پِھر خُداوند کا کلام مُجھ پر نازِل ہُؤا اور اُس نے فرمایا کہ تُو جا اور یروشلیِم کے کان میں پُکار کر کہہ کہ خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ مَیں تیری جوانی کی اُلفت اور تیرے بیاہ کی مُحبّت کو یاد کرتا ہُوں کہ تُو بیابان یعنی بنجر زمِین میں میرے پِیچھے پِیچھے چلی۔ اِسرائیل خُداوند کا مُقدّس اور اُس کی افزایش کا پہلا پَھل تھا۔ خُداوند فرماتا ہے اُسے نِگلنے والے سب مُجرِم ٹھہریں گے اُن پر آفت آئے گی۔ اَے اہلِ یعقُوبؔ اور اہلِ اِسرائیل کے سب خاندانو! خُداوند کا کلام سُنو۔ خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ تُمہارے باپ دادا نے مُجھ میں کَون سی بے اِنصافی پائی جِس کے سبب سے وہ مُجھ سے دُور ہو گئے اور بُطلان کی پیرَوی کر کے باطِل ہُوئے؟ اور اُنہوں نے یہ نہ کہا کہ خُداوند کہاں ہے جو ہم کو مُلکِ مِصرؔ سے نِکال لایا اور بیابان اور بنجر اور گڑھوں کی زمِین میں سے خُشکی اور مَوت کے سایہ کی سرزمِین میں سے جہاں سے نہ کوئی گُذرتا اور نہ کوئی بُود و باش کرتا تھا ہم کو لے آیا؟ اور مَیں تُم کو باغوں والی زمِین میں لایا کہ تُم اُس کے میوے اور اُس کے اچّھے پَھل کھاؤ لیکن جب تُم داخِل ہُوئے تو تُم نے میری زمِین کو ناپاک کر دِیا اور میری مِیراث کو مکرُوہ بنایا۔ کاہِنوں نے نہ کہا کہ خُداوند کہاں ہے؟ اور اہلِ شرِیعت نے مُجھے نہ جانا اور چرواہوں نے مُجھ سے سرکشی کی اور نبِیوں نے بعل کے نام سے نبُوّت کی اور اُن چِیزوں کی پَیروی کی جِن سے کُچھ فائِدہ نہیں۔ اِس لِئے خُداوند فرماتا ہے مَیں پِھر تُم سے جھگڑُوں گا اور تُمہارے بیٹوں کے بیٹوں سے جھگڑا کرُوں گا۔ کیونکہ پار گُذر کر کِتّیِم کے جزِیروں میں دیکھو اور قِیداؔر میں قاصِد بھیج کر دریافت کرو اور دیکھو کہ اَیسی بات کہِیں ہُوئی ہے؟ کیا کِسی قَوم نے اپنے معبُودوں کو حالانکہ وہ خُدا نہیں بدل ڈالا؟ پر میری قَوم نے اپنے جلال کو بے فائِدہ چِیز سے بدلا۔ خُداوند فرماتا ہے اَے آسمانو! اِس سے حَیران ہو۔ شِدّت سے تھرتھراؤ اور بِالکُل وِیران ہو جاؤ۔ کیونکہ میرے لوگوں نے دو بُرائیاں کِیں۔ اُنہوں نے مُجھ آبِ حیات کے چشمہ کو ترک کر دِیا اور اپنے لِئے حَوض کھودے ہیں۔ شِکستہ حَوض جِن میں پانی نہیں ٹھہر سکتا۔
پڑھیں یرمِیاہ 2
سنیں یرمِیاہ 2
دوسروں تک پہنچائیں
مختلف ترجموں سے موازنہ: یرمِیاہ 1:2-13
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos