زکریاہ 3
3
چوتھی رویا: امامِ اعظم یشوع
1اِس کے بعد رب نے مجھے رویا میں امامِ اعظم یشوع کو دکھایا۔ وہ رب کے فرشتے کے سامنے کھڑا تھا، اور ابلیس اُس پر الزام لگانے کے لئے اُس کے دائیں ہاتھ کھڑا ہو گیا تھا۔ 2رب نے ابلیس سے فرمایا، ”اے ابلیس، رب تجھے ملامت کرتا ہے! رب جس نے یروشلم کو چن لیا وہ تجھے ڈانٹتا ہے! یہ آدمی تو بال بال بچ گیا ہے، اُس لکڑی کی طرح جو بھڑکتی آگ میں سے چھین لی گئی ہے۔“
3یشوع گندے کپڑے پہنے ہوئے فرشتے کے سامنے کھڑا تھا۔ 4جو افراد ساتھ کھڑے تھے اُنہیں فرشتے نے حکم دیا، ”اُس کے مَیلے کپڑے اُتار دو۔“ پھر یشوع سے مخاطب ہوا، ”دیکھ، مَیں نے تیرا قصور تجھ سے دُور کر دیا ہے، اور اب مَیں تجھے شاندار سفید کپڑے پہنا دیتا ہوں۔“ 5مَیں نے کہا، ”وہ اُس کے سر پر پاک صاف پگڑی باندھیں!“ چنانچہ اُنہوں نے یشوع کے سر پر پاک صاف پگڑی باندھ کر اُسے نئے کپڑے پہنائے۔ رب کا فرشتہ ساتھ کھڑا رہا۔ 6یشوع سے اُس نے بڑی سنجیدگی سے کہا،
7”رب الافواج فرماتا ہے، ’میری راہوں پر چل کر میرے احکام پر عمل کر تو تُو میرے گھر کی راہنمائی اور اُس کی بارگاہوں کی دیکھ بھال کرے گا۔ پھر مَیں تیرے لئے یہاں آنے اور حاضرین میں کھڑے ہونے کا راستہ قائم رکھوں گا۔
8اے امامِ اعظم یشوع، سن! تُو اور تیرے سامنے بیٹھے تیرے امام بھائی مل کر اُس وقت کی طرف اشارہ ہیں جب مَیں اپنے خادم کو جو کونپل کہلاتا ہے آنے دوں گا۔ 9دیکھو وہ جوہر جو مَیں نے یشوع کے سامنے رکھا ہے۔ اُس ایک ہی پتھر پر سات آنکھیں ہیں۔‘ رب الافواج فرماتا ہے، ’مَیں اُس پر کتبہ کندہ کر کے ایک ہی دن میں اِس ملک کا گناہ مٹا دوں گا۔ 10اُس دن تم ایک دوسرے کو اپنی انگور کی بیل اور اپنے انجیر کے درخت کے سائے میں بیٹھنے کی دعوت دو گے۔‘ یہ رب الافواج کا فرمان ہے۔“
موجودہ انتخاب:
زکریاہ 3: URDGVU
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
Copyright © 2019 Urdu Geo Version. CC-BY-NC-ND