عامُوس 5
5
تَوبہ کے لِئے پُکار
1اَے اِسرائیل کے خاندان اِس کلام کو جِس سے مَیں تُم پر نَوحہ کرتا ہُوں سُنو۔
2اِسرائیل کی کُنواری گِر پڑی۔
وہ پِھر نہ اُٹھے گی۔
وہ اپنی زمِین پر پڑی ہے۔
اُس کو اُٹھانے والا کوئی نہیں۔
3کیونکہ خُداوند خُدا یُوں فرماتا ہے کہ اِسرائیل کے گھرانے کے لِئے جِس شہر سے ایک ہزار نِکلتے تھے اُس میں ایک سَو رہ جائیں گے اور جِس سے ایک سَو نِکلتے تھے اُس میں دس رہ جائیں گے۔
4کیونکہ خُداوند اِسرائیل کے گھرانے سے یُوں فرماتا ہے کہ تُم میرے طالِب ہو اور زِندہ رہو۔ 5لیکن بَیت ایل کے طالِب نہ ہو اور جِلجاؔل میں داخِل نہ ہو اور بِیرسبع کو نہ جاؤ کیونکہ جِلجاؔل اسِیری میں جائے گا اور بَیت ایل ناچِیز ہو گا۔
6تُم خُداوند کے طالِب ہو اور زِندہ رہو۔ اَیسا نہ ہو کہ وہ یُوسفؔ کے گھرانے میں آگ کی مانِند بھڑکے اور اُسے کھا جائے اور بَیت ایل میں اُسے بُجھانے والا کوئی نہ ہو۔ 7اَے عدالت کو ناگدَونا بنانے والو اور صداقت کو خاک میں مِلانے والو۔
8وُہی ثُریّا اور جبّار سِتاروں کا خالِق ہے
جو مَوت کے سایہ کو مطلعِ نُور
اور روزِ روشن کو شبِ دِیجُور بنا دیتا ہے
اور سمُندر کے پانی کو بُلاتا
اور رُویِ زمِین پر پَھیلاتا ہے
جِس کا نام خُداوند ہے۔
9وہ جو زبردستوں پر ناگہانی ہلاکت لاتا ہے۔ جِس
سے قلعوں پر تباہی آتی ہے۔
10وہ پھاٹک میں ملامت کرنے والوں سے کِینہ رکھتے ہیں اور راست گو سے نفرت کرتے ہیں۔ 11پس چُونکہ تُم مِسکِینوں کو پامال کرتے ہو اور ظُلم کر کے اُن سے گیہُوں چِھین لیتے ہو اِس لِئے جو تراشے ہُوئے پتّھروں کے مکان تُم نے بنائے اُن میں نہ بسو گے اور جو نفِیس تاکِستان تُم نے لگائے اُن کی مَے نہ پِیو گے۔ 12کیونکہ مَیں تُمہاری بے شُمار خطاؤں اور تُمہارے بڑے بڑے گُناہوں سے آگاہ ہُوں۔ تُم صادِقوں کو ستاتے اور رِشوت لیتے ہو اور پھاٹک میں مِسکِینوں کی حق تلفی کرتے ہو۔ 13اِس لِئے اِن ایّام میں پیش بِین خاموش ہو رہیں گے کیونکہ یہ بُرا وقت ہے۔
14بدی کے نہیں بلکہ نیکی کے طالِب ہو تاکہ زِندہ رہو اور خُداوند ربُّ الافواج تُمہارے ساتھ رہے گا جَیسا کہ تُم کہتے ہو۔ 15بدی سے عداوت اور نیکی سے مُحبّت رکھّو اور پھاٹک میں عدالت کو قائِم کرو۔ شاید خُداوند ربُّ الافواج بنی یُوسفؔ کے بقِیّہ پر رحم کرے۔
16اِس لِئے خُداوند خُدا ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہے کہ سب بازاروں میں نَوحہ ہو گا اور سب گلِیوں میں افسوس افسوس! کہیں گے اور کِسانوں کو ماتم کے لِئے اور اُن کو جو نَوحہ گری میں مہارت رکھتے ہیں نَوحہ کے لِئے بُلائیں گے۔ 17اور سب تاکِستانوں میں ماتم ہو گا کیونکہ مَیں تُجھ میں سے ہو کر گُذرُوں گا خُداوند فرماتا ہے۔
18تُم پر افسوس جو خُداوند کے دِن کی آرزُو کرتے ہو! تُم خُداوند کے دِن کی آرزُو کیوں کرتے ہو؟ وہ تو تارِیکی کا دِن ہے۔ روشنی کا نہیں۔ 19جَیسے کوئی شیرِ بَبر سے بھاگے اور رِیچھ اُسے مِلے یا گھر میں جا کر اپنا ہاتھ دِیوار پر رکھّے اور اُسے سانپ کاٹ لے۔ 20کیا خُداوند کا دِن تارِیکی نہ ہو گا؟ اُس میں روشنی نہ ہو گی بلکہ سخت ظُلمت ہو گی اور نُور مُطلق نہ ہو گا۔
21مَیں تُمہاری عِیدوں کو مکرُوہ جانتا اور اُن سے نفرت رکھتا ہُوں اور مَیں تُمہاری مُقدّس محفِلوں سے بھی خُوش نہ ہُوں گا۔ 22اور اگرچہ تُم میرے حضُور سوختنی اور نذر کی قُربانِیاں گُذرانو گے تَو بھی مَیں اُن کو قبُول نہ کرُوں گا اور تُمہارے فربَہ جانوروں کی شُکرانہ کی قُربانیوں کو خاطِر میں نہ لاؤُں گا۔ 23تُو اپنے سرُود کا شور میرے حضُور سے دُور کر کیونکہ مَیں تیرے رباب کی آواز نہ سنُوں گا۔ 24لیکن عدالت کو پانی کی مانِند اور صداقت کو بڑی نہر کی مانِند جاری رکھ۔
25اَے بنی اِسرائیل کیا تُم چالِیس برس تک بیابان میں میرے حضُور ذبِیحے اور نذر کی قُربانِیاں گُذرانتے رہے؟ 26تُم تو مِلکُوؔم کا خَیمہ اور کِیوان کے بُت جو تُم نے اپنے لِئے بنائے اُٹھائے پِھرتے تھے۔ 27پس خُداوند جِس کا نام ربُّ الافواج ہے فرماتا ہے مَیں تُم کو دمِشق سے بھی آگے اسِیری میں بھیجُوں گا۔
موجودہ انتخاب:
عامُوس 5: URD
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
Revised Urdu Holy Bible © Pakistan Bible Society, 1970, 2010.