YouVersion Logo
تلاش

ایُّوب 1:40-14

ایُّوب 1:40-14 URD

خُداوند نے ایُّوب سے یہ بھی کہا:- کیا جو فضُول حُجّت کرتا ہے وہ قادرِ مُطلق سے جھگڑا کرے؟ جو خُدا سے بحث کرتا ہے وہ اِس کا جواب دے۔ تب ایُّوب نے خُداوند کو جواب دِیا:- دیکھ! مَیں ناچِیز ہُوں۔ مَیں تُجھے کیا جواب دُوں؟ مَیں اپنا ہاتھ اپنے مُنہ پر رکھتا ہُوں۔ اب جواب نہ دُوں گا۔ ایک بار مَیں بول چُکا بلکہ دو بار۔ پر اب آگے نہ بڑھُوں گا۔ تب خُداوند نے ایُّوب کو بگولے میں سے جواب دِیا:- مَرد کی مانِند اب اپنی کمر کس لے۔ مَیں تُجھ سے سوال کرتا ہُوں اور تُو مُجھے بتا۔ کیا تُو میرے اِنصاف کو بھی باطِل ٹھہرائے گا؟ کیا تُو مُجھے مُجرِم ٹھہرائے گا تاکہ خود راست ٹھہرے؟ یا کیا تیرا بازُو خُدا کا سا ہے؟ اور کیا تُو اُس کی سی آواز سے گرج سکتا ہے؟ اب اپنے کو شان و شَوکت سے آراستہ کر اور عِزّت و جلال سے مُلبّس ہو جا۔ اپنے قہر کے سَیلابوں کو بہا دے اور ہر مغرُور کو دیکھ اور ذلِیل کر۔ ہر مغرُور کو دیکھ اور اُسے نِیچا کر اور شرِیروں کو جہاں کھڑے ہوں پامال کر دے۔ اُن کو اِکٹّھا مِٹّی میں چِھپا دے اور اُس پوشِیدہ مقام میں اُن کے مُنہ باندھ دے۔ تب مَیں بھی تیرے بارے میں مان لُوں گا کہ تیرا ہی دہنا ہاتھ تُجھے بچا سکتا ہے۔

پڑھیں ایُّوب 40

سنیں ایُّوب 40