پَیدائش 18:9-29

پَیدائش 18:9-29 URD

نُوحؔ کے بیٹے جو کشتی سے نِکلے سِمؔ حامؔ اور یافتؔ تھے اور حام کنعانؔ کا باپ تھا۔ یِہی تِینوں نُوحؔ کے بیٹے تھے اور اِن ہی کی نسل ساری زمِین پر پَھیلی۔ اور نُوحؔ کاشت کاری کرنے لگا اور اُس نے ایک انگُور کا باغ لگایا۔ اور اُس نے اُس کی مَے پی اور اُسے نشہ آیا اور وہ اپنے ڈیرے میں برہنہ ہو گیا۔ اور کنعانؔ کے باپ حامؔ نے اپنے باپ کو برہنہ دیکھا اور اپنے دونوں بھائِیوں کو باہر آ کر خبر دی۔ تب سِمؔ اور یافتؔ نے ایک کپڑا لِیا اور اُسے اپنے کندھوں پر دھرا اور پیچھے کو اُلٹے چل کر گئے اور اپنے باپ کی برہنگی ڈھانکی۔ سو اُن کے مُنہ اُلٹی طرف تھے اور اُنہوں نے اپنے باپ کی برہنگی نہ دیکھی۔ جب نُوحؔ اپنی مَے کے نشہ سے ہوش میں آیا تو جو اُس کے چھوٹے بیٹے نے اُس کے ساتھ کِیا تھا اُسے معلُوم ہُؤا۔ اور اُس نے کہا کہ کنعانؔ ملعُون ہو۔ وہ اپنے بھائِیوں کے غُلاموں کا غُلام ہو گا۔ پِھر کہا خُداوند سِمؔ کا خُدا مُبارک ہو اور کنعاؔن سِمؔ کا غُلام ہو۔ خُدا یافتؔ کو پَھیلائے کہ وہ سِمؔ کے ڈیروں میں بسے اور کنعاؔن اُس کا غُلام ہو۔ اورطُوفان کے بعد نُوحؔ ساڑھے تِین سَو برس اور جیتا رہا۔ اور نُوحؔ کی کُل عُمر ساڑھے نو سَو برس کی ہُوئی۔ تب اُس نے وفات پائی۔