عامُوس 8
8
پَھلوں کی ٹوکری کی رویا
1خُداوند خُدا نے مُجھے رویا دِکھائی اور کیا دیکھتا ہُوں کہ تابِستانی میووں کی ٹوکری ہے۔ 2اور اُس نے فرمایا اَے عامُوؔس تُو کیا دیکھتا ہے؟
مَیں نے عرض کی کہ تابِستانی میووں کی ٹوکری۔
تب خُداوند نے مُجھے فرمایا کہ میری قَوم اِسرائیل کا وقت آ پُہنچا ہے۔ اب مَیں اُس سے درگُذر نہ کرُوں گا۔ 3اور اُس وقت مَقدِس کے نغمے نَوحے ہو جائیں گے خُداوند خُدا فرماتا ہے۔ بُہت سی لاشیں پڑی ہوں گی۔ وہ چُپکے چُپکے اُن کو ہر جگہ نِکال پھینکیں گے۔
بنی اِسرائیل کا حَشر
4تُم جو چاہتے ہو کہ مُحتاجوں کو نِگل جاؤ اور مِسکِینوں کو مُلک سے نیست کرو۔ 5اور ایفہ کو چھوٹا اور مِثقال کو بڑا بناتے اور فریب کی ترازُو سے دغابازی کرتے اور کہتے ہو کہ نئے چاند کا دِن کب گُذرے گا تاکہ ہم غلّہ بیچیں اور سبت کا دِن کب ختم ہو گا کہ گیہُوں کے کھتّے کھولیں؟ 6تاکہ مِسکِین کو رُوپیہ سے اور مُحتاج کو ایک جوڑی جُوتیوں سے خرِیدیں اور گیہُوں کی پھٹکن بیچیں یہ بات سُنو!
7خُداوند نے یعقُوبؔ کی حشمت کی قَسم کھا کر فرمایا ہے مَیں اُن کے کاموں میں سے ایک کو بھی ہرگِز نہ بُھولُوں گا۔ 8کیا اِس سبب سے زمِین نہ تھرتھرائے گی اور اُس کا ہر ایک باشِندہ ماتم نہ کرے گا؟ ہاں وہ بِالکُل دریایِ نِیل کی طرح اُٹھے گی اور رودِ مِصرؔ کی طرح پَھیل کر پِھر سُکڑ جائے گی۔ 9اور خُداوند خُدا فرماتا ہے اُس روز آفتاب دوپہر ہی کو غرُوب ہو جائے گا اور مَیں روزِ روشن ہی میں زمِین کو تارِیک کر دُوں گا۔ 10تُمہاری عِیدوں کو ماتم سے اور تُمہارے نغموں کو نَوحوں سے بدل دُوں گا اور ہر ایک کی کمر پر ٹاٹ بندھواؤُں گا اور ہر ایک کے سر پر چندلاپن بھیجُوں گا اور اَیسا ماتم برپا کرُوں گا جَیسا اِکلوتے بیٹے پر ہوتا ہے اور اُس کا انجام روزِ تلخ سا ہو گا۔
11خُداوند خُدا فرماتا ہے دیکھو وہ دِن آتے ہیں کہ مَیں اِس مُلک میں قحط ڈالُوں گا۔ نہ پانی کی پِیاس اور نہ روٹی کا قحط بلکہ خُداوند کا کلام سُننے کا۔ 12تب لوگ سمُندر سے سمُندر تک اور شِمال سے مشرِق تک بھٹکتے پِھریں گے اور خُداوند کے کلام کی تلاش میں اِدھر اُدھر دَوڑیں گے لیکن کہِیں نہ پائیں گے۔ 13اور اُس روز حسِین کُنواریاں اور جوان مَرد پِیاس سے بیتاب ہو جائیں گے۔ 14جو سامرؔیہ کے بُت کی قَسم کھاتے ہیں اور کہتے ہیں اَے دان تیرے معبُود کی قَسم اور بِیرسبع کے طرِیق کی قَسم وہ گِر جائیں گے اور پِھر ہرگِز نہ اُٹھیں گے۔
موجودہ انتخاب:
عامُوس 8: URD
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
Revised Urdu Holy Bible © Pakistan Bible Society, 1970, 2010.