YouVersion Logo
تلاش

حزقی ایل 13

13
جھوٹے نبی ہلاک ہو جائیں گے
1رب مجھ سے ہم کلام ہوا، 2”اے آدم زاد، اسرائیل کے نام نہاد نبیوں کے خلاف نبوّت کر! جو نبوّت کرتے وقت اپنے دلوں سے اُبھرنے والی باتیں ہی پیش کرتے ہیں، اُن سے کہہ،
’رب کا فرمان سنو! 3رب قادرِ مطلق فرماتا ہے کہ اُن احمق نبیوں پر افسوس جنہیں اپنی ہی روح سے تحریک ملتی ہے اور جو حقیقت میں رویا نہیں دیکھتے۔ 4اے اسرائیل، تیرے نبی کھنڈرات میں گیدڑوں کی طرح آوارہ پھر رہے ہیں۔ 5نہ کوئی دیوار کے رخنوں میں کھڑا ہوا، نہ کسی نے اُس کی مرمت کی تاکہ اسرائیلی قوم رب کے اُس دن قائم رہ سکے جب جنگ چھڑ جائے گی۔ 6اُن کی رویائیں دھوکا ہی دھوکا، اُن کی پیش گوئیاں جھوٹ ہی جھوٹ ہیں۔ وہ کہتے ہیں، ”رب فرماتا ہے“ گو رب نے اُنہیں نہیں بھیجا۔ تعجب کی بات ہے کہ توبھی وہ توقع کرتے ہیں کہ مَیں اُن کی پیش گوئیاں پوری ہونے دوں! 7حقیقت میں تمہاری رویائیں دھوکا ہی دھوکا اور تمہاری پیش گوئیاں جھوٹ ہی جھوٹ ہیں۔ توبھی تم کہتے ہو، ”رب فرماتا ہے“ حالانکہ مَیں نے کچھ نہیں فرمایا۔
8چنانچہ رب قادرِ مطلق فرماتا ہے کہ مَیں تمہاری فریب دہ باتوں اور جھوٹی رویاؤں کی وجہ سے تم سے نپٹ لوں گا۔ یہ رب قادرِ مطلق کا فرمان ہے۔ 9مَیں اپنا ہاتھ اُن نبیوں کے خلاف بڑھا دوں گا جو دھوکے کی رویائیں دیکھتے اور جھوٹی پیش گوئیاں سناتے ہیں۔ نہ وہ میری قوم کی مجلس میں شریک ہوں گے، نہ اسرائیلی قوم کی فہرستوں میں درج ہوں گے۔ ملکِ اسرائیل میں وہ کبھی داخل نہیں ہوں گے۔ تب تم جان لو گے کہ مَیں رب قادرِ مطلق ہوں۔ 10وہ میری قوم کو غلط راہ پر لا کر امن و امان کا اعلان کرتے ہیں اگرچہ امن و امان ہے نہیں۔ جب قوم اپنے لئے کچی سی دیوار بنا لیتی ہے تو یہ نبی اُس پر سفیدی پھیر دیتے ہیں۔ 11لیکن اے سفیدی کرنے والو، خبردار! یہ دیوار گر جائے گی۔ موسلادھار بارش برسے گی، اولے پڑیں گے اور سخت آندھی اُس پر ٹوٹ پڑے گی۔ 12تب دیوار گر جائے گی، اور لوگ طنزاً تم سے پوچھیں گے کہ اب وہ سفیدی کہاں ہے جو تم نے دیوار پر پھیری تھی؟
13رب قادرِ مطلق فرماتا ہے کہ مَیں طیش میں آ کر دیوار پر زبردست آندھی آنے دوں گا، غصے میں اُس پر موسلادھار بارش اور مہلک اولے برسا دوں گا۔ 14مَیں اُس دیوار کو ڈھا دوں گا جس پر تم نے سفیدی پھیری تھی، اُسے خاک میں یوں ملا دوں گا کہ اُس کی بنیاد نظر آئے گی۔ اور جب وہ گر جائے گی تو تم بھی اُس کی زد میں آ کر تباہ ہو جاؤ گے۔ تب تم جان لو گے کہ مَیں ہی رب ہوں۔ 15یوں مَیں دیوار اور اُس کی سفیدی کرنے والوں پر اپنا غصہ اُتاروں گا۔ تب مَیں تم سے کہوں گا کہ دیوار بھی ختم ہے اور اُس کی سفیدی کرنے والے بھی، 16یعنی اسرائیل کے وہ نبی جنہوں نے یروشلم کو ایسی پیش گوئیاں اور رویائیں سنائیں جن کے مطابق امن و امان کا دور قریب ہی ہے، حالانکہ امن و امان کا امکان ہی نہیں۔ یہ رب قادرِ مطلق کا فرمان ہے۔‘
17اے آدم زاد، اب اپنی قوم کی اُن بیٹیوں کا سامنا کر جو نبوّت کرتے وقت وہی باتیں پیش کرتی ہیں جو اُن کے دلوں سے اُبھر آتی ہیں۔ اُن کے خلاف نبوّت کر کے 18کہہ،
’رب قادرِ مطلق فرماتا ہے کہ اُن عورتوں پر افسوس جو تمام لوگوں کے لئے کلائی سے باندھنے والے تعویذ سی لیتی ہیں، جو لوگوں کو پھنسانے کے لئے چھوٹوں اور بڑوں کے سروں کے لئے پردے بنا لیتی ہیں۔ اے عورتو، کیا تم واقعی سمجھتی ہو کہ میری قوم میں سے بعض کو پھانس سکتی اور بعض کو اپنے لئے زندہ چھوڑ سکتی ہو؟ 19میری قوم کے درمیان ہی تم نے میری بےحرمتی کی، اور یہ صرف چند ایک مٹھی بھر جَو اور روٹی کے دو چار ٹکڑوں کے لئے۔ افسوس، میری قوم جھوٹ سننا پسند کرتی ہے۔ اِس سے فائدہ اُٹھا کر تم نے اُسے جھوٹ پیش کر کے اُنہیں مار ڈالا جنہیں مرنا نہیں تھا اور اُنہیں زندہ چھوڑا جنہیں زندہ نہیں رہنا تھا۔
20اِس لئے رب قادرِ مطلق فرماتا ہے کہ مَیں تمہارے تعویذوں سے نپٹ لوں گا جن کے ذریعے تم لوگوں کو پرندوں کی طرح پکڑ لیتی ہو۔ مَیں جادوگری کی یہ چیزیں تمہارے بازوؤں سے نوچ کر پھاڑ ڈالوں گا اور اُنہیں رِہا کروں گا جنہیں تم نے پرندوں کی طرح پکڑ لیا ہے۔ 21مَیں تمہارے پردوں کو پھاڑ کر ہٹا لوں گا اور اپنی قوم کو تمہارے ہاتھوں سے بچا لوں گا۔ آئندہ وہ تمہارا شکار نہیں رہے گی۔ تب تم جان لو گی کہ مَیں ہی رب ہوں۔
22تم نے اپنے جھوٹ سے راست بازوں کو دُکھ پہنچایا، حالانکہ یہ دُکھ میری طرف سے نہیں تھا۔ ساتھ ساتھ تم نے بےدینوں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اپنی بُری راہوں سے باز نہ آئیں، حالانکہ وہ باز آنے سے بچ جاتے۔ 23اِس لئے آئندہ نہ تم فریب دہ رویا دیکھو گی، نہ دوسروں کی قسمت کا حال بتاؤ گی۔ مَیں اپنی قوم کو تمہارے ہاتھوں سے چھٹکارا دوں گا۔ تب تم جان لو گی کہ مَیں ہی رب ہوں‘۔“

موجودہ انتخاب:

حزقی ایل 13: URDGVU

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in