YouVersion Logo
تلاش

عزرا 6

6
خورس کا فرمان دوبارہ مِلتا ہے
1تب دارا بادشاہ کے حُکم سے بابل کے اُس توارِیخی کُتب خانہ میں جِس میں خزانے دھرے تھے تفتِیش کی گئی۔ 2چُنانچہ اخمتا کے محلّ میں جو مادَؔے کے صُوبہ میں واقِع ہے ایک طُومار مِلا جِس میں یہ حُکم لِکھا ہُؤا تھا۔
3خورس بادشاہ کے پہلے سال خورس بادشاہ نے خُدا کے گھر کی بابت جو یروشلیِم میں ہے حُکم کِیا کہ وہ گھر یعنی وہ مقام جہاں قُربانِیاں کرتے ہیں بنایا جائے اور اُس کی بُنیادیں مضبُوطی سے ڈالی جائیں اُس کی اُونچائی ساٹھ ہاتھ اور چَوڑائی ساٹھ ہاتھ ہو۔ 4تِین ردّے بھاری پتّھروں کے اور ایک ردّہ نئی لکڑی کا ہو اور خرچ شاہی محلّ سے دِیا جائے۔ 5اور خُدا کے گھر کے سونے اور چاندی کے برتن بھی جِن کو نبُوکدؔنضر اُس ہَیکل سے جو یروشلیِم میں ہے نِکال کر بابل کو لایا واپس دِئے جائیں اور یروشلیِم کی ہَیکل میں اپنی اپنی جگہ پُہنچائے جائیں اور تُو اُن کو خُدا کے گھر میں رکھ دینا۔
دارا بادشاہ کام جاری رکھنے کا حُکم دیتا ہے
6سو تُو اَے دریا پار کے حاکِم تتّنی اور شتربوؔزنَی اور تُمہارے افارسکی رفِیق جو دریا پار ہیں تُم وہاں سے دُور رہو۔ 7خُدا کے اِس گھر کے کام میں دست اندازی نہ کرو۔ یہُودیوں کا حاکِم اور یہُودیوں کے بزُرگ خُدا کے گھر کو اُس کی جگہ پر تعمِیر کریں۔ 8عِلاوہ اِس کے خُدا کے اِس گھر کے بنانے میں یہُودیوں کے بزُرگوں کے ساتھ تُم کو کیا کرنا ہے۔ سو اُس کی بابت میرا یہ حُکم ہے کہ شاہی
مال میں سے یعنی دریا پار کے خِراج میں سے اُن
لوگوں کو بِلاتوقُّف خرچ دِیا جائے تاکہ اُن کو رُکنا نہ پڑے۔ 9اور آسمان کے خُدا کی سوختنی قُربانیوں
کے لِئے جِس جِس چِیز کی اُن کو ضرُورت ہو یعنی بچھڑے اور مینڈھے اور حلوان اور جِتنا گیہُوں اور نمک اور مَے اور تیل وہ کاہِن جو یروشلِیم میں ہیں بتائیں وہ سب بِلاناغہ روز بروز اُن کو دِیا جائے۔ 10تاکہ وہ آسمان کے خُدا کے حضُور راحت انگیز قُربانِیاں چڑھائیں اور بادشاہ اور شاہزادوں کی عُمر درازی کے لِئے دُعا کریں۔ 11مَیں نے یہ حُکم بھی دِیا ہے کہ جو شخص اِس فرمان کو بدل دے اُس کے گھر میں سے کڑی نِکالی جائے اور اُسے اُسی پر چڑھا کر سُولی دی جائے اور اِس بات کے سبب سے اُس کا گھر کُوڑا خانہ بنا دِیا جائے۔ 12اور وہ خُدا جِس نے اپنا نام وہاں رکھّا ہے سب بادشاہوں اور لوگوں کو جو خُدا کے اُس گھر کو جو یروشلیِم میں ہے ڈھانے کی غرض سے اِس حُکم کو بدلنے کے لِئے اپنا ہاتھ بڑھائیں غارت کرے۔ مُجھ دارا نے حُکم دے دِیا۔ اِس پر بڑی کوشِش سے عمل ہو۔
ہَیکل کی مخصُوصیّت
13تب دریا پار کے حاکِم تتّنی اور شتربوزؔنَی اور اُن کے رفِیقوں نے دارا بادشاہ کے فرمان بھیجنے کے سبب سے بِلاتوقُّف اُس کے مُطابِق عمل کِیا۔ 14سو یہُودیوں کے بزُرگ حَجّی نبی اور زکرؔیاہ بِن عِدُّو کی نبُوّت کے سبب سے تعمِیر کرتے اور کامیاب ہوتے رہے اور اُنہوں نے اِسرائیل کے خُدا کے حُکم اور خورس اور دارا اور شاہِ فارِس ارتخششتا کے حُکم کے مُطابِق اُسے بنایا اور تمام کِیا۔ 15سو یہ مسکن ادار کے مہِینے کی تِیسری تارِیخ میں دارا بادشاہ کی سلطنت کے چھٹے برس تمام ہُؤا۔ 16اور بنی اِسرائیل اور کاہِنوں اور لاویوں اور اسِیری کے باقی لوگوں نے خُوشی کے ساتھ خُدا کے اِس گھر کی تقدِیس کی۔ 17اور اُنہوں نے خُدا کے اِس گھر کی تقدِیس کے مَوقع پر سَو بَیل اور دو سَو مینڈھے اور چار سَو برّے اور سارے اِسرائیل کی خطا کی قُربانی کے لِئے اِسرائیل کے قبِیلوں کے شُمار کے مُطابِق بارہ بکرے چڑھائے۔ 18اور جَیسا مُوسیٰ کی کِتاب میں لِکھا ہے اُنہوں نے کاہِنوں کو اُن کی تقسِیم اور لاویوں کو اُن کے فرِیقوں کے مُطابِق خُدا کی عِبادت کے لِئے جو یروشلیِم میں ہوتی ہے مُقرّر کِیا۔
عِیدِ فَسح
19اور پہلے مہِینے کی چَودھوِیں تارِیخ کو اُن لوگوں نے جو اسِیری سے آئے تھے عِیدِ فَسح منائی۔ 20کیونکہ کاہِنوں اور لاویوں نے یک تن ہو کر اپنے آپ کو پاک کِیا تھا۔ وہ سب کے سب پاک تھے اور اُنہوں نے اُن سب لوگوں کے لِئے جو اسِیری سے آئے تھے اور اپنے بھائی کاہِنوں کے لِئے اور اپنے واسطے فَسح کو ذبح کِیا۔ 21اور بنی اِسرائیل نے جو اسِیری سے لَوٹے تھے اور اُن سبھوں نے جو خُداوند اِسرائیل کے خُدا کے طالِب ہونے کے لِئے اُس سرزمِین کی اجنبی قَوموں کی نجاستوں سے الگ ہو گئے تھے فَسح کھایا۔ 22اور خُوشی کے ساتھ سات دِن تک فطِیری روٹی کی عِید منائی کیونکہ خُداوند نے اُن کو شادمان کِیا تھا اور شاہِ اسُور کے دِل کو اُن کی طرف مائِل کِیا تھا تاکہ وہ خُدا یعنی اِسرائیل کے خُدا کے مسکن کے بنانے میں اُن کی مدد کرے۔

موجودہ انتخاب:

عزرا 6: URD

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in