YouVersion Logo
تلاش

یسعیاہ 1:55-13

یسعیاہ 1:55-13 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

”کیا تم پیاسے ہو؟ آؤ، سب پانی کے پاس آؤ! کیا تمہارے پاس پیسے نہیں؟ اِدھر آؤ، سودا خرید کر کھانا کھاؤ۔ یہاں کی مَے اور دودھ مفت ہے۔ آؤ، اُسے پیسے دیئے بغیر خریدو۔ اُس پر پیسے کیوں خرچ کرتے ہو جو روٹی نہیں ہے؟ جو سیر نہیں کرتا اُس کے لئے محنت مشقت کیوں کرتے ہو؟ سنو، سنو میری بات! پھر تم اچھی خوراک کھاؤ گے، بہترین کھانے سے لطف اندوز ہو گے۔ کان لگا کر میرے پاس آؤ! سنو تو جیتے رہو گے۔ مَیں تمہارے ساتھ ابدی عہد باندھوں گا، تمہیں اُن اَن مٹ مہربانیوں سے نوازوں گا جن کا وعدہ داؤد سے کیا تھا۔ دیکھ، مَیں نے مقرر کیا کہ وہ اقوام کے سامنے میرا گواہ ہو، کہ اقوام کا رئیس اور حکمران ہو۔ دیکھ، تُو ایسی قوم کو بُلائے گا جسے تُو نہیں جانتا، اور تجھ سے ناواقف قوم رب تیرے خدا کی خاطر تیرے پاس دوڑی چلی آئے گی۔ کیونکہ جو اسرائیل کا قدوس ہے اُس نے تجھے شان و شوکت عطا کی ہے۔“ ابھی رب کو تلاش کرو جبکہ اُسے پایا جا سکتا ہے۔ ابھی اُسے پکارو جبکہ وہ قریب ہی ہے۔ بےدین اپنی بُری راہ اور شریر اپنے بُرے خیالات چھوڑے۔ وہ رب کے پاس واپس آئے تو وہ اُس پر رحم کرے گا۔ وہ ہمارے خدا کے پاس واپس آئے، کیونکہ وہ فراخ دلی سے معاف کر دیتا ہے۔ کیونکہ رب فرماتا ہے، ”میرے خیالات اور تمہارے خیالات میں اور میری راہوں اور تمہاری راہوں میں بڑا فرق ہے۔ جتنا آسمان زمین سے اونچا ہے اُتنی ہی میری راہیں تمہاری راہوں اور میرے خیالات تمہارے خیالات سے بلند ہیں۔ بارش اور برف پر غور کرو! زمین پر پڑنے کے بعد یہ خالی ہاتھ واپس نہیں آتی بلکہ زمین کو یوں سیراب کرتی ہے کہ پودے پھوٹنے اور پھلنے پھولنے لگتے ہیں بلکہ پکتے پکتے بیج بونے والے کو بیج اور بھوکے کو روٹی مہیا کرتے ہیں۔ میرے منہ سے نکلا ہوا کلام بھی ایسا ہی ہے۔ وہ خالی ہاتھ واپس نہیں آئے گا بلکہ میری مرضی پوری کرے گا اور اُس میں کامیاب ہو گا جس کے لئے مَیں نے اُسے بھیجا تھا۔ کیونکہ تم خوشی سے نکلو گے، تمہیں سلامتی سے لایا جائے گا۔ پہاڑ اور پہاڑیاں تمہارے آنے پر باغ باغ ہو کر شادیانہ بجائیں گی، اور میدان کے تمام درخت تالیاں بجائیں گے۔ کانٹےدار جھاڑی کی بجائے جونیپر کا درخت اُگے گا، اور بچھوبوٹی کی بجائے مہندی پھلے پھولے گی۔ یوں رب کے نام کو جلال ملے گا، اور اُس کی قدرت کا ابدی اور اَن مٹ نشان قائم ہو گا۔“

