۱-توارِیخ 28
28
ہَیکل کی بابت داؤُد کی ہدایات
1اور داؤُد نے اِسرائیلؔ کے سب اُمرا کو جو قبِیلوں کے سردار تھے اور اُن فرِیقوں کے سرداروں کو جو باری باری بادشاہ کی خِدمت کرتے تھے اور ہزاروں کے سرداروں اور سَیکڑوں کے سرداروں اور بادشاہ کے اور اُس کے بیٹوں کے سب مال اور مویشی کے سرداروں اور خواجہ سراؤں اور بہادُروں بلکہ سب زبردست سُورماؤں کو یروشلیِم میں اِکٹّھا کِیا۔
2تب داؤُد بادشاہ اپنے پاؤں پر اُٹھ کھڑا ہُؤا اور کہنے لگا اَے میرے بھائیو اور میرے لوگو میری سُنو! میرے دِل میں تو تھا کہ خُداوند کے عہد کے صندُوق کے لِئے آرام گاہ اور اپنے خُدا کے لِئے پاؤں کی کُرسی بناؤُں اور مَیں نے اُس کے بنانے کی تیّاری بھی کی۔ 3پر خُدا نے مُجھ سے کہا کہ تُو میرے نام کے لِئے گھر نہیں بنانے پائے گا کیونکہ تُو جنگی مَرد ہے اور تُو نے خُون بہایا ہے۔ 4تَو بھی خُداوند اِسرائیلؔ کے خُدا نے مُجھے میرے باپ کے سارے گھرانے میں سے چُن لِیا کہ مَیں سدا اِسرائیلؔ کا بادشاہ رہُوں کیونکہ اُس نے یہُوداؔہ کو پیشوا ہونے کے لِئے مُنتخب کِیا اور یہُوداؔہ کے گھرانے میں سے میرے باپ کے گھرانے کو چُنا ہے اور میرے باپ کے بیٹوں میں سے مُجھے پسند کِیا تاکہ مُجھے سارے اِسرائیلؔ کا بادشاہ بنائے۔ 5اور میرے سب بیٹوں میں سے (کیونکہ خُداوند نے مُجھے بُہت سے بیٹے دِئے ہیں) اُس نے میرے بیٹے سُلیماؔن کو پسند کِیا تاکہ وہ اِسرائیلؔ پر خُداوند کی سلطنت کے تخت پر بَیٹھے۔
6اور اُس نے مُجھ سے کہا کہ تیرا بیٹا سُلیماؔن میرے گھر اور میری بارگاہوں کو بنائے گا کیونکہ مَیں نے اُسے چُن لِیا ہے کہ وہ میرا بیٹا ہو اور مَیں اُس کا باپ ہُوں گا۔ 7اور اگر وہ میرے حُکموں اور فرمانوں پر عمل کرنے میں ثابِت قدم رہے جَیسا آج کے دِن ہے تو مَیں اُس کی بادشاہی ہمیشہ تک قائِم رکُھّوں گا۔
8پس اب سارے اِسرائیلؔ یعنی خُداوند کی جماعت کے رُوبرُو اور ہمارے خُدا کے حضُور تُم خُداوند اپنے خُدا کے سب حُکموں کو مانو اور اُن کے طالِب ہو تاکہ تُم اِس اچّھے مُلک کے وارِث ہو اور اُسے اپنے بعد اپنی اَولاد کے واسطے ہمیشہ کے لِئے مِیراث چھوڑ جاؤ۔
9اور تُو اَے میرے بیٹے سُلیماؔن اپنے باپ کے خُدا کو پہچان اور پُورے دِل اور رُوح کی مُستعِدّی سے اُس کی عِبادت کر کیونکہ خُداوند سب دِلوں کو جانچتا ہے اور جو کُچھ خیال میں آتا ہے اُسے پہچانتا ہے۔ اگر تو اُسے ڈُھونڈے تو وہ تُجھ کو مِل جائے گا اور اگر تُو اُسے چھوڑے تو وہ ہمیشہ کے لِئے تُجھے ردّ کر دے گا۔ 10سو ہوشیار ہو کیونکہ خُداوند نے تُجھ کو مَقدِس کے لِئے ایک گھر بنانے کو چُنا ہے۔ سو ہِمّت باندھ کر کام کر۔
