رب مجھ سے ہم کلام ہوا، ”ایک بڑا تختہ لے کر اُس پر صاف الفاظ میں لکھ دے، ’جلد ہی لُوٹ کھسوٹ، سُرعت سے غارت گری‘۔“ مَیں نے اُوریاہ امام اور زکریاہ بن یبرکیاہ کی موجودگی میں ایسا ہی لکھ دیا، کیونکہ دونوں معتبر گواہ تھے۔ اُس وقت جب مَیں اپنی بیوی نبیہ کے پاس گیا تو وہ اُمید سے ہوئی۔ بیٹا پیدا ہوا، اور رب نے مجھے حکم دیا، ”اِس کا نام ’جلد ہی لُوٹ کھسوٹ، سُرعت سے غارت گری‘ رکھ۔ کیونکہ اِس سے پہلے کہ لڑکا ’ابو‘ یا ’امی‘ کہہ سکے دمشق کی دولت اور سامریہ کا مال و اسباب چھین لیا گیا ہو گا، اسور کے بادشاہ نے سب کچھ لُوٹ لیا ہو گا۔“ ایک بار پھر رب مجھ سے ہم کلام ہوا، ”یہ لوگ یروشلم میں آرام سے بہنے والے شِلوخ نالے کا پانی مسترد کر کے رضین اور فِقَح بن رملیاہ سے خوش ہیں۔ اِس لئے رب اُن پر دریائے فرات کا زبردست سیلاب لائے گا، اسور کا بادشاہ اپنی تمام شان و شوکت کے ساتھ اُن پر ٹوٹ پڑے گا۔ اُس کی تمام دریائی شاخیں اپنے کناروں سے نکل کر سیلاب کی صورت میں یہوداہ پر سے گزریں گی۔ اے عمانوایل، پانی پرندے کی طرح اپنے پَروں کو پھیلا کر تیرے پورے ملک کو ڈھانپ لے گا، اور لوگ گلے تک اُس میں ڈوب جائیں گے۔“ اے قومو، بےشک جنگ کے نعرے لگاؤ۔ تم پھر بھی چِکنا چُور ہو جاؤ گی۔ اے دُوردراز ممالک کے تمام باشندو، دھیان دو! بےشک جنگ کے لئے تیاریاں کرو۔ تم پھر بھی پاش پاش ہو جاؤ گے۔ کیونکہ جنگ کے لئے تیاریاں کرنے کے باوجود بھی تمہیں کچلا جائے گا۔ جو بھی منصوبہ تم باندھو، بات نہیں بنے گی۔ آپس میں جو بھی فیصلہ کرو، تم ناکام ہو جاؤ گے، کیونکہ اللہ ہمارے ساتھ ہے۔ جس وقت رب نے مجھے مضبوطی سے پکڑ لیا اُس وقت اُس نے مجھے اِس قوم کی راہوں پر چلنے سے خبردار کیا۔ اُس نے فرمایا، ”ہر بات کو سازش مت سمجھنا جو یہ قوم سازش سمجھتی ہے۔ جس سے یہ لوگ ڈرتے ہیں اُس سے نہ ڈرنا، نہ دہشت کھانا بلکہ رب الافواج سے ڈرو۔ اُسی سے دہشت کھاؤ اور اُسی کو قدوس مانو۔ تب وہ اسرائیل اور یہوداہ کا مقدِس ہو گا، ایک ایسا پتھر جو ٹھوکر کا باعث بنے گا، ایک چٹان جو ٹھیس لگنے کا سبب ہو گی۔ یروشلم کے باشندے اُس کے پھندے اور جال میں اُلجھ جائیں گے۔ اُن میں سے بہت سارے ٹھوکر کھائیں گے۔ وہ گر کر پاش پاش ہو جائیں گے اور پھندے میں پھنس کر پکڑے جائیں گے۔“
پڑھیں یسعیاہ 8
سنیں یسعیاہ 8
دوسروں تک پہنچائیں
مختلف ترجموں سے موازنہ: یسعیاہ 1:8-15
آیات کو محفوظ کریں، Internet کے بغیر پڑھیں، تدریسی video دیکھیں، اور بہت کچھ!
صفحہ اول
بائبل
مطالعاتی منصوبہ
Videos