زکریاؔہ 1
1
یَاہوِہ کی طرف رُجُوع ہونے کی دعوت
1داریاویشؔ کے دُوسرے بَرس کے آٹھویں مہینے میں یَاہوِہ کا کلام نبی زکریاؔہ بِن بیرکیاہ بِن عِدّوؔ پر نازل ہُوا۔
2”یَاہوِہ تمہارے آباؤاَجداد سے سخت ناراض تھے۔ 3اِس لیٔے اِن لوگوں کو بتاؤ، قادرمُطلق یَاہوِہ#1:3 قادرمُطلق یَاہوِہ عِبرانی میں یَاہوِہ سباؤتھ یعنی لشکروں کے یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں، تُم میری طرف رُجُوع لاؤ، قادرمُطلق یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں تو مَیں بھی تمہاری طرف رُجُوع ہُوں گا۔ یہ قادرمُطلق یَاہوِہ کا فرمان ہے۔ 4تُم اَپنے آباؤاَجداد کی مانند نہ بنو جِن سے اگلے نبیوں نے بہ آواز بُلند فرمایا تھا: قادرمُطلق یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں: ’تُم اَپنی بُری روِش اَور بُرے اعمال سے باز آؤ،‘ لیکن اُنہُوں نے نہیں سُنا اَور میری طرف مُتوجّہ نہیں ہُوئے، یہ یَاہوِہ کا فرمان ہے 5اَب تمہارے آباؤاَجداد اَور نبی کہاں ہیں؟ کیا وہ ہمیشہ زندہ رہتے ہیں؟ 6لیکن کیا میرا کلام اَور میرے قوانین جو مَیں نے اَپنے خدمت گذار نبیوں کو دیئے تھے، کیا وہ تمہارے آباؤاَجداد کی وفات کے بعد بھی قائِم نہیں ہیں؟
”تَب اُنہُوں نے تَوبہ کی اَور کہا، یَاہوِہ قادرمُطلق نے اَپنے اِرادے کے مُطابق ہماری روِش اَور ہمارے اعمال کے مُوافق ہم سے صحیح سلُوک کیا۔“
مہندی کے درختوں کے درمیان ایک شخص
7داریاویشؔ بادشاہ کے دُوسرے بَرس کے گیارھویں مہینے یعنی ماہِ شباطؔ کی چوبیسویں تاریخ کو یَاہوِہ کا یہ کلام نبی زکریاؔہ بِن بیرکیاہ بِن عِدّوؔ پر نازل ہُوا۔
8مَیں نے رات کو رُویا میں دیکھا کہ ایک شخص لال گھوڑے پر سوار وادی میں مہندی کے درختوں کے درمیان کھڑا تھا اَور اُس کے پیچھے لال، بھورے اَور سفید رنگ کے گھوڑے تھے۔
9تَب مَیں نے پُوچھا، ”اَے میرے آقا یہ کیا ہیں؟“
اُس فرشتے نے جو مُجھ سے گُفتگو کر رہاتھا، جَواب دیا، مَیں تُمہیں دِکھاؤں گا کہ یہ کیا ہیں۔
10تَب اُس شخص نے جو مہندی کے درختوں کے درمیان کھڑا تھا، اُس نے فرمایا، ”یہ وہ ہیں جنہیں یَاہوِہ نے ساری دُنیا میں سَیر کرنے کو بھیجا ہے۔“
11اَور وہ یَاہوِہ کے اُس فرشتے سے مُخاطِب ہُوئے جو مہندی کے درختوں کے درمیان کھڑا تھا، اَور کہا، ”ہم نے تمام دُنیا کی سیر کی اَور دیکھا کہ ساری زمین میں اَمن و سلامتی ہے۔“
12پھر یَاہوِہ کے فرشتے نے کہا، ”اَے قادرمُطلق یَاہوِہ آپ جو یروشلیمؔ اَور یہُودیؔہ کے شہروں پر پچھلے ستّر سالوں سے ناراض ہیں، کب تک آپ اِن پر رحم نہ کریں گے؟“ 13تَب یَاہوِہ نے اُس فرشتے سے جو مُجھ سے گُفتگو کر رہاتھا، نرم اَور تسلّی بخش جَواب دیئے۔
14تب اُس فرشتے نے جو مُجھ سے گُفتگو کر رہاتھا فرمایا، ”بُلند آواز سے یہ اعلان کرو، قادرمُطلق یَاہوِہ فرماتے ہیں، ’مُجھے یروشلیمؔ اَور صِیّونؔ کے لئے بڑی غیرت ہے، 15لیکن مَیں اُن قوموں سے بےحد ناراض ہُوں جو اِس وقت اَمن و سلامتی محسُوس کر رہے ہیں۔ مَیں تو تھوڑا ناراض تھا لیکن اُنہُوں نے اُس آفت کو بہت زِیادہ بڑھا دیا تھا۔‘
16”اِس لیٔے یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں، ’مَیں رحمت کی بارش کرنے کو یروشلیمؔ واپس آیا ہُوں، اَور یہاں میرے گھر کو پھر سے تعمیر کیا جائے گا۔ اَور یروشلیمؔ کے اُوپر ناپنے کا جریب پھر سے کھینچا جائے گا۔‘ یہ قادرمُطلق یَاہوِہ کا فرمان ہے۔
17”پھر بُلند آواز سے اعلان کرو، قادرمُطلق یَاہوِہ فرماتے ہیں، ’میرے شہر دوبارہ خُوشحالی سے معموُر ہوں گے اَور یَاہوِہ پھر صِیّونؔ کو تسلّی بخشیں گے اَور یروشلیمؔ کو قبُول فرمائیں گے۔‘ “
چار سینگ اَور چار دستکار
18تَب مَیں نے اُوپر نگاہیں اُٹھاکر دیکھا کہ چار سینگ ہیں۔ 19تَب مَیں نے اُس فرشتے سے جو مُجھ سے گُفتگو کر رہاتھا، پُوچھا، ”یہ کیا ہیں؟“
اُس نے مُجھے جَواب دیا، ”یہ وہ سینگ ہیں جنہوں نے یہُودیؔہ، بنی اِسرائیل اَور یروشلیمؔ کو مُنتشر کر دیا تھا۔“
20پھر یَاہوِہ نے مُجھے چار کاریگر دِکھائے۔ 21مَیں نے دریافت کیا، ”یہ کیا کرنے کے لئے آ رہے ہیں؟“
یَاہوِہ نے جَواب دیا، ”یہ وہ سینگ ہیں جنہوں نے یہُودیؔہ کو اَیسا مُنتشر کر دیا تھا تاکہ کویٔی اَپنا سَر نہ اُٹھا سکے، لیکن یہ کاریگر اُنہیں ڈرانے اَور اُن قوموں کے سینگوں کو تباہ کرنے آئے ہیں جنہوں نے مُلک یہُودیؔہ کو مُنتشر کرنے کے لیٔے اُن کے خِلاف اَپنے سینگ اُٹھائے تھے۔“
தற்சமயம் தேர்ந்தெடுக்கப்பட்டது:
زکریاؔہ 1: UCV
சிறப்புக்கூறு
பகிர்
நகல்

உங்கள் எல்லா சாதனங்களிலும் உங்கள் சிறப்பம்சங்கள் சேமிக்கப்பட வேண்டுமா? பதிவு செய்யவும் அல்லது உள்நுழையவும்
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.