YouVersion Logo
تلاش

ناحوم 1

1
اللہ کے غضب کا اظہار
1ذیل میں نینوہ کے بارے میں وہ کلام قلم بند ہے جو اللہ نے رویا میں ناحوم اِلقُوشی کو دکھایا۔
2رب غیرت مند اور انتقام لینے والا خدا ہے۔ انتقام لیتے وقت رب اپنا پورا غصہ اُتارتا ہے۔ رب اپنے مخالفوں سے بدلہ لیتا اور اپنے دشمنوں سے ناراض رہتا ہے۔
3رب تحمل سے بھرپور ہے، اور اُس کی قدرت عظیم ہے۔ وہ قصوروار کو کبھی بھی سزا دیئے بغیر نہیں چھوڑتا۔
وہ آندھی اور طوفان سے گھرا ہوا چلتا ہے، اور بادل اُس کے پاؤں تلے کی گرد ہوتے ہیں۔
4وہ سمندر کو ڈانٹتا تو وہ سوکھ جاتا، اُس کے حکم پر تمام دریا خشک ہو جاتے ہیں۔ تب بسن اور کرمل کی شاداب ہریالی مُرجھا جاتی اور لبنان کے پھول کملا جاتے ہیں۔
5اُس کے سامنے پہاڑ لرز اُٹھتے، پہاڑیاں پگھل جاتی ہیں۔ اُس کے حضور پوری زمین اپنے باشندوں سمیت لرز اُٹھتی ہے۔
6کون اُس کی ناراضی اور اُس کے شدید قہر کا سامنا کر سکتا ہے؟ اُس کا غضب آگ کی طرح بھڑک کر زمین پر نازل ہوتا ہے، اُس کے آنے پر پتھر پھٹ کر ٹکڑے ٹکڑے ہو جاتے ہیں۔
7رب مہربان ہے۔ مصیبت کے دن وہ مضبوط قلعہ ہے، اور جو اُس میں پناہ لیتے ہیں اُنہیں وہ جانتا ہے۔
8لیکن اپنے دشمنوں پر وہ سیلاب لائے گا جو اُن کے مقام کو غرق کرے گا۔ جہاں بھی دشمن بھاگ جائے وہاں اُس پر تاریکی چھا جانے دے گا۔
9رب کے خلاف منصوبہ باندھنے کا کیا فائدہ؟ وہ تو تمہیں ایک دم تباہ کر دے گا، دوسری بار تم پر آفت لانے کی ضرورت ہی نہیں ہو گی۔
10کیونکہ گو دشمن گھنی اور خاردار جھاڑیوں اور نشے میں دُھت شرابی کی مانند ہیں، لیکن وہ جلد ہی خشک بھوسے کی طرح بھسم ہو جائیں گے۔
11اے نینوہ، تجھ سے وہ نکل آیا جس نے رب کے خلاف بُرے منصوبے باندھے، جس نے شیطانی مشورے دیئے۔
12لیکن اپنی قوم سے رب فرماتا ہے، ”گو دشمن طاقت ور اور بےشمار کیوں نہ ہوں توبھی اُنہیں مٹایا جائے گا اور وہ غائب ہو جائیں گے۔ بےشک مَیں نے تجھے پست کر دیا، لیکن آئندہ ایسا نہیں کروں گا۔ 13اب مَیں وہ جوا توڑ ڈالوں گا جو اُنہوں نے تیری گردن پر رکھ دیا تھا، مَیں تیری زنجیروں کو پھاڑ ڈالوں گا۔“
14لیکن نینوہ سے رب فرماتا ہے، ”آئندہ تیری کوئی اولاد قائم نہیں رہے گی جو تیرا نام رکھے۔ جتنے بھی بُت اور مجسمے تیرے مندر میں پڑے ہیں اُن سب کو مَیں نیست و نابود کر دوں گا۔ مَیں تیری قبر تیار کر رہا ہوں، کیونکہ تُو کچھ بھی نہیں ہے۔“
نینوہ کی شکست
15وہ دیکھو، پہاڑوں پر اُس کے قدم چل رہے ہیں جو امن و امان کی خوش خبری سناتا ہے۔ اے یہوداہ، اب اپنی عیدیں منا، اپنی مَنتیں پوری کر! کیونکہ آئندہ شیطانی آدمی تجھ میں نہیں گھسے گا، وہ سراسر مٹ گیا ہے۔

موجودہ انتخاب:

ناحوم 1: URDGVU

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in