YouVersion Logo
تلاش

یسعیاہ 1:55-13

یسعیاہ 1:55-13 URD

اَے سب پِیاسو پانی کے پاس آؤ اور وہ بھی جِس کے پاس پَیسہ نہ ہو۔ آؤ مول لو اور کھاؤ۔ ہاں آؤ! مَے اور دُودھ بے زر اور بے قِیمت خرِیدو۔ تُم کِس لِئے اپنا رُوپیہ اُس چِیز کے لِئے جو روٹی نہیں اور اپنی مِحنت اُس چِیز کے واسطے جو آسُودہ نہیں کرتی خرچ کرتے ہو؟ تُم غَور سے میری سُنو اور وہ چِیز جو اچّھی ہے کھاؤ اور تُمہاری جان فربَہی سے لذّت اُٹھائے۔ کان لگاؤ اور میرے پاس آؤ۔ سُنو اور تُمہاری جان زِندہ رہے گی اور مَیں تُم کو ابدی عہد یعنی داؤُد کی سچّی نِعمتیں بخشُوں گا۔ دیکھو مَیں نے اُسے اُمّتوں کے لِئے گواہ مُقرّر کِیا بلکہ اُمّتوں کا پیشوا اور فرماں روا۔ دیکھ تُو ایک اَیسی قَوم کو جِسے تُو نہیں جانتا بُلائے گا اور ایک اَیسی قَوم جو تُجھے نہیں جانتی تھی خُداوند تیرے خُدا اور اِسرائیل کے قُدُّوس کی خاطِر تیرے پاس دَوڑی آئے گی کیونکہ اُس نے تُجھے جلال بخشا ہے۔ جب تک خُداوند مِل سکتا ہے اُس کے طالِب ہو۔ جب تک وہ نزدِیک ہے اُسے پُکارو۔ شرِیر اپنی راہ کو ترک کرے اور بدکردار اپنے خیالوں کو اور وہ خُداوند کی طرف پِھرے اور وہ اُس پر رحم کرے گا اور ہمارے خُدا کی طرف کیونکہ وہ کثرت سے مُعاف کرے گا۔ خُداوند فرماتا ہے کہ میرے خیال تُمہارے خیال نہیں اور نہ تُمہاری راہیں میری راہیں ہیں۔ کیونکہ جِس قدر آسمان زمِین سے بُلند ہے اُسی قدر میری راہیں تُمہاری راہوں سے اور میرے خیال تُمہارے خیالوں سے بُلند ہیں۔ کیونکہ جِس طرح آسمان سے بارِش ہوتی اور برف پڑتی ہے اور پِھر وہ وہاں واپس نہیں جاتی بلکہ زمِین کو سیراب کرتی ہے اور اُس کی شادابی اور روئیدگی کا باعِث ہوتی ہے تاکہ بونے والے کو بِیج اور کھانے والے کو روٹی دے۔ اُسی طرح میرا کلام جو میرے مُنہ سے نِکلتا ہے ہو گا۔ وہ بے انجام میرے پاس واپس نہ آئے گا بلکہ جو کُچھ میری خواہِش ہو گی وہ اُسے پُورا کرے گا اور اُس کام میں جِس کے لِئے مَیں نے اُسے بھیجا مُوثّرِ ہو گا۔ کیونکہ تُم خُوشی سے نِکلو گے اور سلامتی کے ساتھ روانہ کِئے جاؤ گے۔ پہاڑ اور ٹِیلے تُمہارے سامنے نغمہ پرداز ہوں گے اور مَیدان کے سب درخت تال دیں گے۔ کانٹوں کی جگہ صنَوبر نِکلے گا اور جھاڑی کے بدلے آس کا درخت ہو گا اور یہ خُداوند کے لِئے نام اور ابدی نِشان ہو گا جو کبھی مُنقطع نہ ہو گا۔

پڑھیں یسعیاہ 55

سنیں یسعیاہ 55