مَیں نے تُم کو وہ مُلک جِس پر تُم نے مِحنت نہ کی اور وہ شہر جِن کو تُم نے بنایا نہ تھا عِنایت کِئے اور تُم اُن میں بسے ہو اور تُم اَیسے تاکِستانوں اور زَیتُون کے باغوں کا پَھل کھاتے ہو جِن کو تُم نے نہیں لگایا۔
پڑھیں یشُوع 24
سنیں یشُوع 24
دوسروں تک پہنچائیں
مختلف ترجموں سے موازنہ: یشُوع 1:24-13
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos