YouVersion Logo
تلاش

یرمِیاہ 12:30-24

یرمِیاہ 12:30-24 URD

کیونکہ خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ تیری خستگی لاعِلاج اور تیرا زخم سخت درد ناک ہے۔ تیرا حِمایتی کوئی نہیں جو تیری مرہم پٹّی کرے۔ تیرے پاس کوئی شِفا بخش دوا نہیں۔ تیرے سب چاہنے والے تُجھے بُھول گئے۔ وہ تیرے طالِب نہیں ہیں۔ فی الحقِیقت مَیں نے تُجھے دُشمن کی مانِند گھایل کِیا اور سنگ دِل کی طرح تادِیب کی اِس لِئے کہ تیری بدکرداری بڑھ گئی اور تیرے گُناہ زِیادہ ہو گئے۔ تُو اپنی خستگی کے سبب سے کیوں چِلاّتی ہے؟ تیرا درد لاعِلاج ہے۔ اِس لِئے کہ تیری بدکرداری نِہایت بڑھ گئی اور تیرے گُناہ زِیادہ ہو گئے مَیں نے تُجھ سے اَیسا کِیا۔ تَو بھی وہ سب جو تُجھے نِگلتے ہیں نِگلے جائیں گے اور تیرے سب دُشمن اَسِیری میں جائیں گے اور جو تُجھے غارت کرتے ہیں خُود غارت ہوں گے اور مَیں اُن سب کو جو تُجھے لُوٹتے ہیں لُٹا دُوں گا۔ کیونکہ مَیں پِھر تُجھے تندرُستی اور تیرے زخموں سے شِفا بخشُوں گا۔ خُداوند فرماتا ہے کیونکہ اُنہوں نے تیرا نام مردُودہ رکھّا کہ یہ صِیُّون ہے جِسے کوئی نہیں پُوچھتا۔ خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ دیکھ مَیں یعقُوبؔ کے خَیموں کی اَسِیری کو مَوقُوف کراؤُں گا اور اُس کے مسکنوں پر رحمت کرُوں گا اور شہر اپنے ہی پہاڑ پر بنایا جائے گا اور قصر اپنے ہی مقام پر آباد ہو جائے گا۔ اور اُن میں سے شُکرگُذاری اور خُوشی کرنے والوں کی آواز آئے گی اور مَیں اُن کو افزایش بخشُوں گا اور وہ تھوڑے نہ ہوں گے۔ مَیں اُن کو شَوکت بخشُوں گا اور وہ حقِیر نہ ہوں گے۔ اور اُن کی اَولاد اَیسی ہو گی جَیسی پہلے تھی اور اُن کی جماعت میرے حضُور میں قائِم ہو گی اور مَیں اُن سب کو جو اُن پر ظُلم کریں سزا دُوں گا۔ اور اُن کا حاکِم اُن ہی میں سے ہو گا اور اُن کا فرمانروا اُن ہی کے درمِیان سے پَیدا ہو گا اور مَیں اُسے قُربت بخشُوں گا اور وہ میرے نزدِیک آئے گا کیونکہ کَون ہے جِس نے یہ جُرأت کی ہو کہ میرے پاس آئے؟ خُداوند فرماتا ہے۔ اور تُم میرے لوگ ہو گے اور مَیں تُمہارا خُدا ہُوں گا۔ دیکھ خُداوند کے قہرِ شدِید کی آندھی چلتی ہے۔ یہ تیز طُوفان شرِیروں کے سر پر ٹُوٹ پڑے گا۔ جب تک یہ سب کُچھ نہ ہو لے اور خُداوند اپنے دِل کے مقصد پُورے نہ کر لے اُس کا قہرِ شدِید مَوقُوف نہ ہو گا۔ تُم آخِری دِنوں میں اِسے سمجھو گے۔

اس یرمِیاہ 12:30-24 کے مطابق مفت مطالعاتی منصوبے اور عقیدت بھرے پیغام