پیدائش 17
17
ختنہ کا عہد
1جَب اَبرامؔ نِنانوے بَرس کے ہویٔے تَب یَاہوِہ اُن پر ظاہر ہویٔے، اَور اَبراہامؔ سے فرمایا، ”میں قادرمُطلق خُدا#17:1 قادرمُطلق خُدا یعنی ایل شدائی ہُوں۔ تُو میرے سامنے وفادار رہے اَور بے عیب ٹھہرے۔ 2میں اَپنے اَور تمہارے درمیان عہد باندھوں گا اَور تمہاری نَسل کو بےحد بڑھاؤں گا۔“
3تَب اَبرامؔ مُنہ کے بَل گِرے اَور خُدا نے اُن سے فرمایا، 4”جہاں تک میرا تعلّق ہے، میرا تمہارے ساتھ یہ عہد ہے کہ تُم کیٔی قوموں کے باپ ہوگے۔ 5اَب سے تُم اَبرامؔ#17:5 اَبرامؔ مُراد سرفراز باپ نہ کہلاؤگے بَلکہ تمہارا نام اَبراہامؔ#17:5 اَبراہامؔ بہت قوموں کا باپ ہوگا کیونکہ مَیں نے تُمہیں بہت سِی قوموں کا باپ مُقرّر کیا ہے۔ 6مَیں تُمہیں بہت برومند کروں گا اَور تمہاری نَسل سے کیٔی قومیں پیدا کروں گا اَور تمہاری اَولاد میں بادشاہ برپا ہوں گے۔ 7میں اَپنے اَور تمہارے درمیان اَور تمہارے بعد تمہاری نَسل کے درمیان اُن کی آئندہ پُشتوں کے لیٔے اَپنا عہد باندھوں گا جو اَبدی عہد ہوگا کہ میں تمہارا اَور تمہارے بعد تمہاری نَسل کا خُدا رہُوں گا۔ 8اَور مَیں تُمہیں اَور تمہارے بعد تمہاری نَسل کو کنعانؔ کا سارا مُلک جِس میں اَب تُم پردیسی ہو، ایک اَبدی مِیراث کے طور پر بخشوں گا اَور مَیں اُن کا خُدا ہُوں گا۔“
9پھر خُدا نے اَبراہامؔ سے فرمایا، ”تُم میرے عہد کو ضروُر ماَننا اَور تمہارے بعد تمہاری نَسل پُشت در پُشت اُسے مانے۔ 10اَور میرا عہد جو میرے اَور تمہارے درمیان اَور تمہارے بعد تمہاری نَسل کے درمیان ہے اَور جسے تُم مانوگے، یہ ہے کہ تُم میں سے ہر فرزندِ نرینہ کا ختنہ کیا جائے۔ 11تُم اَپنا اَپنا ختنہ کرا لو اَور یہ اُس عہد کا نِشان ہوگا جو میرے اَور تمہارے درمیان ہے۔ 12پُشت در پُشت تُم میں سے ہر لڑکے کا جو آٹھ دِن کا ہو ختنہ کیا جائے خواہ وہ تمہارے گھر میں پیدا ہُوا ہو، خواہ کسی پردیسی سے قیمتاً خریدا گیا ہو اَورجو تمہاری اَولاد نہ ہو۔ 13خواہ وہ تمہارے گھر میں پیدا ہویٔے ہُوں یا تمہارے زَر خرید ہُوں اُن کا ختنہ لازمی طور پر کیا جائے۔ میرا عہد تمہارے جِسم میں اَبدی عہد ہوگا۔ 14اَور اگر کویٔی نامختون مَرد اَپنا ختنہ نہیں کرواتا تو وہ اَپنے لوگوں میں سے کاٹ ڈالا جائے گا کیونکہ اُس نے میرا عہد توڑا ہے۔“
15خُدا نے اَبراہامؔ سے یہ بھی فرمایا، ”سارَیؔ، جو تمہاری بیوی ہے اُسے اَب سارَیؔ کہہ کر مت پُکارنا؛ اُن کا نام سارہؔ#17:15 سارہؔ مُراد شہزادی ہوگا۔ 16میں اُسے برکت دُوں گا۔ وہ قوموں کی ماں ہوگی اَور عواموں کے بادشاہ اُن سے پیدا ہوں گے۔“
17تَب اَبراہامؔ مُنہ کے بَل گِر پڑے؛ اَور ہنس کر دِل ہی دِل میں کہنے لگے، ”کیا سَو سالہ مَرد کے ہاں بیٹا پیدا ہوگا؟ کیا سارہؔ کے ہاں، جو نوّے بَرس کی ہے، اَولاد ہوگی؟“ 18اَور اَبراہامؔ نے خُدا سے کہا، ”کاش اِشمعیل تیری رحمت کے سایہ میں جیتا رہے!“
19تَب خُدا نے فرمایا، ”بے شک، تمہاری بیوی سارہؔ کو تُم سے بیٹا ہوگا اَور تُم اُس کا نام اِصحاقؔ#17:19 اِصحاقؔ مُراد ہنسنے والا رکھنا۔ مَیں اُس کے ساتھ اَیسا عہد باندھوں گا جو اُس کے بعد اُس کی نَسل کے لیٔے اَبدی عہد ہوگا۔ 20اَور اِشمعیل کے حق میں بھی مَیں نے تمہاری دعا سُنی ہے: مَیں یقیناً اُسے برکت دُوں گا؛ مَیں اُسے برومند کروں گا اَور اُسے تعداد میں بہت بڑھاؤں گا۔ اُس سے بَارہ سردار پیدا ہوں گے، اَور مَیں اُسے بڑی قوم بناؤں گا۔ 21لیکن اَپنا عہد مَیں اِصحاقؔ ہی سے باندھوں گا جو اگلے سال اِسی وقت تمہارے ہاں سارہؔ سے پیدا ہوگا۔“ 22جَب خُدا اَبراہامؔ سے باتیں کر چُکے تَب خُدا اُن کے پاس سے اُوپر چلےگئے۔
23تَب اَبراہامؔ نے اَپنے بیٹے اِشمعیل کو اَور اَپنے سَب خانہ زادوں کو اَور اُن کو جو قیمتاً خریدے گیٔے تھے اَور اَپنے گھر کے سَب مَردوں کو لے کر اُسی روز خُدا کے حُکم کے مُطابق اُن کا ختنہ کیا۔ 24اَبراہامؔ نِنانوے بَرس کے تھے جَب اُن کا ختنہ ہُوا، 25اَور اُن کے بیٹے اِشمعیل کا ختنہ ہُوا وہ تیرہ بَرس کا تھا۔ 26اَبراہامؔ اَور اُن کے بیٹے اِشمعیل کا ختنہ اُسی دِن ہُوا۔ 27اَور کے گھر کے ہر مَرد کا ختنہ اَبراہامؔ کے خانہ زادوں اَور پردیسیوں سے زَر خرید مَردوں سمیت، اُن کے ساتھ ہی ہُوا۔
ప్రస్తుతం ఎంపిక చేయబడింది:
پیدائش 17: UCV
హైలైట్
షేర్ చేయి
కాపీ
మీ పరికరాలన్నింటి వ్యాప్తంగా మీ హైలైట్స్ సేవ్ చేయబడాలనుకుంటున్నారా? సైన్ అప్ చేయండి లేదా సైన్ ఇన్ చేయండి
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.