YouVersion Logo
تلاش

۲-سموئیل 2

2
داؤُد کو یہُوداؔہ کا بادشاہ بنایا جاتا ہے
1اور اِس کے بعد اَیسا ہُؤا کہ دؔاؤُد نے خُداوند سے پُوچھا کہ کیا مَیں یہُوداؔہ کے شہروں میں سے کِسی میں چلا جاؤں؟
خُداوند نے اُس سے کہا جا۔
داؤُد نے کہا کِدھر جاؤُں؟
اُس نے فرمایا حبرُوؔن کو۔ 2سو داؤُد مع اپنی دونوں بِیوِیوں یِزرعیلی اخِینوؔعم اور کرِمِلی ناباؔل کی بِیوی ابِیجیلؔ کے وہاں گیا۔ 3اور داؤُد اپنے ساتھ کے آدمِیوں کو بھی ایک ایک کے گھرانے سمیت وہاں لے گیا اور وہ حبرُوؔن کے شہروں میں رہنے لگے۔ 4تب یہُوداؔہ کے لوگ آئے اور وہاں اُنہوں نے داؤُد کو مَسح کر کے یہُوداؔہ کے خاندان کا بادشاہ بنایا۔
اور اُنہوں نے داؤُد کو بتایا کہ یبِیس جِلعاد کے لوگوں نے ساؤُل کو دفن کِیا تھا۔ 5سو داؤُد نے یبِیس جِلعاد کے لوگوں کے پاس قاصِد روانہ کِئے اور اُن کو کہلا بھیجا کہ خُداوند کی طرف سے تُم مُبارک ہو اِس لِئے کہ تُم نے اپنے مالِک ساؤُل پر یہ اِحسان کِیا اور اُسے دفن کِیا۔ 6سو خُداوند تُمہارے ساتھ رحمت اور سچّائی کو عمل میں لائے اور مَیں بھی تُم کو اِس نیکی کا بدلہ دُوں گا اِس لِئے کہ تُم نے یہ کام کِیا۔ 7پس تُمہارے بازُو قوّی ہوں اور تُم دِلیر رہو کیونکہ تُمہارا مالِک ساؤُل مَر گیا اور یہُوداؔہ کے گھرانے نے مَسح کر کے مُجھے اپنا بادشاہ بنایا ہے۔
اِشبوست کو اِسرائیلؔ کا بادشاہ بنایا جاتا ہے
8لیکن نیر کے بیٹے ابنیر نے جو ساؤُل کے لشکر کا سردار تھا ساؤُل کے بیٹے اِشبوؔست کو لے کر اُسے محنایم میں پُہنچایا۔ 9اور اُسے جِلعاد اور آشریوں اور یزرؔعیل اور اِفراؔئِیم اور بِنیمِین اور تمام اِسرائیلؔ کا بادشاہ بنایا۔ 10(اور ساؤُل کے بیٹے اِشبوؔست کی عُمر چالِیس برس کی تھی جب وہ اِسرائیلؔ کا بادشاہ ہُؤا اور اُس نے دو برس بادشاہی کی)
لیکن یہُوداؔہ کے گھرانے نے داؤُد کی پَیروی کی۔ 11اور داؤُد حبرُوؔن میں بنی یہُوداؔہ پر سات برس چھ مہِینے تک حُکمران رہا۔
اِسرائیلؔ اور یہُوداؔہ کے درمیان جنگ
12پِھر نیر کا بیٹا ابنیر اور ساؤُل کے بیٹے اِشبوؔست کے خادِم محنایم سے جِبعُوؔن میں آئے۔ 13اور ضرویاؔہ کا بیٹا یوآب اور داؤُد کے مُلازِم نِکلے اور جِبعُوؔن کے تالاب پر اُن سے مِلے اور دونوں فرِیق بَیٹھ گئے۔ ایک تالاب کی اِس طرف اور دُوسرا تالاب کی دُوسری طرف۔ 14تب ابنیر نے یوآب سے کہا ذرا یہ جوان اُٹھ کر ہمارے سامنے کھیلیں۔
یوآب نے کہا اُٹھیں۔
15تب وہ اُٹھ کر تعداد کے مُطابِق آمنے سامنے ہُوئے یعنی ساؤُل کے بیٹے اِشبوؔست اور بِنیمِین کی طرف سے بارہ جوان اور داؤُد کے خادِموں میں سے بارہ آدمی۔ 16اور اُنہوں نے ایک دُوسرے کا سر پکڑ کر اپنی اپنی تلوار اپنے مُخالِف کے پہلُو میں بھونک دی۔ سو وہ ایک ہی ساتھ گِرے اِس لِئے وہ جگہ حلقت ہصّورِؔیم کہلائی۔ وہ جِبعُوؔن میں ہے۔
