۱-توارِیخ 12
12
بنیِمیِن کے قبِیلہ سے داؤُد کے اِبتدائی اِتحادی
1یہ وہ ہیں جو صِقلاؔج میں داؤُد کے پاس آئے جب کہ وہ ہنُوز قِیس کے بیٹے ساؤُل کے سبب سے چِھپا رہتا تھا اور وہ اُن سُورماؤں میں تھے جو لڑائی میں اُس کے مددگار تھے۔ 2اُن کے پاس کمانیں تِھیں اور وہ فلاخن سے پتّھر مارتے اور کمان سے تِیر چلاتے وقت دہنے اور بائیں دونوں ہاتھوں کو کام میں لا سکتے تھے اور ساؤُل کے بِنیمِینی بھائیوں میں سے تھے۔
3اخیعزر سردار تھا۔ پِھر یُوآؔس بنی سماعہ جِبعاتی
اور یزئیل اور فلط جو عزماوؔت کے بیٹے تھے
اور براکہ اور یاہُو عنتوتی۔
4اور اسماعیہ جِبعُونی جو تِیسوں میں سُورما اور اُن تِیسوں کا سردار تھا
اور یِرمیاؔہ اور یحزِیئیل اور یُوحناؔن اور یُوزباد جدِیراتی۔
5اِلعوزؔی اور یرِیموؔت اور بعلیاؔہ اور سمریاؔہ اور سفطیاؔہ خروفی۔
6القانہ اور یسیاہ اور عزراؔیل اور یُوعزؔر اور یسُوبِعاؔم جو قُرحی تھے۔
7اور یُوعیلہ اور زبدؔیاہ جو یروحاؔم جدُوری کے بیٹے تھے۔
جد کے قبِیلہ سے داؤُد کے اِتحادی
8اور جدّیوں میں سے بہتیرے الگ ہو کر بیابان کے قلعہ میں داؤُد کے پاس آ گئے۔ وہ زبردست سُورما اور جنگ آموختہ لوگ تھے جو ڈھال اور برچھی کا اِستعمال جانتے تھے۔ اُن کی صُورتیں اَیسی تِھیں جَیسی شیروں کی صُورتیں اور وہ پہاڑوں پر کی ہرنیوں کی مانِند تیز رَو تھے۔ 9اوّل عزر تھا۔ عبدؔیاہ دُوسرا۔ الِیاؔب تِیسرا۔ 10مِسمنّہ چَوتھا۔ یِرمیاؔہ پانچواں۔ 11عتّی چھٹا۔ الی ایل ساتواں۔ 12یُوحناؔن آٹھواں۔ اِلزباد نواں۔ 13یِرمیاؔہ دسواں۔ مکبانی گیارھواں۔
14یہ بنی جد میں سے سر لشکر تھے۔ اِن میں سب سے چھوٹا سَو کے برابر اور سب سے بڑا ہزار کے برابر تھا۔ 15یہ وہ ہیں جو پہلے مہِینے میں یَردؔن کے پار گئے جب اُس کے سب کنارے ڈُوبے ہُوئے تھے اور اُنہوں نے وادیوں کے سب لوگوں کو مشرِق اور مغرِب کی طرف بھگا دِیا۔
بنِیمیِن اور یہُوداؔہ کے قبِیلوں سے اِتحادی
16اور بنی بِنیمِین اور یہُوداؔہ میں سے کُچھ لوگ قلعہ میں داؤُد کے پاس آئے۔ 17تب داؤُد اُن کے اِستقبال کو نِکلا اور اُن سے کہنے لگا اگر تُم نیک نِیّتی سے میری مدد کے لِئے میرے پاس آئے ہو تو میرا دِل تُم سے مِلا رہے گا پر اگر مُجھے میرے دُشمنوں کے ہاتھ میں پکڑوانے آئے ہو حالانکہ میرا ہاتھ ظُلم سے پاک ہے تو ہمارے باپ دادا کا خُدا یہ دیکھے اور ملامت کرے۔
18تب رُوح عماسی پر نازِل ہُوئی جو اُن تِیسوں کا سردار تھا اور وہ کہنے لگا
ہم تیرے ہیں اَے داؤُد اور ہم تیری طرف ہیں اَے یسّی کے بیٹے!
