YouVersion Logo
تلاش

یسعیاہ 65

65
رب کا غضب قوم پر نازل ہو گا
1”جو میرے بارے میں دریافت نہیں کرتے تھے اُنہیں مَیں نے مجھے ڈھونڈنے کا موقع دیا۔ جو مجھے تلاش نہیں کرتے تھے اُنہیں مَیں نے مجھے پانے کا موقع دیا۔ مَیں بولا، ’مَیں حاضر ہوں، مَیں حاضر ہوں!‘ حالانکہ جس قوم سے مَیں مخاطب ہوا وہ میرا نام نہیں پکارتی تھی۔
2دن بھر مَیں نے اپنے ہاتھ پھیلائے رکھے تاکہ ایک سرکش قوم کا استقبال کروں، حالانکہ یہ لوگ غلط راہ پر چلتے اور اپنے کج رَو خیالات کے پیچھے پڑے رہتے ہیں۔ 3یہ متواتر اور میرے رُوبرُو ہی مجھے ناراض کرتے ہیں۔ کیونکہ یہ باغوں میں قربانیاں چڑھا کر اینٹوں کی قربان گاہوں پر بخور جلاتے ہیں۔ 4یہ قبرستان میں بیٹھ کر خفیہ غاروں میں رات گزارتے ہیں۔ یہ سؤر کا گوشت کھاتے ہیں، اُن کی دیگوں میں قابلِ گھن شوربہ ہوتا ہے۔ 5ساتھ ساتھ یہ ایک دوسرے سے کہتے ہیں، ’مجھ سے دُور رہو، قریب مت آنا! کیونکہ مَیں تیری نسبت کہیں زیادہ مُقدّس ہوں۔‘
اِس قسم کے لوگ میری ناک میں دھوئیں کی مانند ہیں، ایک آگ جو دن بھر جلتی رہتی ہے۔ 6دیکھو، یہ بات میرے سامنے ہی قلم بند ہوئی ہے کہ مَیں خاموش نہیں رہوں گا بلکہ پورا پورا اجر دوں گا۔ مَیں اُن کی جھولی اُن کے اجر سے بھر دوں گا۔“ 7رب فرماتا ہے، ”اُنہیں نہ صرف اُن کے اپنے گناہوں کی سزا ملے گی بلکہ باپ دادا کے گناہوں کی بھی۔ چونکہ اُنہوں نے پہاڑوں پر بخور کی قربانیاں چڑھا کر میری تحقیر کی اِس لئے مَیں اُن کی جھولی اُن کی حرکتوں کے معاوضے سے بھر دوں گا۔“
موت نہ چنو بلکہ حیات!
8رب فرماتا ہے، ”جب تک انگور میں تھوڑا سا رس باقی ہو لوگ کہتے ہیں، ’اُسے ضائع مت کرنا، کیونکہ اب تک اُس میں کچھ نہ کچھ ہے جو برکت کا باعث ہے۔‘ مَیں اسرائیل کے ساتھ بھی ایسا ہی کروں گا۔ کیونکہ اپنے خادموں کی خاطر مَیں سب کو نیست نہیں کروں گا۔ 9مَیں یعقوب اور یہوداہ کو ایسی اولاد بخش دوں گا جو میرے پہاڑوں کو میراث میں پائے گی۔ تب پہاڑ میرے برگزیدوں کی ملکیت ہوں گے، اور میرے خادم اُن پر بسیں گے۔ 10وادیٔ شارون میں بھیڑبکریاں چریں گی، وادیٔ عکور میں گائےبَیل آرام کریں گے۔ یہ سب کچھ میری اُس قوم کو دست یاب ہو گا جو میری طالب رہے گی۔
11لیکن تم جو رب کو ترک کر کے میرے مُقدّس پہاڑ کو بھول گئے ہو، خبردار! گو اِس وقت تم خوش قسمتی کے دیوتا جد کے لئے میز بچھاتے اور تقدیر کے دیوتا منات کے لئے مَے کا برتن بھر دیتے ہو، 12لیکن تمہاری تقدیر اَور ہے۔ مَیں نے تمہارے لئے تلوار کی تقدیر مقرر کی ہے۔ تم سب کو قصائی کے سامنے جھکنا پڑے گا، کیونکہ جب مَیں نے تمہیں بُلایا تو تم نے جواب نہ دیا۔ جب مَیں تم سے ہم کلام ہوا تو تم نے نہ سنا بلکہ وہ کچھ کیا جو مجھے بُرا لگا۔ تم نے وہ کچھ اختیار کیا جو مجھے ناپسند ہے۔“
