YouVersion Logo
تلاش

حجَّی 10:2-23

حجَّی 10:2-23 URD

اور دارا بادشاہ کی سلطنت کے دُوسرے سال کے نویں مہِینے کی چَوبِیسوِیں تارِیخ کو خُداوند کا کلام حجَّی نبی کی معرفت پُہنچا۔ کہ ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہے کہ شرِیعت کی بابت کاہِنوں سے دریافت کر۔ کہ اگر کوئی پاک گوشت کو اپنے لِباس کے دامن میں لِئے جاتا ہو اور اُس کا دامن روٹی یا دال یا مَے یا تیل یا کِسی طرح کے کھانے کی چِیز کو چُھو جائے تو کیا وہ چِیز پاک ہو جائیں گی؟ کاہِنوں نے جواب دِیا ہرگِز نہیں۔ پِھر حجَّی نے پُوچھا کہ اگر کوئی کِسی مُردہ کو چُھونے سے ناپاک ہو گیا ہو اور اِن میں سے کِسی چِیز کو چُھوئے تو کیا وہ چِیز ناپاک ہو جائیں گی؟ کاہِنوں نے جواب دِیا ضرُور ناپاک ہو جائیں گی۔ پِھر حجَّی نے کہا خُداوند فرماتا ہے میری نظر میں اِن لوگوں اور اِس قَوم اور اِن کے اعمال کا یِہی حال ہے اور جو کُچھ اِس جگہ گُذرانتے ہیں ناپاک ہے۔ پس اب اور آیندہ کو اُس وقت کا خیال رکھّو جب کہ ابھی خُداوند کی ہَیکل کا پتھّر پر پتھّر نہ رکھّا گیا تھا۔ اُس تمام زمانہ میں جب کوئی بِیس پَیمانوں کی آس رکھتا تو دس ہی مِلتے تھے اور جب کوئی مَے کے حَوض سے پچاس پَیمانے نِکالنے جاتا تو بِیس ہی نِکلتے تھے۔ اور مَیں نے تُم کو تُمہارے سب کاموں میں بادِ سمُوم اور گیروئی اور اَولوں سے مارا پر تُم میری طرف رجُوع نہ لائے خُداوند فرماتا ہے۔ اب اور آیندہ اِس کا خیال رکھّو۔ آج خُداوند کی ہَیکل کی بُنیاد کے ڈالے جانے یعنی نویں مہِینے کی چَوبِیسوِیں تارِیخ سے اِس کا خیال رکھّو۔ کیا اِس وقت بِیج کھتّے میں ہے؟ ابھی تو تاک اور انجِیر اور انار اور زَیتُون میں پَھل نہیں لگا۔ آج ہی سے مَیں تُم کو برکت دُوں گا۔ پِھر اِسی مہِینے کی چَوبِیسوِیں تارِیخ کو خُداوند کا کلام حجَّی نبی پر نازِل ہُؤا۔ کہ یہُوداؔہ کے ناظِم زرُبّابل سے کہہ دے کہ مَیں آسمان اور زمِین کو ہِلاؤُں گا۔ اور سلطنتوں کے تخت اُلٹ دُوں گا اور قَوموں کی سلطنتوں کی توانائی نیست کر دُوں گا اور رتھوں کو سواروں سمیت اُلٹ دُوں گا اور گھوڑے اور اُن کے سوار گِر جائیں گے اور ہر شخص اپنے بھائی کی تلوار سے قتل ہو گا۔ ربُّ الافواج فرماتا ہے اَے میرے خادِم زرُبّاؔبل بِن سیالتی ایل اُسی روز مَیں تُجھے لُوں گا خُداوند فرماتا ہے اور نگِین ٹھہراؤُں گا کیونکہ مَیں نے تُجھے برگُزِیدہ کِیا ہے ربُّ الافواج فرماتا ہے۔

پڑھیں حجَّی 2

سنیں حجَّی 2