سلامتی تیری سلامتی اور تیرے مددگاروں کی سلامتی ہو! کیونکہ تیرا خُدا تیری مدد کرتا ہے۔ تب داؤُد نے اُن کو قبُول کِیا اور اُن کو فَوج کے سردار بنایا۔
منّسی کے قبِیلہ سے اِتحادی
19اور منسّی میں سے کُچھ لوگ داؤُد سے مِل گئے جب وہ ساؤُل کے مُقابِل جنگ کے لِئے فِلستیوں کے ساتھ نِکلا۔ پر اُنہوں نے اُن کی مدد نہ کی کیونکہ فِلستیوں کے اُمرا نے صلاح کر کے اُسے لَوٹا دِیا اور کہنے لگے کہ وہ ہمارے سر کاٹ کر اپنے آقا ساؤُل سے جا مِلے گا۔ 20جب وہ صِقلاؔج کو جا رہا تھا منسّی میں سے عدنہ اور یُوزباد اور یدی عیل اور مِیکاایل اور یُوزباد اور الیہو اور ضِلتی جو بنی منسّی میں ہزاروں کے سردار تھے اُس سے مِل گئے۔ 21اُنہوں نے غارت گروں کے جتھے کے مُقابلہ میں داؤُد کی مدد کی کیونکہ وہ سب زبردست سُورما اور لشکر کے سردار تھے۔ 22بلکہ روز بروز لوگ داؤُد کے پاس اُس کی مدد کو آتے گئے یہاں تک کہ خُدا کی فَوج کی مانِند ایک بڑی فَوج تیّار ہو گئی۔
داؤُد کی فَوجوں کی فہرِست
23اور جو لوگ جنگ کے لِئے ہتھیار باندھ کر حبرُوؔن میں داؤُد کے پاس آئے تاکہ خُداوند کی بات کے مُوافِق ساؤُل کی مُملکت کو اُس کی طرف مُنتقِل کریں اُن کا شُمار یہ ہے۔
24بنی یہُوداؔہ چھ ہزار آٹھ سَو جو سِپر اور نیزہ لِئے ہُوئے جنگ کے لِئے مُسلّح تھے۔
25بنی شمعُون میں سے جنگ کے لِئے سات ہزار ایک سَو زبردست سُورما۔
26بنی لاوی میں سے چار ہزار چھ سَو۔
27اور یہویدؔع ہارُونیوں کا سردار تھا اور اُس کے ساتھ تِین ہزار سات سَو تھے۔
28اور صدوؔق ایک جوان سُورما اور اُس کے آبائی گھرانے کے بائِیس سردار۔
29اور ساؤُل کے بھائی بنی بِنیمِین میں سے تِین ہزار لیکن اُس وقت تک اُن کا بُہت بڑا حِصّہ ساؤُل کے گھرانے کا طرف دار تھا۔
30اور بنی اِفرائِیم میں سے بِیس ہزار آٹھ سَو زبردست سُورما جو اپنے آبائی خاندانوں میں نامی آدمی تھے۔
31اور منسّی کے آدھے قبِیلہ سے اٹھارہ ہزار جِن کے نام بتائے گئے تھے کہ آ کر داؤُد کو بادشاہ بنائیں۔
32اور بنی اِشکار میں سے اَیسے لوگ جو زمانہ کو سمجھتے اور جانتے تھے کہ اِسرائیلؔ کو کیا کرنا مُناسِب ہے اُن کے سردار دو سَو تھے اور اُن کے سب بھائی اُن کے حُکم میں تھے۔
33اور زبُولُون میں سے اَیسے لوگ جو مَیدان میں جانے اور ہر قِسم کے جنگی آلات کے ساتھ معرکہ آرائی کے قابِل تھے پچاس ہزار۔ یہ صف آرائی کرنا جانتے تھے اور دو دِلے نہ تھے۔
34اور نفتالی میں سے ایک ہزار سردار اور اُن کے ساتھ سَینتِیس ہزار ڈھالیں اور بھالے لِئے ہُوئے۔
35اور دانِیوں میں سے اٹھائِیس ہزار چھ سَو معرکہ آرائی کرنے والے۔
36اور آشر میں سے چالِیس ہزار جو مَیدان میں جانے اور معرکہ آرائی کے قابِل تھے۔
37اور یَردؔن کے پار کے رُوبِینیوں اور جدِّیوں اور منسّی کے آدھے قبِیلہ میں سے ایک لاکھ بِیس ہزار جِن کے ساتھ لڑائی کے لِئے ہر قِسم کے جنگی آلات تھے۔
38یہ سب جنگی مَرد جو معرکہ آرائی کر سکتے تھے خلُوصِ دِل سے حبرُوؔن کو آئے تاکہ داؤُد کو سارے اِسرائیلؔ کا بادشاہ بنائیں اور باقی سب اِسرائیلی بھی داؤُد کو بادشاہ بنانے پر مُتّفِق تھے۔ 39اور وہ وہاں داؤُد کے ساتھ تِین دِن تک ٹھہرے اور کھاتے پِیتے رہے کیونکہ اُن کے بھائِیوں نے اُن کے لِئے تیّاری کی تھی۔ 40ماسِوا اِن کے جو اُن کے قرِیب کے تھے بلکہ اِشکار اور زبُولُون اور نفتالی تک کے لوگ گدھوں اور اُونٹوں اور خچّروں اور بَیلوں پر روٹیاں اور مَیدہ کی بنی ہُوئی کھانے کی چِیزیں اور انجِیر کی ٹِکیاں۔ اور کِشمِش کے گُچھّے اور مَے اور تیل لادے ہُوئے اور بَیل اور بھیڑ بکریاں اِفراط سے لائے اِس لِئے کہ اِسرائیل میں خُوشی تھی۔
موجودہ انتخاب:
۱-توارِیخ 12: URD
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
Revised Urdu Holy Bible © Pakistan Bible Society, 1970, 2010.