مَیں نے اپنی آنکھوں سے عہد کِیا ہے۔ پِھر مَیں کِسی کُنواری پر کیونکر نظر کرُوں؟ کیونکہ اُوپر سے خُدا کی طرف سے کیا بخرہ ہے اور عالمِ بالا سے قادرِ مُطلق کی طرف سے کیا مِیراث ہے؟ کیا وہ ناراستوں کے لِئے آفت اور بدکرداروں کے لِئے تباہی نہیں ہے؟ کیا وہ میری راہوں کو نہیں دیکھتا اور میرے سب قدموں کو نہیں گِنتا؟ اگر مَیں بطالت سے چلا ہُوں اور میرے پاؤں نے دغا کے لِئے جلدی کی ہے (تو مَیں ٹِھیک ترازُو میں تولا جاؤُں تاکہ خُدا میری راستی کو جان لے)۔ اگر میرا قدم راستہ سے برگشتہ ہُؤا ہے اور میرے دِل نے میری آنکھوں کی پَیروی کی ہے اور اگر میرے ہاتھوں پر داغ لگا ہے تو مَیں بوؤں اور دُوسرا کھائے اور میرے کھیت کی پَیداوار اُکھاڑ دی جائے۔ اگر میرا دِل کِسی عَورت پر فریفتہ ہُؤا اور مَیں اپنے پڑوسی کے دروازہ پر گھات میں بَیٹھا تو میری بِیوی دُوسرے کے لِئے پِیسے اور غَیر مَرد اُس پر جُھکیں۔ کیونکہ یہ نِہایت بُرا جُرم ہوتا بلکہ اَیسی بدی ہوتی جِس کی سزا قاضی دیتے ہیں۔ کیونکہ وہ اَیسی آگ ہے جو جلا کر بھسم کر دیتی ہے اور میرے سارے حاصِل کو جڑ سے نیست کر ڈالتی ہے۔ اگر مَیں نے اپنے خادِم یا اپنی خادِمہ کا حق مارا ہو جب اُنہوں نے مُجھ سے جھگڑا کِیا تو جب خُدا اُٹھے گا تب مَیں کیا کرُوں گا؟ اور جب وہ آئے گا تو مَیں اُسے کیا جواب دُوں گا؟ کیا وُہی اُس کا بنانے والا نہیں جِس نے مُجھے بطن میں بنایا؟ اور کیا ایک ہی نے ہماری صُورت رَحِم میں نہیں بنائی؟ اگر مَیں نے مُحتاج سے اُس کی مُراد روک رکھّی یا اَیسا کِیا کہ بیوہ کی آنکھیں رہ گئِیں۔ یا اپنا نوالہ اکیلے ہی کھایا ہو اور یتِیم اُس میں سے کھانے نہ پایا۔ (نہیں۔ بلکہ میرے لڑکپن سے وہ میرے ساتھ اَیسے پلا جَیسے باپ کے ساتھ اور مَیں اپنی ماں کے بطن ہی سے بیوہ کا رہنُما رہا ہُوں)۔ اگر مَیں نے دیکھا کہ کوئی بے کپڑے مَرتا ہے یا کِسی مُحتاج کے پاس اوڑھنے کو نہیں۔ اگر اُس کی کمر نے مُجھ کو دُعا نہ دی ہو اور اگر وہ میری بھیڑوں کی اُون سے گرم نہ ہُؤا ہو۔ اگر مَیں نے کِسی یتِیم پر ہاتھ اُٹھایا ہو کیونکہ پھاٹک پر مُجھے اپنی کُمک دِکھائی دی تو میرا کندھا میرے شانہ سے اُتر جائے اور میرے بازُو کی ہڈّی ٹُوٹ جائے کیونکہ مُجھے خُدا کی طرف سے آفت کا خَوف تھا اور اُس کی بزُرگی کی وجہ سے مَیں کُچھ نہ کر سکا۔ اگر مَیں نے سونے پر بھروسا کِیا ہو اور چوکھے سونے سے کہا میرا اِعتماد تُجھ پر ہے۔ اگر مَیں اِس لِئے کہ میری دولت فراوان تھی اور میرے ہاتھ نے بُہت کُچھ حاصِل کر لِیا تھا نازان ہُؤا۔ اگر مَیں نے سُورج پر جب وہ چمکتا ہے نظر کی ہو یا چاند پر جب وہ آب و تاب میں چلتا ہے اور میرا دِل خُفیتہً فریفتہ ہو گیا ہو اور میرے مُنہ نے میرے ہاتھ کو چُوم لِیا ہو تو یہ بھی اَیسی بدی ہے جِس کی سزا قاضی دیتے ہیں کیونکہ یُوں مَیں نے خُدا کا جو عالمِ بالا پر ہے اِنکار کِیا ہوتا۔ اگر مَیں اپنے نفرت کرنے والے کی ہلاکت سے خُوش ہُؤا یا جب اُس پر آفت آئی تو شادمان ہُؤا۔ (ہاں مَیں نے تو اپنے مُنہ کو اِتنا گُناہ بھی نہ کرنے دِیا کہ لَعنت بھیج کر اُس کی مَوت کے لِئے دُعا کرتا)۔ اگر میرے خَیمہ کے لوگوں نے یہ نہ کہا ہو اَیسا کَون ہے جو اُس کے ہاں گوشت سے سیر نہ ہُؤا؟ پردیسی کو گلی کُوچوں میں ٹِکنا نہ پڑا بلکہ مَیں مُسافِر کے لِئے اپنے دروازے کھول دیتا تھا۔ اگر آدؔم کی طرح اپنی بدی اپنے سِینہ میں چِھپا کر مَیں نے اپنی تقصِیروں پر پردہ ڈالا ہو اِس سبب سے کہ مُجھے عوامُ النّاس کا خَوف تھا اور مَیں خاندانوں کی حقارت سے ڈر گیا۔ یہاں تک کہ مَیں خاموش ہو گیا اور دروازہ سے باہر نہ نِکلا۔ کاش کہ کوئی میری سُننے والا ہوتا! (یہ لو میرا دستخط۔ قادرِ مُطلق مُجھے جواب دے)۔ کاش کہ میرے مُخالِف کے دعویٰ کی تحرِیر ہوتی!
پڑھیں ایُّوب 31
سنیں ایُّوب 31
دوسروں تک پہنچائیں
مختلف ترجموں سے موازنہ: ایُّوب 1:31-35
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos