شاہِ فارِؔس خورس یُوں فرماتا ہے کہ خُداوند آسمان کے خُدا نے زمِین کی سب مُملکتیں مُجھے بخشی ہیں اور مُجھے تاکِید کی ہے کہ مَیں یروشلیِم میں جو یہُوداؔہ میں ہے اُس کے لِئے ایک مسکن بناؤُں۔ پس تُمہارے درمِیان جو کوئی اُس کی ساری قَوم میں سے ہو اُس کا خُدا اُس کے ساتھ ہو اور وہ یروشلیِم کو جو یہُوداؔہ میں ہے جائے اور خُداوند اِسرائیل کے خُدا کا گھر جو یروشلیِم میں ہے بنائے (خُدا وُہی ہے)۔