11تب داؤُد نے اپنے بیٹے سُلیماؔن کو ہَیکل کے اُسارے اور اُس کے مکانوں اور خزانوں اور بالا خانوں اور اندر کی کوٹھرِیوں اور کفّارہ گاہ کی جگہ کا نمُونہ۔ 12اور اُن سب چِیزوں یعنی خُداوند کے گھر کے صحنوں اور آس پاس کی کوٹھرِیوں اور خُدا کے مسکن کے خزانوں اور نذر کی ہُوئی چِیزوں کے خزانوں کا نمُونہ بھی دِیا جو اُس کو رُوح سے مِلا تھا۔ 13اور کاہِنوں اور لاویوں کے فرِیقوں اور خُداوند کے مسکن کی عِبادت کے سب کام اور خُداوند کے مسکن کی عِبادت کے سب ظرُوف کے لِئے۔ 14یعنی سونے کے ظرُوف کے واسطے سونا تول کر ہر طرح کی خِدمت کے سب ظرُوف کے لِئے اور چاندی کے سب ظرُوف کے واسطے چاندی تول کر ہر طرح کی خِدمت کے سب ظرُوف کے لِئے۔ 15اور سونے کے شمعدانوں اور اُس کے چراغوں کے واسطے ایک ایک شمعدان اور اُس کے چراغوں کا سونا تول کر اور چاندی کے شمعدانوں کے واسطے ایک ایک شمعدان اور اُس کے چراغوں کے لِئے ہر شمعدان کے اِستعمال کے مُطابِق چاندی تول کر۔ 16اور نذر کی روٹی کی میزوں کے واسطے ایک ایک میز کے لِئے سونا تول کر اور چاندی کی میزوں کے لِئے چاندی۔ 17اور کانٹوں اور کٹوروں اور پِیالوں کے لِئے خالِص سونا دِیا اور سُنہلے پِیالوں کے واسطے ایک ایک پِیالے کے لِئے تول کر اور چاندی کے پِیالوں کے واسطے ایک ایک پِیالے کے لِئے تول کر۔ 18اور بخُور کی قُربان گاہ کے لِئے چوکھا سونا تول کر اور رتھ کے نمُونہ یعنی اُن کرُّوبِیوں کے لِئے جو پر پَھیلائے خُداوند کے عہد کے صندُوق کو ڈھانکے ہُوئے تھے سونا دِیا۔ 19یہ سب یعنی اِس نمُونہ کے سب کام خُداوند کے ہاتھ کی تحرِیر سے مُجھے سمجھائے گئے۔
20اور داؤُد نے اپنے بیٹے سُلیماؔن سے کہا کہ ہِمّت باندھ اور حَوصلہ سے کام کر۔ خَوف نہ کر۔ ہِراسان نہ ہو کیونکہ خُداوند خُدا جو میرا خُدا ہے تیرے ساتھ ہے۔ وہ تُجھ کو نہ چھوڑے گا اور نہ ترک کرے گا جب تک خُداوند کے مسکن کی خِدمت کا سارا کام تمام نہ ہو جائے۔ 21اور دیکھ کاہِنوں اور لاویوں کے فرِیق خُدا کے مسکن کی ساری خِدمت کے لِئے حاضِر ہیں اور ہر قِسم کی خِدمت کے لِئے سب طرح کے کام میں ہر شخص جو ماہِر ہے بخُوشی تیرے ساتھ ہو جائے گا اور لشکر کے سردار اور سب لوگ بھی تیرے حُکم میں ہوں گے۔
موجودہ انتخاب:
۱-توارِیخ 28: URD
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
Revised Urdu Holy Bible © Pakistan Bible Society, 1970, 2010.