YouVersion Logo
تلاش

۱-توارِیخ 15

15
عہد کے صندُوق کی مُنتقلی کی تیّاری
1اور داؤُد نے داؤُد کے شہر میں اپنے لِئے محلّ بنائے اور خُدا کے صندُوق کے لِئے ایک جگہ تیّار کر کے اُس کے لِئے ایک خَیمہ کھڑا کِیا۔ 2تب داؤُد نے کہا کہ لاوِیوں کے سِوا اَور کِسی کو خُدا کے صندُوق کو اُٹھانا نہیں چاہئے کیونکہ خُداوند نے اُن ہی کو چُنا ہے کہ خُدا کے صندُوق کو اُٹھائیں اور ہمیشہ اُس کی خِدمت کریں۔ 3اور داؤُد نے سارے اِسرائیلؔ کو یروشلیِم میں جمع کِیا تاکہ خُداوند کے صندُوق کو اُس جگہ جو اُس نے اُس کے لِئے تیّار کی تھی لے آئیں۔ 4اور داؤُد نے بنی ہارُون کو اور لاویوں کو اِکٹّھا کِیا۔ 5یعنی بنی قِہات میں سے اُورؔی ایل سردار اور اُس کے ایک سَو بِیس بھائیوں کو۔ 6بنی مِراری میں سے عساؔیاہ سردار اور اُس کے دو سَو بِیس بھائیوں کو۔ 7بنی جیرسوم میں سے یُوایل سردار اور اُس کے ایک سَو تِیس بھائِیوں کو۔ 8بنی الِیصفن میں سے سمعیاؔہ سردار اور اُس کے دو سَو بھائِیوں کو۔ 9بنی حبرُون میں سے الی اؔیل سردار اور اُس کے اسّی بھائیوں کو۔ 10بنی عُزّی ایل میں سے عمِّینداؔب سردار اور اُس کے ایک سَو بارہ بھائیوں کو۔
11اور داؤُد نے صدُوؔق اور ابیاتر کاہِنوں کو اور اُوری ایل اور عساؔیاہ اور یُواؔیل اور سمعیاؔہ اور الی اؔیل اور عمِّینداؔب لاویوں کو بُلایا۔ 12اور اُن سے کہا کہ تُم لاویوں کے آبائی خاندانوں کے سردار ہو۔ تُم اپنے آپ کو پاک کرو۔ تُم بھی اور تُمہارے بھائی بھی تاکہ تُم خُداوند اِسرائیلؔ کے خُدا کے صندُوق کو اُس جگہ جو مَیں نے اُس کے لِئے تیّار کی ہے لا سکو۔ 13کیونکہ جب تُم نے پہلی بار اُسے نہ اُٹھایا تو خُداوند ہمارا خُدا ہم پر ٹُوٹ پڑا کیونکہ ہم آئِین کے مُطابِق اُس کے طالِب نہیں ہُوئے تھے۔
14تب کاہِنوں اور لاویوں نے خُداوند اِسرائیلؔ کے خُدا کے صندُوق کو لانے کے لِئے اپنے آپ کو پاک کِیا۔ 15اور بنی لاوی نے خُدا کے صندُوق کو جَیسا مُوسیٰ نے خُداوند کے کلام کے مُوافِق حُکم کِیا تھا چوبوں سے اپنے کندھوں پر اُٹھایا لِیا۔
16اور داؤُد نے لاویوں کے سرداروں کو فرمایا کہ اپنے بھائِیوں میں سے گانے والوں کو مُقرّر کریں کہ مُوسِیقی کے ساز یعنی سِتار اور بربط اور جھانجھ بجائیں اور آواز بُلند کر کے خُوشی سے گائیں۔ 17سو لاویوں نے ہَیماؔن بِن یُواؔیل کو مُقرّر کِیا اور اُس کے بھائیوں میں سے آسف بِن برکیاؔہ کو اور اُن کے بھائیوں بنی مِراری میں سے ایتاؔن بِن قُوسِیاؔہ کو۔ 18اور اُن کے ساتھ اُن کے دُوسرے درجہ کے بھائیوں یعنی زکرِیاؔہ بین اور یعزِیئیل اور سمِیراموؔت اور یحیِئیل اور عنّی اور الِیاؔب اور بِنایاؔہ اور معسیاؔہ اور متِّتیاؔہ اور الِفلہُو اور مِقنیاؔہ اور عوبیدادؔوم اور یعی ایل کو جو دربان تھے۔ 19پس گانے والے ہَیماؔن۔ آسف اور ایتاؔن مُقرّر ہُوئے کہ پِیتل کی جھانجھوں کو زور سے بجائیں۔ 20اور زکرؔیاہ اور عزیئیل اور سمِیراموؔت اور یحیِئیل اور عنّی اور الِیاؔب اور معسیاؔہ اور بِنایاؔہ سِتار کو علاموت راگ پر چھیڑیں۔
21اور متِّتیاؔہ اور الِفلہُو اور مِقنیاؔہ اور عوبیدادؔوم اور یعیِئیل اور عززیاؔہ شمِینت راگ پر سِتار بجائیں۔
22اور کنانیاؔہ لاویوں کا سردار گِیت پر مُقرّر تھا۔ وہ گِیت سِکھاتا تھا کیونکہ وہ بڑا ہی ماہِر تھا۔ 23اور برکیاؔہ اور القانہ صندُوق کے دربان تھے۔ 24اور شبنیاؔہ اور یہُوسفط اور نتنئِیل اور عماسی اور زکرؔیاہ اور بِنایاؔہ اور الِیعزر کاہِن خُدا کے صندُوق کے آگے آگے نرسِنگے پُھونکتے جاتے تھے اور عوبیدادوؔم اور یحیاؔہ صندُوق کے دربان تھے۔
عہد کے صندُوق کی یروشلیِم میں مُنتقلی
25سو داؤُؔد اور اِسرائیلؔ کے بُزُرگ اور ہزاروں کے سردار روانہ ہُوئے کہ خُداوند کے عہد کے صندُوق کو عوبیدادؔوم کے گھر سے خُوشی مناتے ہُوئے لائیں۔ 26اور اَیسا ہُؤا کہ جب خُدا نے اُن لاویوں کی جو خُداوند کے عہد کے صندُوق کو اُٹھائے ہُوئے تھے مدد کی تو اُنہوں نے سات بَیل اور سات مینڈھے قُربان کِئے۔ 27اور داؤُؔد اور سب لاوی جو صندُوق کو اُٹھائے ہُوئے تھے اور گانے والے اور گانے والوں کے ساتھ کنانیاؔہ جو گانے میں اُستاد تھا کتانی پَیراہنوں سے مُلبّس تھے اور داؤد کتان کا افُود بھی پہنے تھا۔ 28یُوں سب اِسرائیلی نعرہ مارتے اور نرسِنگوں اور تُرہِیوں اور جھانجھوں کی آواز کے ساتھ سِتار اور بربط کو زور سے بجاتے ہُوئے خُداوند کے عہد کے صندُوق کو لائے۔
29اور اَیسا ہُؤا کہ جب خُداوند کے عہد کا صندُوق داؤُد کے شہر میں پُہنچا تو ساؤُؔل کی بیٹی مِیکل نے کِھڑکی میں سے جھانک کر داؤُد بادشاہ کو خُوب ناچتے کُودتے دیکھا اور اُس نے اپنے دِل میں اُس کو حقِیر جانا۔

موجودہ انتخاب:

۱-توارِیخ 15: URD

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in