13اِس لئے رب قادرِ مطلق فرماتا ہے، ”میرے خادم کھانا کھائیں گے، لیکن تم بھوکے رہو گے۔ میرے خادم پانی پئیں گے، لیکن تم پیاسے رہو گے۔ میرے خادم مسرور ہوں گے، لیکن تم شرم سار ہو گے۔ 14میرے خادم خوشی کے مارے شادیانہ بجائیں گے، لیکن تم رنجیدہ ہو کر رو پڑو گے، تم مایوس ہو کر واویلا کرو گے۔ 15آخرکار تمہارا نام ہی میرے برگزیدوں کے پاس باقی رہے گا، اور وہ بھی صرف لعنت کے طور پر استعمال ہو گا۔ قَسم کھاتے وقت وہ کہیں گے، ’رب قادرِ مطلق تمہیں اِسی طرح قتل کرے۔‘ لیکن میرے خادموں کا ایک اَور نام رکھا جائے گا۔ 16ملک میں جو بھی اپنے لئے برکت مانگے یا قَسم کھائے وہ وفادار خدا کا نام لے گا۔ کیونکہ گزری مصیبتوں کی یادیں مٹ جائیں گی، وہ میری آنکھوں سے چھپ جائیں گی۔
نئے زمانے کا آغاز
17کیونکہ مَیں نیا آسمان اور نئی زمین خلق کروں گا۔ تب گزری چیزیں یاد نہیں آئیں گی، اُن کا خیال تک نہیں آئے گا۔
18چنانچہ خوش و خرم ہو! جو کچھ مَیں خلق کروں گا اُس کی ہمیشہ تک خوشی مناؤ! کیونکہ دیکھو، مَیں یروشلم کو شادمانی کا باعث اور اُس کے باشندوں کو خوشی کا سبب بناؤں گا۔ 19مَیں خود بھی یروشلم کی خوشی مناؤں گا اور اپنی قوم سے لطف اندوز ہوں گا۔
آئندہ اُس میں رونا اور واویلا سنائی نہیں دے گا۔ 20وہاں کوئی بھی پیدائش کے تھوڑے دنوں بعد فوت نہیں ہو گا، کوئی بھی وقت سے پہلے نہیں مرے گا۔ جو سَو سال کا ہو گا اُسے جوان سمجھا جائے گا، اور جو سَو سال کی عمر سے پہلے ہی فوت ہو جائے اُسے ملعون سمجھا جائے گا۔
21لوگ گھر بنا کر اُن میں بسیں گے، وہ انگور کے باغ لگا کر اُن کا پھل کھائیں گے۔ 22آئندہ ایسا نہیں ہو گا کہ گھر بنانے کے بعد کوئی اَور اُس میں بسے، کہ باغ لگانے کے بعد کوئی اَور اُس کا پھل کھائے۔ کیونکہ میری قوم کی عمر درختوں جیسی دراز ہو گی، اور میرے برگزیدہ اپنے ہاتھوں کے کام سے لطف اندوز ہوں گے۔ 23نہ اُن کی محنت مشقت رائیگاں جائے گی، نہ اُن کے بچے اچانک تشدد کا نشانہ بن کر مریں گے۔ کیونکہ وہ رب کی مبارک نسل ہوں گے، وہ خود اور اُن کی اولاد بھی۔ 24اِس سے پہلے کہ وہ آواز دیں مَیں جواب دوں گا، وہ ابھی بول رہے ہوں گے کہ مَیں اُن کی سنوں گا۔“
25رب فرماتا ہے، ”بھیڑیا اور لیلا مل کر چریں گے، شیرببر بَیل کی طرح بھوسا کھائے گا، اور سانپ کی خوراک خاک ہی ہو گی۔ میرے پورے مُقدّس پہاڑ پر نہ غلط کام کیا جائے گا، نہ کسی کو نقصان پہنچے گا۔“

موجودہ انتخاب:

یسعیاہ 65: URDGVU

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in