یسعیاہ 9:38-22

یسعیاہ 9:38-22 URD

شاہِ یہُوداؔہ حِزقیاہ کی تحرِیر جب وہ بِیمار تھا اور اپنی بِیماری سے شِفایاب ہُؤا۔ مَیں نے کہا مَیں اپنی آدھی عُمر میں پاتال کے پھاٹکوں میں داخِل ہُوں گا۔ میری زِندگی کے باقی برس مُجھ سے چِھین لِئے گئے۔ مَیں نے کہا مَیں خُداوند کو ہاں خُداوند کو زِندوں کی زمِین میں پِھر نہ دیکُھوں گا۔ اِنسان اور دُنیا کے باشِندے مُجھے پِھر دِکھائی نہ دیں گے۔ میرا گھر اُجڑ گیا ہے اور گڈرئے کے خَیمہ کی مانِند مُجھ سے دُور کِیا گیا مَیں نے جُلاہے کی مانِند اپنی زِندگانی کو لِپیٹ لِیا ہے۔ وہ مُجھ کو تانت سے کاٹ ڈالے گا صُبح سے شام تک تُو مُجھ کو تمام کر ڈالتا ہے۔ مَیں نے صُبح تک تحمُّل کِیا۔ تب وہ شیرِ بَبر کی مانِند میری سب ہڈِّیاں چُور کر ڈالتا ہے۔ صُبح سے شام تک تُو مُجھے تمام کر ڈالتا ہے۔ مَیں ابابِیل اور سارس کی طرح چِیں چِیں کرتا رہا۔ مَیں کبُوتر کی طرح کُڑھتا رہا۔ میری آنکھیں اُوپر دیکھتے دیکھتے پتّھرا گئِیں۔ اَے خُداوند! مَیں بے کس ہُوں۔ تُو میرا کفِیل ہو۔ مَیں کیا کہُوں؟ اُس نے تو مُجھ سے وعدہ کِیا اور اُسی نے اُسے پُورا کِیا۔ مَیں اپنی باقی عُمر اپنی جان کی تلخی کے سبب سے آہِستہ آہِستہ بسر کرُوں گا۔ اَے خُداوند! اِن ہی چِیزوں سے اِنسان کی زِندگی ہے اور اِن ہی میں میری رُوح کی حیات ہے۔ سو تُو ہی شِفا بخش اور مُجھے زِندہ رکھ۔ دیکھ میرا سخت رنج راحت سے تبدِیل ہُؤا۔ اور میری جان پر مِہربان ہو کر تُو نے اُسے نیستی کے گڑھے سے رہائی دی۔ کیونکہ تُو نے میرے سب گُناہوں کو اپنی پِیٹھ کے پِیچھے پھینک دِیا۔ اِس لِئے کہ پاتال تیری سِتایش نہیں کر سکتا اور مَوت سے تیری حمد نہیں ہو سکتی۔ وہ جو گور میں اُترنے والے ہیں تیری سچّائی کے اُمّیدوار نہیں ہو سکتے۔ زِندہ ہاں زِندہ ہی تیری سِتایش کرے گا۔ جَیسا آج کے دِن مَیں کرتا ہُوں۔ باپ اپنی اَولاد کو تیری سچّائی کی خبر دے گا۔ خُداوند مُجھے بچانے کو تیّار ہے۔ اِس لِئے ہم اپنے تاردار سازوں کے ساتھ عُمر بھر خُداوند کے گھر میں سرُود خوانی کرتے رہیں گے۔ یسعیاہ نے کہا تھا کہ انجِیر کی ٹِکیہ لے کر پھوڑے پر باندھیں اور وہ شِفا پائے گا۔ اور حِزقیاہ نے کہا تھا اِس کا کیا نِشان ہے کہ مَیں خُداوند کے گھر میں جاؤُں گا؟