YouVersion Logo
تلاش

یرمیاہ 21

21
بابل کی فوج یروشلم پر فتح پائے گی
1ایک دن صِدقیاہ بادشاہ نے فشحور بن ملکیاہ اور معسیاہ کے بیٹے صفنیاہ امام کو یرمیاہ کے پاس بھیج دیا۔ اُس کے پاس پہنچ کر اُنہوں نے کہا، 2”بابل کا بادشاہ نبوکدنضر ہم پر حملہ کر رہا ہے۔ شاید جس طرح رب نے ماضی میں کئی بار کیا اِس دفعہ بھی ہماری مدد کر کے نبوکدنضر کو معجزانہ طور پر یروشلم کو چھوڑنے پر مجبور کرے۔ رب سے اِس کے بارے میں دریافت کریں۔“
تب رب کا کلام یرمیاہ پر نازل ہوا، 3اور اُس نے دونوں آدمیوں سے کہا، ”صِدقیاہ کو بتاؤ کہ 4رب جو اسرائیل کا خدا ہے فرماتا ہے، ’بےشک شہر سے نکل کر بابل کی محاصرہ کرنے والی فوج اور اُس کے بادشاہ سے لڑو۔ لیکن مَیں تمہیں پیچھے دھکیل کر شہر میں پناہ لینے پر مجبور کروں گا۔ وہاں اُس کے بیچ میں ہی تم اپنے ہتھیاروں سمیت جمع ہو جاؤ گے۔ 5مَیں خود اپنا ہاتھ بڑھا کر بڑی قدرت سے تمہارے ساتھ لڑوں گا، مَیں اپنے غصے اور طیش کا پورا اظہار کروں گا، میرا سخت غضب تم پر نازل ہو گا۔ 6شہر کے باشندے میرے ہاتھ سے ہلاک ہو جائیں گے، خواہ انسان ہوں یا حیوان۔ مہلک وبا اُنہیں موت کے گھاٹ اُتار دے گی۔‘ 7رب فرماتا ہے، ’اِس کے بعد مَیں یہوداہ کے بادشاہ صِدقیاہ کو اُس کے افسروں اور باقی باشندوں سمیت بابل کے بادشاہ نبوکدنضر کے حوالے کر دوں گا۔ وبا، تلوار اور کال سے بچنے والے سب اپنے جانی دشمن کے قابو میں آ جائیں گے۔ تب نبوکدنضر بےرحمی سے اُنہیں تلوار سے مار دے گا۔ نہ اُسے اُن پر ترس آئے گا، نہ وہ ہم دردی کا اظہار کرے گا۔‘
8اِس قوم کو بتا کہ رب فرماتا ہے، ’مَیں تمہیں اپنی جان کو بچانے کا موقع فراہم کرتا ہوں۔ اِس سے فائدہ اُٹھاؤ، ورنہ تم مرو گے۔ 9اگر تم تلوار، کال یا وبا سے مرنا چاہو تو اِس شہر میں رہو۔ لیکن اگر تم اپنی جان کو بچانا چاہو تو شہر سے نکل کر اپنے آپ کو بابل کی محاصرہ کرنے والی فوج کے حوالے کرو۔ جو کوئی یہ کرے اُس کی جان چھوٹ جائے گی۔‘#21‏:9 اُس کی جان چھوٹ جائے گی: لفظی ترجمہ: وہ غنیمت کے طور پر اپنی جان کو بچائے گا۔
10رب فرماتا ہے، ’مَیں نے اٹل فیصلہ کیا ہے کہ اِس شہر پر مہربانی نہیں کروں گا بلکہ اِسے نقصان پہنچاؤں گا۔ اِسے شاہِ بابل کے حوالے کر دیا جائے گا جو اِسے آگ لگا کر تباہ کرے گا۔‘
11یہوداہ کے شاہی خاندان سے کہہ، ’رب کا کلام سنو! 12اے داؤد کے گھرانے، رب فرماتا ہے کہ ہر صبح لوگوں کا انصاف کرو۔ جسے لُوٹ لیا گیا ہو اُسے ظالم کے ہاتھ سے بچاؤ! ایسا نہ ہو کہ میرا غضب تمہاری شریر حرکتوں کی وجہ سے تم پر نازل ہو کر آگ کی طرح بھڑک اُٹھے اور کوئی نہ ہو جو اُسے بجھا سکے۔
13رب فرماتا ہے کہ اے یروشلم، تُو وادی کے اوپر اونچی چٹان پر رہ کر فخر کرتی ہے کہ کون ہم پر حملہ کرے گا، کون ہمارے گھروں میں گھس سکتا ہے؟ لیکن اب مَیں خود تجھ سے نپٹ لوں گا۔ 14رب فرماتا ہے کہ مَیں تمہاری حرکتوں کا پورا اجر دوں گا۔ مَیں یروشلم کے جنگل میں ایسی آگ لگا دوں گا جو ارد گرد سب کچھ بھسم کر دے گی‘۔“

موجودہ انتخاب:

یرمیاہ 21: URDGVU

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in