YouVersion Logo
تلاش

یرمیاہ 12:30-24

یرمیاہ 12:30-24 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

کیونکہ رب فرماتا ہے، ’تیرا زخم لاعلاج ہے، تیری چوٹ بھر ہی نہیں سکتی۔ کوئی نہیں ہے جو تیرے پھوڑ کی تحقیق کرے، تیری چوٹ بھر ہی نہیں سکتی۔ تیرے تمام عاشق تجھے بھول گئے ہیں اور تیری پروا ہی نہیں کرتے۔ تیرا قصور بہت سنگین ہے، تجھ سے بےشمار گناہ سرزد ہوئے ہیں۔ اِسی لئے مَیں نے تجھے دشمن کی طرح مارا، ظالم کی طرح تنبیہ دی ہے۔ اب جب چوٹ لگ گئی ہے اور لاعلاج درد محسوس ہو رہا ہے تو تُو مدد کے لئے کیوں چیختا ہے؟ یہ مَیں ہی نے تیرے سنگین قصور اور متعدد گناہوں کی وجہ سے تیرے ساتھ کیا ہے۔ لیکن جو تجھے ہڑپ کریں اُنہیں بھی ہڑپ کیا جائے گا۔ تیرے تمام دشمن جلاوطن ہو جائیں گے۔ جنہوں نے تجھے لُوٹ لیا اُنہیں بھی لُوٹا جائے گا، جنہوں نے تجھے غارت کیا اُنہیں بھی غارت کیا جائے گا۔‘ کیونکہ رب فرماتا ہے، ’مَیں تیرے زخموں کو بھر کر تجھے شفا دوں گا، کیونکہ لوگوں نے تجھے مردود قرار دے کر کہا ہے کہ صیون کو دیکھو جس کی فکر کوئی نہیں کرتا۔‘ رب فرماتا ہے، ’دیکھو، مَیں یعقوب کے خیموں کی بدنصیبی ختم کروں گا، مَیں اسرائیل کے گھروں پر ترس کھاؤں گا۔ تب یروشلم کو کھنڈرات پر نئے سرے سے تعمیر کیا جائے گا، اور محل کو دوبارہ اُس کی پرانی جگہ پر کھڑا کیا جائے گا۔ اُس وقت وہاں شکرگزاری کے گیت اور خوشی منانے والوں کی آوازیں بلند ہو جائیں گی۔ اور مَیں دھیان دوں گا کہ اُن کی تعداد کم نہ ہو جائے بلکہ مزید بڑھ جائے۔ اُنہیں حقیر نہیں سمجھا جائے گا بلکہ مَیں اُن کی عزت بہت بڑھا دوں گا۔ اُن کے بچے قدیم زمانے کی طرح محفوظ زندگی گزاریں گے، اور اُن کی جماعت مضبوطی سے میرے حضور قائم رہے گی۔ لیکن جتنوں نے اُن پر ظلم کیا ہے اُنہیں مَیں سزا دوں گا۔ اُن کا حکمران اُن کا اپنا ہم وطن ہو گا، وہ دوبارہ اُن میں سے اُٹھ کر تخت نشین ہو جائے گا۔ مَیں خود اُسے اپنے قریب لاؤں گا تو وہ میرے قریب آئے گا۔‘ کیونکہ رب فرماتا ہے، ’صرف وہی اپنی جان خطرے میں ڈال کر میرے قریب آنے کی جرأت کر سکتا ہے جسے مَیں خود اپنے قریب لایا ہوں۔ اُس وقت تم میری قوم ہو گے اور مَیں تمہارا خدا ہوں گا‘۔“ دیکھو، رب کا غضب زبردست آندھی کی طرح نازل ہو رہا ہے۔ تیز بگولے کے جھونکے بےدینوں کے سروں پر اُتر رہے ہیں۔ اور رب کا شدید قہر اُس وقت تک ٹھنڈا نہیں ہو گا جب تک اُس نے اپنے دل کے منصوبوں کو تکمیل تک نہیں پہنچایا۔ آنے والے دنوں میں تمہیں اِس کی صاف سمجھ آئے گی۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں یرمیاہ 30

