YouVersion Logo
تلاش

خرُوج 6

6
1تب خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا کہ اب تُو دیکھے گا کہ مَیں فرِعونؔ کے ساتھ کیا کرتا ہُوں۔ تب وہ زورآور ہاتھ کے سبب سے اُن کو جانے دے گا اور زورآور ہاتھ ہی کے سبب سے وہ اُن کو اپنے مُلک سے نِکال دے گا۔
خُدا مُوسیٰؔ کو طلب کرتا ہے
2پِھر خُدا نے مُوسیٰؔ سے کہا مَیں خُداوند ہُوں۔ 3اور مَیں ابرہامؔ اور اِضحاقؔ اور یعقُوبؔ کو خُدایِ قادِرِ مُطلق کے طَور پر دِکھائی دِیا لیکن اپنے یہوواؔہ نام سے اُن پر ظاہِر نہ ہُؤا۔ 4اور مَیں نے اُن کے ساتھ اپنا عہد بھی باندھا ہے کہ مُلکِ کنعاؔن جو اُن کی مُسافرت کا مُلک تھا اور جِس میں وہ پردیسی تھے اُن کو دُوں گا۔ 5اور مَیں نے بنی اِسرائیل کے کراہنے کو بھی سُن کر جِن کو مِصریوں نے غُلامی میں رکھ چھوڑا ہے اپنے اُس عہد کو یاد کِیا ہے۔ 6سو تُو بنی اِسرائیل سے کہہ کہ مَیں خُداوند ہُوں اور مَیں تُم کو مِصریوں کے بوجھوں کے نِیچے سے نِکال لُوں گا۔ اور مَیں تُم کو اُن کی غُلامی سے آزاد کرُوں گا اور مَیں اپنا ہاتھ بڑھا کر اور اُن کو بڑی بڑی سزائیں دے کر تُم کو رہائی دُوں گا۔ 7اور مَیں تُم کو لے لُوں گا کہ میری قَوم بن جاؤ اور مَیں تُمہارا خُدا ہُوں گا اور تُم جان لو گے کہ مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں جو تُم کو مِصریوں کے بوجھوں کے نِیچے سے نِکالتا ہُوں۔ 8اور جِس مُلک کو ابرہامؔ اور اِضحاقؔ اور یعقُوبؔ کو دینے کی قَسم مَیں نے کھائی تھی اُس میں تُم کو پُہنچا کر اُسے تُمہاری مِیراث کر دُوں گا۔ خُداوند مَیں ہُوں۔ 9اور مُوسیٰؔ نے بنی اِسرائیل کو یہ باتیں سُنا دِیں پر اُنہوں نے دِل کی کُڑھن اور غُلامی کی سختی کے سبب سے مُوسیٰؔ کی بات نہ سُنی۔
10پِھر خُداوند نے مُوسیٰؔ کو فرمایا۔ 11کہ جا کر مِصرؔ کے بادشاہ فرِعونؔ سے کہہ کہ بنی اِسرائیل کو اپنے مُلک میں سے جانے دے۔
12مُوسیٰؔ نے خُداوند سے کہا کہ دیکھ بنی اِسرائیل نے تو میری سُنی نہیں۔ پس مَیں جو نامختُون ہونٹ رکھتا ہُوں فرِعونؔ میری کیوں کر سُنے گا؟
13تب خُداوند نے مُوسیٰؔ اور ہارُونؔ کو بنی اِسرائیل اور مِصرؔ کے بادشاہ فرِعونؔ کے حق میں اِس مضمُون کا حُکم دِیا کہ وہ بنی اِسرائیل کو مُلکِ مِصرؔ سے نِکال لے جائیں۔
مُوسیٰؔ اور ہارُونؔ کے خاندان کی رُوداد