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں یسعیاہ 55

یسعیاہ 1:55-13 کِتابِ مُقادّس (URD)

اَے سب پِیاسو پانی کے پاس آؤ اور وہ بھی جِس کے پاس پَیسہ نہ ہو۔ آؤ مول لو اور کھاؤ۔ ہاں آؤ! مَے اور دُودھ بے زر اور بے قِیمت خرِیدو۔ تُم کِس لِئے اپنا رُوپیہ اُس چِیز کے لِئے جو روٹی نہیں اور اپنی مِحنت اُس چِیز کے واسطے جو آسُودہ نہیں کرتی خرچ کرتے ہو؟ تُم غَور سے میری سُنو اور وہ چِیز جو اچّھی ہے کھاؤ اور تُمہاری جان فربَہی سے لذّت اُٹھائے۔ کان لگاؤ اور میرے پاس آؤ۔ سُنو اور تُمہاری جان زِندہ رہے گی اور مَیں تُم کو ابدی عہد یعنی داؤُد کی سچّی نِعمتیں بخشُوں گا۔ دیکھو مَیں نے اُسے اُمّتوں کے لِئے گواہ مُقرّر کِیا بلکہ اُمّتوں کا پیشوا اور فرماں روا۔ دیکھ تُو ایک اَیسی قَوم کو جِسے تُو نہیں جانتا بُلائے گا اور ایک اَیسی قَوم جو تُجھے نہیں جانتی تھی خُداوند تیرے خُدا اور اِسرائیل کے قُدُّوس کی خاطِر تیرے پاس دَوڑی آئے گی کیونکہ اُس نے تُجھے جلال بخشا ہے۔ جب تک خُداوند مِل سکتا ہے اُس کے طالِب ہو۔ جب تک وہ نزدِیک ہے اُسے پُکارو۔ شرِیر اپنی راہ کو ترک کرے اور بدکردار اپنے خیالوں کو اور وہ خُداوند کی طرف پِھرے اور وہ اُس پر رحم کرے گا اور ہمارے خُدا کی طرف کیونکہ وہ کثرت سے مُعاف کرے گا۔ خُداوند فرماتا ہے کہ میرے خیال تُمہارے خیال نہیں اور نہ تُمہاری راہیں میری راہیں ہیں۔ کیونکہ جِس قدر آسمان زمِین سے بُلند ہے اُسی قدر میری راہیں تُمہاری راہوں سے اور میرے خیال تُمہارے خیالوں سے بُلند ہیں۔ کیونکہ جِس طرح آسمان سے بارِش ہوتی اور برف پڑتی ہے اور پِھر وہ وہاں واپس نہیں جاتی بلکہ زمِین کو سیراب کرتی ہے اور اُس کی شادابی اور روئیدگی کا باعِث ہوتی ہے تاکہ بونے والے کو بِیج اور کھانے والے کو روٹی دے۔ اُسی طرح میرا کلام جو میرے مُنہ سے نِکلتا ہے ہو گا۔ وہ بے انجام میرے پاس واپس نہ آئے گا بلکہ جو کُچھ میری خواہِش ہو گی وہ اُسے پُورا کرے گا اور اُس کام میں جِس کے لِئے مَیں نے اُسے بھیجا مُوثّرِ ہو گا۔ کیونکہ تُم خُوشی سے نِکلو گے اور سلامتی کے ساتھ روانہ کِئے جاؤ گے۔ پہاڑ اور ٹِیلے تُمہارے سامنے نغمہ پرداز ہوں گے اور مَیدان کے سب درخت تال دیں گے۔ کانٹوں کی جگہ صنَوبر نِکلے گا اور جھاڑی کے بدلے آس کا درخت ہو گا اور یہ خُداوند کے لِئے نام اور ابدی نِشان ہو گا جو کبھی مُنقطع نہ ہو گا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں یسعیاہ 55