یرمیاہ 12:30-24 کِتابِ مُقادّس (URD)

کیونکہ خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ تیری خستگی لاعِلاج اور تیرا زخم سخت درد ناک ہے۔ تیرا حِمایتی کوئی نہیں جو تیری مرہم پٹّی کرے۔ تیرے پاس کوئی شِفا بخش دوا نہیں۔ تیرے سب چاہنے والے تُجھے بُھول گئے۔ وہ تیرے طالِب نہیں ہیں۔ فی الحقِیقت مَیں نے تُجھے دُشمن کی مانِند گھایل کِیا اور سنگ دِل کی طرح تادِیب کی اِس لِئے کہ تیری بدکرداری بڑھ گئی اور تیرے گُناہ زِیادہ ہو گئے۔ تُو اپنی خستگی کے سبب سے کیوں چِلاّتی ہے؟ تیرا درد لاعِلاج ہے۔ اِس لِئے کہ تیری بدکرداری نِہایت بڑھ گئی اور تیرے گُناہ زِیادہ ہو گئے مَیں نے تُجھ سے اَیسا کِیا۔ تَو بھی وہ سب جو تُجھے نِگلتے ہیں نِگلے جائیں گے اور تیرے سب دُشمن اَسِیری میں جائیں گے اور جو تُجھے غارت کرتے ہیں خُود غارت ہوں گے اور مَیں اُن سب کو جو تُجھے لُوٹتے ہیں لُٹا دُوں گا۔ کیونکہ مَیں پِھر تُجھے تندرُستی اور تیرے زخموں سے شِفا بخشُوں گا۔ خُداوند فرماتا ہے کیونکہ اُنہوں نے تیرا نام مردُودہ رکھّا کہ یہ صِیُّون ہے جِسے کوئی نہیں پُوچھتا۔ خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ دیکھ مَیں یعقُوبؔ کے خَیموں کی اَسِیری کو مَوقُوف کراؤُں گا اور اُس کے مسکنوں پر رحمت کرُوں گا اور شہر اپنے ہی پہاڑ پر بنایا جائے گا اور قصر اپنے ہی مقام پر آباد ہو جائے گا۔ اور اُن میں سے شُکرگُذاری اور خُوشی کرنے والوں کی آواز آئے گی اور مَیں اُن کو افزایش بخشُوں گا اور وہ تھوڑے نہ ہوں گے۔ مَیں اُن کو شَوکت بخشُوں گا اور وہ حقِیر نہ ہوں گے۔ اور اُن کی اَولاد اَیسی ہو گی جَیسی پہلے تھی اور اُن کی جماعت میرے حضُور میں قائِم ہو گی اور مَیں اُن سب کو جو اُن پر ظُلم کریں سزا دُوں گا۔ اور اُن کا حاکِم اُن ہی میں سے ہو گا اور اُن کا فرمانروا اُن ہی کے درمِیان سے پَیدا ہو گا اور مَیں اُسے قُربت بخشُوں گا اور وہ میرے نزدِیک آئے گا کیونکہ کَون ہے جِس نے یہ جُرأت کی ہو کہ میرے پاس آئے؟ خُداوند فرماتا ہے۔ اور تُم میرے لوگ ہو گے اور مَیں تُمہارا خُدا ہُوں گا۔ دیکھ خُداوند کے قہرِ شدِید کی آندھی چلتی ہے۔ یہ تیز طُوفان شرِیروں کے سر پر ٹُوٹ پڑے گا۔ جب تک یہ سب کُچھ نہ ہو لے اور خُداوند اپنے دِل کے مقصد پُورے نہ کر لے اُس کا قہرِ شدِید مَوقُوف نہ ہو گا۔ تُم آخِری دِنوں میں اِسے سمجھو گے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں یرمیاہ 30