اِفِسیوں 3
3
غَیر قوموں کے لِئے پَولُس کی خِدمت
1اِسی سبب سے مَیں پَولُس تُم غَیر قَوم والوں کی خاطِر مسِیح یِسُوعؔ کا قَیدی ہُوں۔ 2شاید تُم نے خُدا کے اُس فضل کے اِنتِظام کا حال سُنا ہو گا جو تُمہارے لِئے مُجھ پر ہُؤا۔ 3یعنی یہ کہ وہ بھید مُجھے مُکاشفہ سے معلُوم ہُؤا۔ چُنانچہ مَیں نے پہلے اُس کا مُختصر حال لِکھا ہے۔ 4جِسے پڑھ کر تُم معلُوم کر سکتے ہو کہ مَیں مسِیح کا وہ بھید کِس قدر سمجھتا ہُوں۔ 5جو اَور زمانوں میں بنی آدمؔ کو اِس طرح معلُوم نہ ہُؤا تھا جِس طرح اُس کے مُقدّس رسُولوں اور نبِیوں پر رُوح میں اب ظاہِر ہو گیا ہے۔ 6یعنی یہ کہ مسِیح یِسُوعؔ میں غَیر قَومیں خُوشخبری کے وسِیلہ سے مِیراث میں شرِیک اور بدن میں شامِل اور وعدہ میں داخِل ہیں۔
7اور خُدا کے اُس فضل کی بخشِش سے جو اُس کی قُدرت کی تاثِیر سے مُجھ پر ہُؤا مَیں اِس خُوشخبری کا خادِم بنا۔ 8مُجھ پر جو سب مُقدّسوں میں چھوٹے سے چھوٹا ہُوں یہ فضل ہُؤا کہ مَیں غَیر قَوموں کو مسِیح کی بے قِیاس دَولت کی خُوشخبری دُوں۔ 9اور سب پر یہ بات رَوشن کرُوں کہ جو بھید ازل سے سب چِیزوں کے پَیدا کرنے والے خُدا میں پوشِیدہ رہا اُس کا کیا اِنتِظام ہے۔ 10تاکہ اب کلِیسیا کے وسِیلہ سے خُدا کی طرح طرح کی حِکمت اُن حُکُومت والوں اور اِختیار والوں کو جو آسمانی مقاموں میں ہیں معلُوم ہو جائے۔ 11اُس ازلی اِرادہ کے مُطابِق جو اُس نے ہمارے خُداوند مسِیح یِسُوعؔ میں کِیا تھا۔ 12جِس میں ہم کو اُس پر اِیمان رکھنے کے سبب سے دِلیری ہے اور بھروسے کے ساتھ رسائی۔ 13پس مَیں درخواست کرتا ہُوں کہ تُم میری اُن مُصِیبتوں کے سبب سے جو تُمہاری خاطِر سہتا ہُوں ہمّت نہ ہارو کیونکہ وہ تُمہارے لِئے عِزّت کا باعِث ہیں۔
مسِیح کی مُحبّت
14اِس سبب سے مَیں اُس باپ کے آگے گُھٹنے ٹیکتا ہُوں۔ 15جِس سے آسمان اور زمِین کا ہر ایک خاندان نامزد ہے۔ 16کہ وہ اپنے جلال کی دَولت کے مُوافِق تُمہیں یہ عِنایت کرے کہ تُم اُس کے رُوح سے اپنی باطِنی اِنسانِیّت میں بُہت ہی زورآور ہو جاؤ۔ 17اور اِیمان کے وسِیلہ سے مسِیح تُمہارے دِلوں میں سکُونت کرے تاکہ تُم مُحبّت میں جڑ پکڑ کے اور بُنیاد قائِم کر کے۔ 18سب مُقدّسوں سمیت بخُوبی معلُوم کر سکو کہ اُس کی چَوڑائی اور لمبائی اور اُونچائی اور گہرائی کِتنی ہے۔ 19اور مسِیح کی اُس مُحبّت کو جان سکو جو جاننے سے باہر ہے تاکہ تُم خُدا کی ساری معمُوری تک معمُور ہو جاؤ۔
20اب جو اَیسا قادِر ہے کہ اُس قُدرت کے مُوافِق جو ہم میں تاثِیر کرتی ہے ہماری درخواست اور خیال سے بُہت زِیادہ کام کر سکتا ہے۔ 21کلِیسیا میں اور مسِیح یِسُوعؔ میں پُشت در پُشت اور ابدُالآباد اُس کی تمجِید ہوتی رہے۔ آمِین۔
موجودہ انتخاب:
اِفِسیوں 3: URD
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
Revised Urdu Holy Bible © Pakistan Bible Society, 1970, 2010.