YouVersion Logo
تلاش

۲-کُرِنتِھیوں 9

9
مُقدّسین کی مدد
1اصل میں اِس کی ضرورت نہیں کہ مَیں آپ کو اُس کام کے بارے میں لکھوں جو ہمیں یہودیہ کے مُقدّسین کی خدمت میں کرنا ہے۔ 2کیونکہ مَیں آپ کی گرم جوشی جانتا ہوں، اور مَیں مکدُنیہ کے ایمان داروں کے سامنے آپ پر فخر کرتا رہا ہوں کہ ”اخیہ کے لوگ پچھلے سال سے دینے کے لئے تیار تھے۔“ یوں آپ کی سرگرمی نے زیادہ تر لوگوں کو خود دینے کے لئے اُبھارا۔ 3اب مَیں نے اِن بھائیوں کو بھیج دیا ہے تاکہ ہمارا آپ پر فخر بےبنیاد نہ نکلے بلکہ جس طرح مَیں نے کہا تھا آپ تیار رہیں۔ 4ایسا نہ ہو کہ جب مَیں مکدُنیہ کے کچھ بھائیوں کو ساتھ لے کر آپ کے پاس پہنچوں گا تو آپ تیار نہ ہوں۔ اُس وقت مَیں، بلکہ آپ بھی شرمندہ ہوں گے کہ مَیں نے آپ پر اِتنا اعتماد کیا ہے۔ 5اِس لئے مَیں نے اِس بات پر زور دینا ضروری سمجھا کہ بھائی پہلے ہی آپ کے پاس آ کر اُس ہدیئے کا انتظام کریں جس کا وعدہ آپ نے کیا ہے۔ کیونکہ مَیں چاہتا ہوں کہ میرے آنے تک یہ ہدیہ جمع کیا گیا ہو اور ایسا نہ لگے جیسا اِسے مشکل سے آپ سے نکالنا پڑا۔ اِس کے بجائے آپ کی سخاوت ظاہر ہو جائے۔
6یاد رہے کہ جو شخص بیج کو بچا بچا کر بوتا ہے اُس کی فصل بھی اُتنی کم ہو گی۔ لیکن جو بہت بیج بوتا ہے اُس کی فصل بھی بہت زیادہ ہو گی۔ 7ہر ایک اُتنا دے جتنا دینے کے لئے اُس نے پہلے اپنے دل میں ٹھہرا لیا ہے۔ وہ اِس میں تکلیف یا مجبوری محسوس نہ کرے، کیونکہ اللہ اُس سے محبت رکھتا ہے جو خوشی سے دیتا ہے۔ 8اور اللہ اِس قابل ہے کہ آپ کو آپ کی ضروریات سے کہیں زیادہ دے۔ پھر آپ کے پاس ہر وقت اور ہر لحاظ سے کافی ہو گا بلکہ اِتنا زیادہ کہ آپ ہر قسم کا نیک کام کر سکیں گے۔ 9چنانچہ کلامِ مُقدّس میں یہ بھی لکھا ہے، ”اُس نے فیاضی سے ضرورت مندوں میں خیرات بکھیر دی، اُس کی راست بازی ہمیشہ تک قائم رہے گی۔“ 10خدا ہی بیج بونے والے کو بیج مہیا کرتا اور اُسے کھانے کے لئے روٹی دیتا ہے۔ اور وہ آپ کو بھی بیج دے کر اُس میں اضافہ کرے گا اور آپ کی راست بازی کی فصل اُگنے دے گا۔ 11ہاں، وہ آپ کو ہر لحاظ سے دولت مند بنا دے گا اور آپ ہر موقع پر فیاضی سے دے سکیں گے۔ چنانچہ جب ہم آپ کا ہدیہ اُن کے پاس لے جائیں گے جو ضرورت مند ہیں تو وہ خدا کا شکر کریں گے۔ 12یوں آپ نہ صرف مُقدّسین کی ضروریات پوری کریں گے بلکہ وہ آپ کی اِس خدمت سے اِتنے متاثر ہو جائیں گے کہ وہ بڑے جوش سے خدا کا بھی شکریہ ادا کریں گے۔ 13آپ کی خدمت کے نتیجے میں وہ اللہ کو جلال دیں گے۔ کیونکہ آپ کی اُن پر اور تمام ایمان داروں پر سخاوت کا اظہار ثابت کرے گا کہ آپ مسیح کی خوش خبری نہ صرف تسلیم کرتے ہیں بلکہ اُس کے تابع بھی رہتے ہیں۔ 14اور جب وہ آپ کے لئے دعا کریں گے تو آپ کے آرزومند رہیں گے، اِس لئے کہ اللہ نے آپ کو کتنا بڑا فضل دے دیا ہے۔ 15اللہ کا اُس کی ناقابلِ بیان بخشش کے لئے شکر ہو!

موجودہ انتخاب:

۲-کُرِنتِھیوں 9: URDGVU

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in