لیکن حِکمت کہاں مِلے گی؟ اور خِرد کی جگہ کہاں ہے؟ نہ اِنسان اُس کی قدر جانتا ہے نہ وہ زِندوں کی سرزمِین میں مِلتی ہے۔ گہراؤ کہتا ہے وہ مُجھ میں نہیں ہے۔ سمُندر کہتا ہے وہ میرے پاس نہیں۔ نہ وہ سونے کے بدلے مِل سکتی ہے نہ چاندی اُس کی قِیمت کے لِئے تُلے گی نہ اوفِیر کا سونا اُس کا مول ہو سکتا ہے اور نہ قِیمتی سُلیمانی پتّھر یا نِیلم۔ نہ سونا اور کانچ اُس کی برابری کر سکتے ہیں نہ چوکھے سونے کے زیور اُس کا بدل ٹھہریں گے۔ مونگے اور بِلّور کا نام بھی نہیں لِیا جائے گا بلکہ حِکمت کی قِیمت مرجان سے بڑھ کر ہے۔ نہ کُوؔش کا پُکھراج اُس کے برابر ٹھہرے گا نہ چوکھا سونا اُس کا مول ہو گا۔ پِھر حِکمت کہاں سے آتی ہے؟ اور خِرد کی جگہ کہاں ہے؟ جِس حال کہ وہ سب زِندوں کی آنکھوں سے چِھپی ہے اور ہوا کے پرِندوں سے پوشِیدہ رکھّی گئی ہے۔ ہلاکت اور مَوت کہتی ہیں ہم نے اپنے کانوں سے اُس کی افواہ تو سُنی ہے۔ خُدا اُس کی راہ کو جانتا ہے اور اُس کی جگہ سے واقِف ہے۔ کیونکہ وہ زمِین کی اِنتِہا تک نظر کرتا ہے اور سارے آسمان کے نِیچے دیکھتا ہے تاکہ وہ ہوا کا وزن ٹھہرائے بلکہ وہ پانی کو پَیمانہ سے ناپتا ہے۔ جب اُس نے بارِش کے لِئے قانُون اور رَعد کی برق کے لِئے راستہ ٹھہرایا تب ہی اُس نے اُسے دیکھا اور اُس کا بیان کِیا۔ اُس نے اُسے قائِم کِیا بلکہ اُسے ڈھُونڈ نِکالا اور اُس نے اِنسان سے کہا دیکھ خُداوند کا خَوف ہی حِکمت ہے اور بدی سے دُور رہنا خِرد ہے۔
پڑھیں ایُّوب 28
سنیں ایُّوب 28
دوسروں تک پہنچائیں
مختلف ترجموں سے موازنہ: ایُّوب 12:28-28
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos