خرُوج 37
37
عہد کے صندُوق کا بنایا جانا
1اور بضلی ایلؔ نے وہ صندُوق کِیکر کی لکڑی کا بنایا۔ اُس کی لمبائی ڈھائی ہاتھ اور چَوڑائی ڈیڑھ ہاتھ اور اُونچائی ڈیڑھ ہاتھ تھی۔ 2اور اُس نے اُس کے اندر اور باہر خالِص سونا منڈھا اور اُس کے لِئے گِرداگِرد ایک سونے کا تاج بنایا۔ 3اور اُس نے اُس کے چاروں پایوں پر لگانے کو سونے کے چار کڑے ڈھالے۔ دو کڑے تو اُس کی ایک طرف اور دو دُوسری طرف تھے۔ 4اور اُس نے کِیکر کی لکڑی کی چوبیں بنا کر اُن کو سونے سے منڈھا۔ 5اور اُن چوبوں کو صندُوق کی دونوں طرف کے کڑوں میں ڈالا تاکہ صندُوق اُٹھایا جائے۔ 6اور اُس نے سرپوش خالِص سونے کا بنایا۔ اُس کی لمبائی ڈھائی ہاتھ اور چَوڑائی ڈیڑھ ہاتھ تھی۔ 7اور اُس نے سرپوش کے دونوں سِروں پر سونے کے دو کرُّوبی گھڑ کر بنائے۔ 8ایک کرُّوبی کو اُس نے ایک سِرے پر رکھّا اور دُوسرے کو دُوسرے سِرے پر۔ دونوں سِروں کے کرُّوبی اور سرپوش ایک ہی ٹُکڑے سے بنے تھے۔ 9اور کرُّوبیوں کے بازُو اُوپر سے پَھیلے ہُوئے تھے اور اُن کے بازُوؤں سے سرپوش ڈھکا ہُؤا تھا اور اُن کرُّوبیوں کے چہرے سرپوش کی طرف اور ایک دُوسرے کے مُقابِل تھے۔
نذر کی روٹیوں کی میز کا بنایا جانا
10اور اُس نے وہ میز کِیکر کی لکڑی کی بنائی۔ اُس کی لمبائی دو ہاتھ اور چَوڑائی ایک ہاتھ اور اُونچائی ڈیڑھ ہاتھ تھی۔ 11اور اُس نے اُس کو خالِص سونے سے منڈھا اور اُس کے لِئے گِرداگِرد سونے کا ایک تاج بنایا۔ 12اور اُس نے ایک کنگنی چار اُنگل چَوڑی اُس کے چاروں طرف رکھّی اور اُس کنگنی پر گِرداگِرد سونے کا ایک تاج بنایا۔ 13اور اُس نے اُس کے لِئے سونے کے چار کڑے ڈھال کر اُن کو اُس کے چاروں پایوں کے چاروں کونوں میں لگایا۔ 14یہ کڑے کنگنی کے پاس تھے تاکہ میز اُٹھانے کی چوبوں کے خانوں کا کام دیں۔ 15اور اُس نے میز اُٹھانے کی وہ چوبیں کِیکر کی لکڑی کی بنائِیں اور اُن کو سونے سے منڈھا۔ 16اور اُس نے میز پر کے سب ظرُوف یعنی اُس کے طباق اور چمچے اور بڑے بڑے پیالے اور اُنڈیلنے کے آفتابے خالِص سونے کے بنائے۔
چراغ دان کا بنایا جانا
17اور اُس نے شمعدان خالِص سونے کا بنایا۔ وہ شمعدان اور اُس کا پایہ اور اُس کی ڈنڈی گھڑے ہُوئے تھے۔ یہ سب اور اُس کی پیالِیاں اور لٹُّو اور پُھول ایک ہی ٹُکڑے کے بنے ہُوئے تھے۔
18اور چھ شاخیں اُس کی دونوں طرف سے نِکلی ہُوئی تِھیں۔ شمعدان کی تِین شاخیں تو اُس کی ایک طرف سے اور تِین شاخیں اُس کی دُوسری طرف سے۔ 19اور ایک شاخ میں بادام کے پُھول کی شکل کی تِین پیالِیاں اور ایک لٹُّو اور ایک پُھول تھا اور دُوسری شاخ میں بھی بادام کے پُھول کی شکل کی تِین پیالِیاں اور ایک لٹُّو اور ایک پُھول تھا۔ غرض اُس شمعدان کی چھئوں شاخوں میں سب کُچھ اَیسا ہی تھا۔ 20اور خُود شمعدان میں بادام کے پُھول کی شکل کی چار پیالِیاں اپنے اپنے لٹُّو اور پُھول سمیت بنی تِھیں۔ 21اور شمعدان کی چھئوں نِکلی ہُوئی شاخوں میں سے ہر دو دو شاخیں اور ایک ایک لٹُّو ایک ہی ٹُکڑے کے تھے۔ 22اُن کے لٹُّو اور اُن کی شاخیں سب ایک ہی ٹُکڑے کے تھے۔ سارا شمعدان خالِص سونے کا اور ایک ہی ٹُکڑے کا گھڑا ہُؤا تھا۔ 23اور اُس نے اُس کے لِئے سات چراغ بنائے اور اُس کے گُلگِیر اور گُلدان خالِص سونے کے تھے۔ 24اور اُس نے اُس کو اور اُس کے سب ظرُوف کو ایک قِنطار خالِص سونے سے بنایا۔
بخُور جلانے کی قُربان گاہ کا بنایا جانا
25اور اُس نے بخُور جلانے کی قُربان گاہ کِیکر کی لکڑی کی بنائی۔ اُس کی لمبائی ایک ہاتھ اور چَوڑائی ایک ہاتھ تھی۔ وہ چَوکھونٹی تھی اور اُس کی اُونچائی دو ہاتھ تھی اور وہ اور اُس کے سِینگ ایک ہی ٹُکڑے کے تھے۔ 26اور اُس نے اُس کے اُوپر کی سطح اور گِرداگِرد کی اطراف اور سِینگوں کو خالِص سونے سے منڈھا اور اُس کے لِئے سونے کا ایک تاج گِرداگِرد بنایا۔ 27اور اُس نے اُس کی دونوں طرف کے دونوں پہلُوؤں میں تاج کے نِیچے سونے کے دو کڑے بنائے جو اُس کے اُٹھانے کی چوبوں کے لِئے خانوں کا کام دیں۔ 28اور چوبیں کِیکر کی لکڑی کی بنائِیں اور اُن کو سونے سے منڈھا۔
مَسح کرنے کے تیل اور بخُور کا بنایا جانا
29اور اُس نے مَسح کرنے کا پاک تیل اور خُوشبُودار مصالِح کا خالِص بخُور گُندھی کی حِکمت کے مُطابِق تیّار کِیا۔
موجودہ انتخاب:
خرُوج 37: URD
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
Revised Urdu Holy Bible © Pakistan Bible Society, 1970, 2010.