YouVersion Logo
تلاش

پَیدائش 15:50-26

پَیدائش 15:50-26 URD

اور یُوسفؔ کے بھائی یہ دیکھ کر کہ اُن کا باپ مَر گیا کہنے لگے کہ یُوسفؔ شاید ہم سے دُشمنی کرے اور ساری بدی کا جو ہم نے اُس سے کی ہے پُورا بدلہ لے۔ سو اُنہوں نے یُوسفؔ کو یہ کہلا بھیجا کہ تیرے باپ نے اپنے مَرنے سے آگے یہ حُکم کِیا تھا۔ کہ تُم یُوسفؔ سے کہنا کہ اپنے بھائِیوں کی خطا اور اُن کا گُناہ اب بخش دے کیونکہ اُنہوں نے تُجھ سے بدی کی۔ سو اب تُو اپنے باپ کے خُدا کے بندوں کی خطا بخش دے اور یُوسفؔ اُن کی یہ باتیں سُن کر رویا۔ اور اُس کے بھائِیوں نے خُود بھی اُس کے سامنے جا کر اپنے سر ٹیک دِئے اور کہا دیکھ ہم تیرے خادِم ہیں۔ یُوسفؔ نے اُن سے کہا مت ڈرو۔ کیا مَیں خُدا کی جگہ پر ہُوں؟ تُم نے تو مُجھ سے بدی کرنے کا اِرادہ کِیا تھا لیکن خُدا نے اُسی سے نیکی کا قصد کِیا تاکہ بُہت سے لوگوں کی جان بچائے چُنانچہ آج کے دِن اَیسا ہی ہو رہا ہے۔ اِس لِئے تُم مت ڈرو۔ مَیں تُمہاری اور تُمہارے بال بچّوں کی پرورِش کرتا رہُوں گا۔ یُوں اُس نے اپنی ملائم باتوں سے اُن کی خاطِر جمع کی۔ اور یُوسفؔ اور اُس کے باپ کے گھر کے لوگ مِصرؔ میں رہے اور یُوسفؔ ایک سَو دس برس تک جِیتا رہا۔ اور یُوسفؔ نے اِفرائِیمؔ کی اَولاد تِیسری پُشت تک دیکھی اور مُنّسیؔ کے بیٹے مکِیرؔ کی اَولاد کو بھی یُوسفؔ نے اپنے گھٹنوں پر کھلایا۔ اور یُوسفؔ نے اپنے بھائِیوں سے کہا مَیں مَرتا ہُوں اور خُدا یقیناً تُم کو یاد کرے گا اور تُم کو اِس مُلک سے نِکال کر اُس مُلک میں پُہنچائے گا جِس کے دینے کی قَسم اُس نے ابرہامؔ اور اِضحاقؔ اور یعقُوبؔ سے کھائی تھی۔ اور یُوسفؔ نے بنی اِسرائیل سے قَسم لے کر کہا خُدا یقیناً تُم کو یاد کرے گا۔ سو تُم ضرُور ہی میری ہڈَّیوں کو یہاں سے لے جانا۔ اور یُوسفؔ نے ایک سَو دس برس کا ہو کر وفات پائی اور اُنہوں نے اُس کی لاش میں خُوشبُو بھری اور اُسے مِصرؔ ہی میں تابُوت میں رکھّا۔