۱-توارِیخ 21
21
داؤُد مَردم شُماری کراتا ہے
1اور شَیطان نے اِسرائیلؔ کے خِلاف اُٹھ کر داؤُد کو اُبھارا کہ اِسرائیلؔ کا شُمار کرے۔ 2تب داؤُد نے یُوآؔب سے اور لوگوں کے سرداروں سے کہا کہ جاؤ بیرسبع سے دان تک اِسرائیلؔ کا شُمار کرو اور مُجھے خبر دو تاکہ مُجھے اُن کی تعداد معلُوم ہو۔
3یُوآؔب نے کہا خُداوند اپنے لوگوں کو جِتنے ہیں اُس سے سَو گُناہ زِیادہ کرے لیکن اَے میرے مالِک بادشاہ کیا وہ سب کے سب میرے مالِک کے خادِم نہیں ہیں؟ پِھر میرا خُداوند یہ بات کیوں چاہتا ہے؟ وہ اِسرائیلؔ کے لِئے خطا کا باعِث کیوں بنے؟ 4تَو بھی بادشاہ کا فرمان یُوآؔب پر غالِب رہا چُنانچہ یُوآؔب رُخصت ہُؤا اور تمام اِسرائیلؔ میں پِھرا اور یروشلیِم کو لَوٹا۔ 5اور یُوآؔب نے لوگوں کے شُمار کی مِیزان داؤُد کو بتائی اور سب اِسرائیلی گیارہ لاکھ شمشیرزن مَرد اور یہُوداؔہ چار لاکھ ستّر ہزار شمشیرزن مَرد تھے۔ 6لیکن اُس نے لاوؔی اور بِنیمِین کا شُمار اُن کے ساتھ نہیں کِیا تھا کیونکہ بادشاہ کا حُکم یُوآؔب کے نزدِیک نفرت انگیز تھا۔
7لیکن خُدا اِس بات سے ناراض ہُؤا اِس لِئے اُس نے اِسرائیلؔ کو مارا۔ 8تب داؤُد نے خُدا سے کہا کہ مُجھ سے بڑا گُناہ ہُؤا کہ مَیں نے یہ کام کِیا۔ اب مَیں تیری مِنّت کرتا ہُوں کہ اپنے بندہ کا قُصُور مُعاف کر کیونکہ مَیں نے بیہُودہ کام کِیا ہے۔
9اور خُداوند نے داؤُد کے غَیب بِین جاد سے کہا۔ 10کہ جا کر داؤُد سے کہہ خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ مَیں تیرے سامنے تِین چِیزیں پیش کرتا ہُوں۔ اُن میں سے ایک چُن لے تاکہ مَیں اُسے تُجھ پر بھیجُوں۔
11سو جاد نے داؤُد کے پاس آ کر اُس سے کہا خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ تُو جِسے چاہے اُسے چُن لے۔ 12یا تو قحط کے تِین برس یا اپنے دُشمنوں کے آگے تِین مہِینے تک ہلاک ہوتے رہنا اَیسے حال میں کہ تیرے دُشمنوں کی تلوار تُجھ پر وار کرتی رہے یا تِین دِن خُداوند کی تلوار یعنی مُلک میں وبا رہے اور خُداوند کا فرِشتہ اِسرائیلؔ کی سب سرحدّوں میں مارتا رہے۔ اب سوچ لے کہ مَیں اپنے بھیجنے والے کو کیا جواب دُوں۔
13داؤُد نے جاد سے کہا مَیں بڑے شکنجہ میں ہُوں۔ مَیں خُداوند کے ہاتھ میں پڑوُں کیونکہ اُس کی رحمتیں بُہت زِیادہ ہیں۔ لیکن اِنسان کے ہاتھ میں نہ پڑوُں۔
14سو خُداوند نے اِسرائیلؔ میں وبا بھیجی اور اِسرائیلؔ میں سے ستّر ہزار آدمی مَر گئے۔ 15اور خُدا نے ایک فرِشتہ یروشلیِم کو بھیجا کہ اُسے ہلاک کرے اور جب وہ ہلاک کرنے ہی کو تھا تو خُداوند دیکھ کر اُس بلا سے ملُول ہُؤا اور اُس ہلاک کرنے والے فرِشتہ سے کہا بس اب اپنا ہاتھ کھینچ اور خُداوند کا فرِشتہ یبُوسی اُرناؔن کے کھلِیہان کے پاس کھڑا تھا۔
