۱-تھِسّلُنیکیوں 4
4
زِندگی جو خُدا کو پسند آتی ہے
1غرض اَے بھائِیو! ہم تُم سے درخواست کرتے ہیں اور خُداوند یِسُوع میں تُمہیں نصِیحت کرتے ہیں کہ جِس طرح تُم نے ہم سے مُناسِب چال چلنے اور خُدا کو خُوش کرنے کی تعلِیم پائی اور جِس طرح تُم چلتے بھی ہو اُسی طرح اَور ترقّی کرتے جاؤ۔ 2کیونکہ تُم جانتے ہو کہ ہم نے تُم کو خُداوند یِسُوع کی طرف سے کیا کیا حُکم پُہنچائے۔ 3چُنانچہ خُدا کی مرضی یہ ہے کہ تُم پاک بنو یعنی حرام کاری سے بچے رہو۔ 4اور ہر ایک تُم میں سے پاکِیزگی اور عِزّت کے ساتھ اپنے ظرف کو حاصِل کرنا جانے۔ 5نہ شہوَت کے جوش سے اُن قَوموں کی مانِند جو خُدا کو نہیں جانتِیں۔ 6اور کوئی شخص اپنے بھائی کے ساتھ اِس اَمر میں زِیادتی اور دَغا نہ کرے کیونکہ خُداوند اِن سب کاموں کا بدلہ لینے والا ہے چُنانچہ ہم نے پہلے بھی تُم کو تَنبِیہ کر کے جتا دِیا تھا۔ 7اِس لِئے کہ خُدا نے ہم کو ناپاکی کے لِئے نہیں بلکہ پاکِیزگی کے لِئے بُلایا۔ 8پس جو نہیں مانتا وہ آدمی کو نہیں بلکہ خُدا کو نہیں مانتا جو تُم کو اپنا پاک رُوح دیتا ہے۔
9مگر برادرانہ مُحبّت کی بابت تُمہیں کُچھ لِکھنے کی حاجت نہیں کیونکہ تُم آپس میں مُحبّت کرنے کی خُدا سے تعلِیم پا چُکے ہو۔ 10اور تمام مَکِدُنیہ کے سب بھائِیوں کے ساتھ اَیسا ہی کرتے ہو لیکن اَے بھائِیو! ہم تُمہیں نصِیحت کرتے ہیں کہ ترقّی کرتے جاؤ۔ 11اور جِس طرح ہم نے تُم کو حُکم دِیا چُپ چاپ رہنے اور اپنا کاروبار کرنے اور اپنے ہاتھوں سے مِحنت کرنے کی ہِمّت کرو۔ 12تاکہ باہِر والوں کے ساتھ شایستگی سے برتاؤ کرو اور کِسی چِیز کے مُحتاج نہ ہو۔
خُداوند کی آمدِ ثانی
13اَے بھائِیو! ہم نہیں چاہتے کہ جو سوتے ہیں اُن کی بابت تُم ناواقِف رہو تاکہ اَوروں کی مانِند جو نااُمّید ہیں غم نہ کرو۔ 14کیونکہ جب ہمیں یہ یقِین ہے کہ یِسُوع مَر گیا اور جی اُٹھا تو اُسی طرح خُدا اُن کو بھی جو سو گئے ہیں یِسُوع کے وسِیلہ سے اُسی کے ساتھ لے آئے گا۔
15چُنانچہ ہم تُم سے خُداوند کے کلام کے مُطابِق کہتے ہیں کہ ہم جو زِندہ ہیں اور خُداوند کے آنے تک باقی رہیں گے سوئے ہُوؤں سے ہرگِز آگے نہ بڑھیں گے۔ 16کیونکہ خُداوند خُود آسمان سے للکار اور مُقرّب فرِشتہ کی آواز اور خُدا کے نرسِنگے کے ساتھ اُتر آئے گا اور پہلے تو وہ جو مسِیح میں مُوئے جی اُٹھیں گے۔ 17پِھر ہم جو زِندہ باقی ہوں گے اُن کے ساتھ بادلوں پر اُٹھائے جائیں گے تاکہ ہوا میں خُداوند کا اِستِقبال کریں اور اِس طرح ہمیشہ خُداوند کے ساتھ رہیں گے۔ 18پس تُم اِن باتوں سے ایک دُوسرے کو تسلّی دِیا کرو۔
موجودہ انتخاب:
۱-تھِسّلُنیکیوں 4: URD
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
Revised Urdu Holy Bible © Pakistan Bible Society, 1970, 2010.