یرمِیاہ 35
35
یرمِیاہ اور ریکابی
1وہ کلام جو شاہِ یہُوداؔہ یہویقِیم بِن یوسیاؔہ کے ایّام میں خُداوند کی طرف سے یَرمِیاؔہ پر نازِل ہُؤا۔ 2کہ تُو ریکابِیوں کے گھر جا اور اُن سے کلام کر اور اُن کو خُداوند کے گھر کی ایک کوٹھری میں لا کر مَے پِلا۔ 3تب مَیں نے یازنیاؔہ بِن یَرمِیاؔہ بِن حبصِنیاؔہ اور اُس کے بھائِیوں اور اُس کے سب بیٹوں اور ریکابِیوں کے تمام گھرانے کو ساتھ لِیا۔ 4اور مَیں اُن کو خُداوند کے گھر میں بنی حنان بِن یِجدؔلیاہ مردِ خُدا کی کوٹھری میں لایا جو اُمرا کی کوٹھری کے نزدِیک معسیاؔہ بِن سلُوؔم دربان کی کوٹھری کے اُوپر تھی۔ 5اور مَیں نے مَے سے لبریز پِیالے اور جام ریکابِیوں کے گھرانے کے بیٹوں کے آگے رکھّے اور اُن سے کہا مَے پِیو۔
6پر اُنہوں نے کہا ہم مَے نہ پِئیں گے کیونکہ ہمارے باپ یُوناداؔب بِن ریکاؔب نے ہم کو یُوں حُکم دِیا کہ تُم ہرگِز مَے نہ پِینا۔ نہ تُم نہ تُمہارے بیٹے۔ 7اور نہ گھر بنانا اور نہ بِیج بونا نہ تاکِستان لگانا نہ اُن کے مالِک ہونا بلکہ عُمر بھر خَیموں میں رہنا تاکہ جِس سرزمِین میں تُم مُسافِر ہو تُمہاری عُمر دراز ہو۔ 8چُنانچہ ہم نے اپنے باپ یُوناداؔب بِن ریکاؔب کی بات مانی۔ اُس کے حُکم کے مُطابِق ہم اور ہماری بِیویاں اور ہمارے بیٹے بیٹِیاں کبھی مَے نہیں پِیتے۔ 9اور ہم نہ رہنے کے لِئے گھر بناتے اور نہ تاکِستان اور کھیت اور بِیج رکھتے ہیں۔ 10پر ہم خَیموں میں بسے ہیں اور ہم نے فرمانبرداری کی اور جو کُچھ ہمارے باپ یُوناداؔب نے ہم کو حُکم دِیا ہم نے اُس پر عمل کِیا ہے۔ 11لیکن یُوں ہُؤا کہ جب شاہِ بابل نبُوکدؔرضر اِس مُلک پر چڑھ آیا تو ہم نے کہا کہ آؤ ہم کسدیوں اور ارامیوں کی فَوج کے ڈر سے یروشلیِم کو چلے جائیں۔ یُوں ہم یروشلیِم میں بستے ہیں۔
12تب خُداوند کا کلام یَرمِیاؔہ پر نازِل ہُؤا۔ 13کہ ربُّ الافواج اِسرائیل کا خُدا یُوں فرماتا ہے کہ جا اور یہُوداؔہ کے آدمِیوں اور یروشلیِم کے باشِندوں سے یُوں کہہ کہ کیا تُم تربِیّت پذِیر نہ ہو گے کہ میری باتیں سُنو خُداوند فرماتا ہے؟ 14جو باتیں یُوناداؔب بِن ریکاؔب نے اپنے بیٹوں کو فرمائِیں کہ مَے نہ پِیو وہ بجا لائے اور آج تک مَے نہیں پِیتے بلکہ اُنہوں نے اپنے باپ کے حُکم کو مانا لیکن مَیں نے تُم سے کلام کِیا اور بر وقت تُم کو فرمایا اور تُم نے میری نہ سُنی۔ 15اور مَیں نے اپنے تمام خِدمت گُذار نبِیوں کو تُمہارے پاس بھیجا اور اُن کو بر وقت یہ کہتے ہُوئے بھیجا کہ تُم ہر ایک اپنی بُری راہ سے باز آؤ اور اپنے اعمال کو درُست کرو اور غَیر معبُودوں کی پَیروی اور عِبادت نہ کرو اور جو مُلک مَیں نے تُم کو اور تُمہارے باپ دادا کو دِیا ہے تُم اُس میں بسو گے لیکن تُم نے نہ کان لگایا نہ میری سُنی۔ 16اِس سبب سے کہ یُوناداؔب بِن ریکاؔب کے بیٹے اپنے باپ کے حُکم کو جو اُس نے اُن کو دِیا تھا بجا لائے پر اِن لوگوں نے میری نہ سُنی۔ 17اِس لِئے خُداوند ربُّ الافواج اِسرائیل کا خُدا یُوں فرماتا ہے دیکھ مَیں یہُوداؔہ پر اور یروشلیِم کے تمام باشِندوں پر وہ سب مُصِیبت جِس کا مَیں نے اُن کے خِلاف اِعلان کِیا ہے لاؤُں گا کیونکہ مَیں نے اُن سے کلام کِیا پر وہ شِنوا نہ ہُوئے اور مَیں نے اُن کو بُلایا پر اُنہوں نے جواب نہ دِیا۔
18اور یَرمِیاؔہ نے ریکابِیوں کے گھرانے سے کہا کہ ربُّ الافواج اِسرائیل کا خُدا یُوں فرماتا ہے کہ چُونکہ تُم نے اپنے باپ یُوناداؔب کے حُکم کو مانا اور اُس کی سب وصِیّتوں پر عمل کِیا ہے اور جو کُچھ اُس نے تُم کو فرمایا تُم بجا لائے۔ 19اِس لِئے ربُّ الافواج اِسرائیل کا خُدا یُوں فرماتا ہے کہ یُوناداؔب بِن ریکاؔب کے لِئے میرے حضُور میں کھڑے ہونے کو کبھی آدمی کی کمی نہ ہو گی۔
موجودہ انتخاب:
یرمِیاہ 35: URD
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
Revised Urdu Holy Bible © Pakistan Bible Society, 1970, 2010.