16اور داؤُد نے اپنی آنکھیں اُٹھا کر آسمان و زمِین کے بِیچ خُداوند کے فرِشتہ کو کھڑے دیکھا اور اُس کے ہاتھ میں ننگی تلوار تھی جو یروشلیِم پر بڑھائی ہُوئی تھی۔ تب داؤُؔد اور بزُرگ ٹاٹ اوڑھے ہُوئے مُنہ کے بل گِرے۔ 17اور داؤُد نے خُدا سے کہا کیا مَیں ہی نے حُکم نہیں کِیا تھا کہ لوگوں کا شُمار کِیا جائے؟ گُناہ تو مَیں نے کِیا اور بڑی شرارت مُجھ سے ہُوئی پر اِن بھیڑوں نے کیا کِیا ہے؟ اَے خُداوند میرے خُدا تیرا ہاتھ میرے اور میرے باپ کے گھرانے کے خِلاف ہو نہ کہ اپنے لوگوں کے خِلاف کہ وہ وبا میں مُبتلا ہوں۔
18تب خُداوند کے فرِشتہ نے جاد کو حُکم کِیا کہ داؤُؔد سے کہے کہ داؤُد جا کر یبُوسی اُرناؔن کے کھلِیہان میں خُداوند کے لِئے ایک قُربان گاہ بنائے۔ 19اور داؤُد جاد کے کلام کے مُوافِق جو اُس نے خُداوند کے نام سے کہا تھا گیا۔ 20اور اُرناؔن نے مُڑ کر اُس فرِشتہ کو دیکھا اور اُس کے چاروں بیٹے جو اُس کے ساتھ تھے چِھپ گئے۔ اُس وقت اُرناؔن گیہُوں داؤتا تھا۔ 21اور جب داؤُد اُرناؔن کے پاس آیا تب اُرناؔن نے نِگاہ کی اور داؤُد کو دیکھا اور کھلِیہان سے باہر نِکل کر داؤُد کے آگے جُھکا اور زمِین پر سرنِگُون ہو گیا۔ 22تب داؤُد نے اُرناؔن سے کہا کہ اِس کھلِیہان کی یہ جگہ مُجھے دیدے تاکہ مَیں اِس میں خُداوند کے لِئے ایک قُربان گاہ بناؤُں تُو اِس کا پُورا دام لے کر مُجھے دے تاکہ وبا لوگوں سے دُور کر دی جائے۔
23اُرناؔن نے داؤُد سے کہا تُو اِسے لے لے اور میرا مالِک بادشاہ جو کُچھ اُسے بھلا معلُوم ہو کرے۔ دیکھ! مَیں اِن بَیلوں کو سوختنی قُربانیوں کے لِئے اور داؤنے کے سامان اِیندھن کے لِئے اور یہ گیہُوں نذر کی قُربانی کے لِئے دیتا ہُوں۔ مَیں یہ سب کُچھ دِئے دیتا ہُوں۔
24داؤُد بادشاہ نے اُرناؔن سے کہا نہیں نہیں بلکہ مَیں ضرُور پُورا دام دے کر تُجھ سے خرِید لُوں گا کیونکہ مَیں اُسے جو تیرا مال ہے خُداوند کے لِئے نہیں لینے کا اور نہ بغَیر خرچ کِئے سوختنی قُربانی چڑھاؤُں گا۔ 25سو داؤُد نے اُرناؔن کو اُس جگہ کے لِئے چھ سَو مِثقال سونا تول کر دِیا۔ 26اور داؤُد نے وہاں خُداوند کے لِئے مذبح بنایا اور سوختنی قُربانِیاں اور سلامتی کی قُربانِیاں چڑھائِیں اور خُداوند سے دُعا کی اور اُس نے آسمان پر سے سوختنی قُربانی کے مذبح پر آگ بھیج کر اُس کو جواب دِیا۔
27اور خُداوند نے اُس فرِشتہ کو حُکم دِیا۔ تب اُس نے اپنی تلوار پِھر مِیان میں کر لی۔ 28اُس وقت جب داؤُؔد نے دیکھا کہ خُداوند نے یبُوسی اُرناؔن کے کھلِیہان میں اُس کو جواب دِیا تھا تو اُس نے وہِیں قُربانی چڑھائی۔ 29کیونکہ اُس وقت خُداوند کا مسکن جِسے مُوسیٰ نے بیابان میں بنایا تھا اور سوختنی قُربانی کا مذبح جِبعُوؔن کی اُونچی جگہ میں تھے۔ 30لیکن داؤُد خُدا سے پُوچھنے کے لِئے اُس کے آگے نہ جا سکا کیونکہ وہ خُداوند کے فرِشتہ کی تلوار کے سبب سے ڈر گیا۔
موجودہ انتخاب:
۱-توارِیخ 21: URD
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
Revised Urdu Holy Bible © Pakistan Bible Society, 1970, 2010.