YouVersion Logo
تلاش

۲-سموئیل 1:2-10

۲-سموئیل 1:2-10 URD

اور اِس کے بعد اَیسا ہُؤا کہ دؔاؤُد نے خُداوند سے پُوچھا کہ کیا مَیں یہُوداؔہ کے شہروں میں سے کِسی میں چلا جاؤں؟ خُداوند نے اُس سے کہا جا۔ داؤُد نے کہا کِدھر جاؤُں؟ اُس نے فرمایا حبرُوؔن کو۔ سو داؤُد مع اپنی دونوں بِیوِیوں یِزرعیلی اخِینوؔعم اور کرِمِلی ناباؔل کی بِیوی ابِیجیلؔ کے وہاں گیا۔ اور داؤُد اپنے ساتھ کے آدمِیوں کو بھی ایک ایک کے گھرانے سمیت وہاں لے گیا اور وہ حبرُوؔن کے شہروں میں رہنے لگے۔ تب یہُوداؔہ کے لوگ آئے اور وہاں اُنہوں نے داؤُد کو مَسح کر کے یہُوداؔہ کے خاندان کا بادشاہ بنایا۔ اور اُنہوں نے داؤُد کو بتایا کہ یبِیس جِلعاد کے لوگوں نے ساؤُل کو دفن کِیا تھا۔ سو داؤُد نے یبِیس جِلعاد کے لوگوں کے پاس قاصِد روانہ کِئے اور اُن کو کہلا بھیجا کہ خُداوند کی طرف سے تُم مُبارک ہو اِس لِئے کہ تُم نے اپنے مالِک ساؤُل پر یہ اِحسان کِیا اور اُسے دفن کِیا۔ سو خُداوند تُمہارے ساتھ رحمت اور سچّائی کو عمل میں لائے اور مَیں بھی تُم کو اِس نیکی کا بدلہ دُوں گا اِس لِئے کہ تُم نے یہ کام کِیا۔ پس تُمہارے بازُو قوّی ہوں اور تُم دِلیر رہو کیونکہ تُمہارا مالِک ساؤُل مَر گیا اور یہُوداؔہ کے گھرانے نے مَسح کر کے مُجھے اپنا بادشاہ بنایا ہے۔ لیکن نیر کے بیٹے ابنیر نے جو ساؤُل کے لشکر کا سردار تھا ساؤُل کے بیٹے اِشبوؔست کو لے کر اُسے محنایم میں پُہنچایا۔ اور اُسے جِلعاد اور آشریوں اور یزرؔعیل اور اِفراؔئِیم اور بِنیمِین اور تمام اِسرائیلؔ کا بادشاہ بنایا۔ (اور ساؤُل کے بیٹے اِشبوؔست کی عُمر چالِیس برس کی تھی جب وہ اِسرائیلؔ کا بادشاہ ہُؤا اور اُس نے دو برس بادشاہی کی) لیکن یہُوداؔہ کے گھرانے نے داؤُد کی پَیروی کی۔