14اُن کے آبائی خاندانوں کے سردار یہ تھے رُوبِنؔ جو اِسرائیلؔ کا پہلوٹھا تھا۔ اُس کے بیٹے حنُوکؔ اور فلُّوؔ اور حسروؔن اور کَرمیؔ تھے۔ یہ رُوبِنؔ کے گھرانے تھے۔ 15بنی شمعُونؔ یہ تھے۔ یموؔئیل اور یمینؔ اور اُہدؔ اور یکینؔ اور صُحرؔ اور ساؤُؔل جو ایک کنعانی عَورت سے پَیدا ہُؤا تھا۔ یہ شمعُوؔن کے گھرانے تھے۔ 16اور بنی لاوی جِن سے اُن کی نسل چلی اُن کے نام یہ ہیں۔ جیرسونؔ اور قہاؔت اور مرارؔی۔ اور لاوؔی کی عُمر ایک سو سَینتِیس برس کی ہُوئی۔ 17بنی جیرسون لِبنیؔ اور سِمعیؔ تھے۔ اِن ہی سے اِن کے خاندان چلے۔ 18اور بنی قہاؔت عَمراؔم اور اِضہارؔ اور حبروؔن اور عُزِّئیلؔ تھے اور قہاتؔ کی عُمر ایک سو تَینتِیس برس کی ہُوئی۔ 19اور بنی مراری مَحلیؔ اور موؔشی تھے۔ لاوِیوں کے گھرانے جِن سے اُن کی نسل چلی یِہی تھے۔
20اور عَمراؔم نے اپنے باپ کی بہن یوکبدؔ سے بیاہ کِیا۔ اُس عَورت کے اُس سے ہارُونؔ اور مُوسیٰؔ پَیدا ہُوئے اور عَمراؔم کی عُمر ایک سَو سیَنتِیس برس کی ہُوئی۔ 21بنی اِضہار قورَحؔ اور نفجؔ اور زِکرؔی تھے۔ 22اور بنی عُزِّئیل میسائیلؔ اور الصفنؔ اور سترؔی تھے۔
23اور ہارُونؔ نے نحسونؔ کی بہن عَمّینداؔب کی بیٹی الِیسبَعؔ سے بیاہ کِیا۔ اُس سے ندؔب اور اَبِیہُوؔ اور الیعزرؔ اور اِتمرؔ پَیدا ہُوئے۔ 24اور بنی قورح اَسِّیرؔ اور القنہؔ اور اَبیا سفؔ تھے اور یہ قورحِیوں کے گھرانے تھے۔ 25اور ہارُونؔ کے بیٹے الیعزرؔ نے فوطئیلؔ کی بیٹِیوں میں سے ایک کے ساتھ بیاہ کِیا۔ اُس سے فِینحاؔس پَیدا ہُؤا۔ لاوِیوں کے باپ دادا کے گھرانوں کے سردار جِن سے اُن کے خاندان چلے یِہی تھے۔
26یہ وہ ہارُونؔ اور مُوسیٰؔ ہیں جِن کو خُداوند نے فرمایا کہ بنی اِسرائیل کو اُن کے جَتھّوں کے مُطابِق مُلکِ مِصرؔ سے نِکال لے جاؤ۔ 27یہ وہ ہیں جنہوں نے مِصرؔ کے بادشاہ فرِعونؔ سے کہا کہ ہم بنی اِسرائیل کو مِصرؔ سے نِکال لے جائیں گے۔ یہ وُہی مُوسیٰؔ اور ہارُونؔ ہیں۔
خُداوند مُوسیٰؔ اور ہارُونؔ کو حُکم دیتا ہے
28جب خُداوند نے مُلکِ مِصرؔ میں مُوسیٰ ؔسے باتیں کِیں تو یُوں ہُؤا۔ 29کہ خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا مَیں خُداوند ہُوں۔ جو کُچھ مَیں تُجھے کہُوں تُو اُسے مِصرؔ کے بادشاہ فرِعونؔ سے کہنا۔
30مُوسیٰؔ نے خُداوند سے کہا دیکھ میرے تو ہونٹوں کا خَتنہ نہیں ہُؤا۔ فرِعونؔ کیوں کر میری سُنے گا؟

موجودہ انتخاب:

خرُوج 6: URD

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in