17اور اُس روز بڑی سخت لڑائی ہُوئی اور ابنیر اور اِسرائیلؔ کے لوگوں نے داؤُد کے خادِموں سے شِکست کھائی۔ 18اور ضروؔیاہ کے تِینوں بیٹے یوآب اور ابیشے اور عساہیل وہاں مَوجُود تھے اور عساہیل جنگلی ہرن کی مانِند سُبک پا تھا۔ 19اور عساہیل نے ابنیر کا پِیچھا کِیا اور ابنیر کا پِیچھا کرتے وقت وہ دہنے یا بائیں ہاتھ نہ مُڑا۔ 20تب ابنیر نے اپنے پِیچھے نظر کر کے اُس سے کہا اَے عساہیل! کیا تُو ہے؟
اُس نے کہا ہاں۔
21ابنیر نے اُس سے کہا اپنی دہنی یا بائیں سمت کو مُڑ جا اور جوانوں میں سے کِسی کو پکڑ کر اُس کے ہتھیار لُوٹ لے پر عساہیل اُس کا پِیچھا کرنے سے باز نہ آیا۔ 22ابنیر نے عساہیل سے پِھر کہا میرا پِیچھا کرنے سے باز رہ۔ مَیں کَیسے تُجھے زمِین پر مار کر ڈال دُوں کیونکہ پِھر مَیں تیرے بھائی یوآب کو کیا مُنہ دِکھاؤُں گا؟ 23اِس پر بھی اُس نے مُڑنے سے اِنکار کِیا۔ تب ابنیر نے اپنے بھالے کے پِچھلے سِرے سے اُس کے پیٹ پر اَیسا مارا کہ وہ پار ہو گیا۔ سو وہ وہاں گِرا اور اُسی جگہ مَر گیا اور اَیسا ہُؤا کہ جِتنے اُس جگہ آئے جہاں عساہیل گِر کر مَرا تھا وہ وہِیں کھڑے رہ گئے۔
24لیکن یوآب اور ابیشے ابنیر کا پِیچھا کرتے رہے اور جب وہ کوہِ اَمّہ تک جو دشتِ جِبعُوؔن کے راستہ میں جیاح کے مُقابِل ہے پُہنچے تو سُورج ڈُوب گیا۔ 25اور بنی بِنیمِین ابنیر کے پِیچھے اِکٹّھے ہُوئے اور ایک دستہ بن گئے اور ایک پہاڑ کی چوٹی پر کھڑے ہُوئے۔ 26تب ابنیر نے یوآب کو پُکار کر کہا کیا تلوار ابد تک ہلاک کرتی رہے؟ کیا تُو نہیں جانتا کہ اِس کا انجام کڑواہٹ ہو گا؟ تُو کب لوگوں کو حُکم دے گا کہ اپنے بھائِیوں کا پِیچھا چھوڑ کر لَوٹ جائیں؟
27یوآب نے کہا زِندہ خُدا کی قَسم اگر تُو نہ بولا ہوتا تو لوگ صُبح ہی کو ضرُور چلے جاتے اور اپنے بھائِیوں کا پِیچھا نہ کرتے۔ 28پِھر یوآب نے نرسِنگا پُھونکا اور سب لوگ ٹھہر گئے اور اِسرائیلؔ کا پِیچھا پِھر نہ کِیا اور نہ پِھر لڑے۔
29اور ابنیر اور اُس کے لوگ اُس ساری رات مَیدان میں چلے اور یَردن کے پار ہُوئے اور سب بِتروؔن سے گُذر کر محنایم میں آ پُہنچے۔
30اور یوآب ابنیر کا پِیچھا چھوڑ کر لَوٹا اور اُس نے جو سب آدمِیوں کو جمع کِیا تو داؤُد کے مُلازِموں میں سے اُنّیس آدمی اور عساہیل کم نِکلے۔ 31پر داؤُد کے مُلازِموں نے بِنیمِین میں سے اور ابنیر کے لوگوں میں سے اِتنے مار دِئے کہ تِین سَو ساٹھ آدمی مَر گئے۔ 32اور اُنہوں نے عساہیل کو اُٹھا کر اُسے اُس کے باپ کی قبر میں جو بَیت لحم میں تھی دفن کِیا اور یوآب اور اُس کے لوگ ساری رات چلے اور حبرُوؔن پُہنچ کر اُن کو دِن نِکلا۔

موجودہ انتخاب:

۲-سموئیل 2: URD

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in