اِن باتوں کے بعد یُوں ہُؤا کہ خُدا نے ابرہامؔ کو آزمایا اور اُسے کہا اَے ابرہامؔ! اُس نے کہا مَیں حاضِر ہُوں۔ تب اُس نے کہا کہ تُو اپنے بیٹے اِضحاقؔ کو جو تیرا اِکلوتا ہے اور جِسے تُو پِیار کرتا ہے ساتھ لے کر موریاہؔ کے مُلک میں جا اور وہاں اُسے پہاڑوں میں سے ایک پہاڑ پر جو مَیں تُجھے بتاؤں گا سوختنی قُربانی کے طَور پر چڑھا۔ تب ابرہامؔ نے صُبح سویرے اُٹھ کر اپنے گدھے پر چارجامہ کَسا اور اپنے ساتھ دو جوانوں اور اپنے بیٹے اِضحاقؔ کو لِیا اور سوختنی قُربانی کے لِئے لکڑیاں چِیرِیں اور اُٹھ کر اُس جگہ کو جو خُدا نے اُسے بتائی تھی روانہ ہُؤا۔ تِیسرے دِن ابرہامؔ نے نِگاہ کی اور اُس جگہ کو دُور سے دیکھا۔ تب ابرہامؔ نے اپنے جوانوں سے کہا تُم یہیں گدھے کے پاس ٹھہرو۔ مَیں اور یہ لڑکا دونوں ذرا وہاں تک جاتے ہیں اور سِجدہ کر کے پِھر تُمہارے پاس لَوٹ آئیں گے۔ اور ابرہامؔ نے سوختنی قُربانی کی لکڑِیاں لے کر اپنے بیٹے اِضحاقؔ پر رکھّیں اور آگ اور چُھری اپنے ہاتھ میں لی اور دونوں اِکٹّھے روانہ ہُوئے۔ تب اِضحاقؔ نے اپنے باپ ابرہامؔ سے کہا اَے باپ! اُس نے جواب دِیا کہ اَے میرے بیٹے مَیں حاضِر ہُوں۔ اُس نے کہا دیکھ آگ اور لکڑیاں تو ہیں پر سوختنی قُربانی کے لِئے برّہ کہاں ہے؟ ابرہامؔ نے کہا اَے میرے بیٹے خُدا آپ ہی اپنے واسطے سوختنی قُربانی کے لِئے برّہ مُہیّا کر لے گا۔ سو وہ دونوں آگے چلتے گئے۔ اور اُس جگہ پُہنچے جو خُدا نے بتائی تھی۔ وہاں ابرہامؔ نے قُربان گاہ بنائی اور اُس پر لکڑِیاں چُنیں اور اپنے بیٹے اِضحاقؔ کو باندھا اور اُسے قُربان گاہ پر لکڑیوں کے اُوپر رکھّا۔ اور ابرہامؔ نے ہاتھ بڑھا کر چُھری لی کہ اپنے بیٹے کو ذبح کرے۔ تب خُداوند کے فرِشتہ نے اُسے آسمان سے پُکارا کہ اَے ابرہامؔ اَے ابرہامؔ! اُس نے کہا مَیں حاضِر ہُوں۔ پِھر اُس نے کہا کہ تُو اپنا ہاتھ لڑکے پر نہ چلا اور نہ اُس سے کُچھ کر کیونکہ مَیں اب جان گیا کہ تُو خُدا سے ڈرتا ہے اِس لِئے کہ تُو نے اپنے بیٹے کو بھی جو تیرا اِکلوتا ہے مُجھ سے دریغ نہ کِیا۔ اور ابرہامؔ نے نِگاہ کی اور اپنے پِیچھے ایک مینڈھا دیکھا جِس کے سِینگ جھاڑی میں اٹکے تھے۔ تب ابرہامؔ نے جا کر اُس مینڈھے کو پکڑا اور اپنے بیٹے کے بدلے سوختنی قُربانی کے طَور پر چڑھایا۔ اور ابرہامؔ نے اُس مقام کا نام یہوواؔہ یِری رکھّا چُنانچہ آج تک یہ کہاوت ہے کہ خُداوند کے پہاڑ پر مُہیّا کِیا جائے گا۔ اور خُداوند کے فرِشتہ نے آسمان سے دوبارہ ابرہامؔ کو پُکارا اور کہا کہ خُداوند فرماتا ہے چُونکہ تُو نے یہ کام کِیا کہ اپنے بیٹے کو بھی جو تیرا اِکلوتا ہے دریغ نہ رکھّا اِس لِئے مَیں نے بھی اپنی ذات کی قَسم کھائی ہے کہ مَیں تُجھے برکت پر برکت دُوں گا اور تیری نسل کو بڑھاتے بڑھاتے آسمان کے تاروں اور سمُندر کے کنارے کی ریت کی مانِند کر دُوں گا اور تیری اَولاد اپنے دُشمنوں کے پھاٹک کی مالِک ہو گی۔ اور تیری نسل کے وسِیلہ سے زمِین کی سب قَومیں برکت پائیں گی کیونکہ تُو نے میری بات مانی۔ تب ابرہامؔ اپنے جوانوں کے پاس لَوٹ گیا اور وہ اُٹھے اور اِکٹّھے بیرسبعؔ کو گئے اور ابرہامؔ بیرسبعؔ میں رہا۔
پڑھیں پَیدائش 22
سنیں پَیدائش 22
دوسروں تک پہنچائیں
مختلف ترجموں سے موازنہ: پَیدائش 1:22-19
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos