مرقُس 11
11
یروشلیمؔ میں حُضُور یِسوعؔ کی بادشاہ کے طور پر آمد
1جَب وہ بیت فگے اَور بیت عنیّاہ کے پاس پہُنچے جو یروشلیمؔ کے باہر کوہِ زَیتُون پر واقع ہے، یِسوعؔ نے اَپنے شاگردوں میں سے دو کو آگے بھیجا، 2اَور فرمایا، ”سامنے والے گاؤں میں جاؤ، وہاں داخل ہوتے ہی تُم ایک گدھی کا جَوان بچّہ بندھا ہُوا پاؤگے، جِس پر اَب تک کسی نے سواری نہیں کی ہے۔ اُسے کھول کر یہاں لے آؤ۔ 3اَور اگر کویٔی تُم سے پُوچھے، ’تُم یہ کیا کر رہے ہو؟‘ تو کہنا، ’خُداوؔند کو اِس کی ضروُرت ہے اَور وہ اُسے فوراً ہی یہاں بھیج دے گا۔‘ “
4چنانچہ وہ گیٔے اَور اُنہُوں نے گدھی کے بچّے کو سامنے گلی میں، ایک دروازہ کے پاس بندھا ہُوا پایا۔ جَب وہ گدھی کے بچّے کو کھول رہے تھے، 5تو کُچھ لوگ جو وہاں کھڑے تھے شاگردوں سے پُوچھنے لگے، ”اِس گدھے کو کیوں کھول رہے ہو؟“ 6شاگردوں نے وُہی کہا جو یِسوعؔ نے اُنہیں کہاتھا، لہٰذا اُنہُوں نے شاگردوں کو جانے دیا۔ 7تَب وہ گدھے کے بچّے کو یِسوعؔ کے پاس لایٔے اَور اَپنے کپڑے اُس پر ڈال دئیے، اَور وہ اُس پر سوارہوگئے۔ 8کیٔی لوگوں نے راستے میں، اَپنے کپڑے بچھا دئیے اَور بعض نے درختوں سے ہری ڈالیاں کاٹ کر پھیلا دیں۔ 9لوگ جو یِسوعؔ کے آگے آگے اَور پیچھے پیچھے چل رہے تھے، نعرے لگانے لگے،
”ہوشعنا!“
”مُبارک ہے وہ جو خُداوؔند کے نام سے آتا ہے!“#11:9 زبُور 118:25،26
10”مُبارک ہے ہمارے باپ داویؔد کی بادشاہی جو قائِم ہونے والی ہے!“
”عالمِ بالا پر ہوشعنا!“
11یروشلیمؔ شہر میں داخل ہوتے ہی یِسوعؔ بیت المُقدّس کے صحنوں میں تشریف لے گیٔے۔ اَور وہاں کی ہر چیز کو غور سے دیکھا، چونکہ شام ہو چُکی تھی، اِس لیٔے وہ بَارہ شاگردوں کے ساتھ واپس بیت عنیّاہ چلےگئے۔
حُضُور یِسوعؔ کا اَنجیر کے درخت پر لعنت، بیت المُقدّس کو پاک کرنا
12اگلے دِن جَب وہ بیت عنیّاہ سے نکل رہے تھے، تو یِسوعؔ کو بھُوک لگی۔ 13دُور سے اَنجیر کا ایک سرسبز درخت دیکھ کر، وہ اُس کے پاس گیٔے تاکہ دیکھیں کہ اُس میں پھل لگے ہیں یا نہیں۔ درخت کے نزدیک جا کر، اُنہیں صِرف پتّے ہی پتّے نظر آئے، کیونکہ اَنجیر کے پھل کا موسم ابھی شروع نہیں ہُوا تھا۔ 14تَب اُنہُوں نے درخت سے کہا، ”آئندہ تُجھ سے کویٔی شخص کبھی پھل نہ کھائے۔“ اُن کی یہ بات شاگردوں نے بھی سُنی۔
15جَب وہ یروشلیمؔ پہُنچے تو، یِسوعؔ بیت المُقدّس کے صحنوں میں داخل ہویٔے اَور آپ وہاں سے خریدوفروخت کرنے والوں کو باہر نکالنے لگے۔ آپ نے پیسے تبدیل کرنے والے صرّافوں کے تختے اَور کبُوتر فروشوں کی چوکیاں اُلٹ دیں، 16اَور کسی کو کویٔی سامان لے کر بیت المُقدّس کے احاطہ میں سے گزرنے نہ دیا۔ 17پھر یِسوعؔ نے تعلیم دیتے ہویٔے، فرمایا، ”کیا کِتاب مُقدّس میں یہ نہیں لِکھّا: ’میرا گھر سَب قوموں کے لیٔے دعا کا گھر کہلائے گا‘#11:17 یَشع 56:7؟ مگر تُم نے اُسے ’ڈاکوؤں کا اڈّا بنا رکھا ہے۔‘#11:17 یرم 7:11“
18جَب اہم کاہِنوں اَور شَریعت کے عالِموں نے یہ باتیں سُنیں تو وہ آپ کو ہلاک کرنے کا موقع ڈھونڈنے لگے، لیکن وہ یِسوعؔ کے خِلاف اَیسا قدم اُٹھانے سے ڈرتے بھی تھے، کیونکہ سارا ہُجوم اُن کی تعلیم سے نہایت حیران تھے۔
19جَب شام ہویٔی، حُضُور اَپنے شاگردوں کے ساتھ شہر سے باہر چلےگئے۔
20اگلی صُبح جَب، وہ اُدھر سے گزرے، اُنہُوں نے دیکھا کہ اَنجیر کا درخت جڑ تک سُوکھا ہُواہے۔ 21پطرس کو یِسوعؔ کی بات یاد آئی اَور وہ کہنے لگے، ”ربّی، دیکھئے! اَنجیر کا وہ درخت جِس پر آپ نے لعنت بھیجی تھی، سُوکھ گیا ہے!“
22یِسوعؔ نے اُنہیں جَواب دیا، ”خُدا پر ایمان رکھو، 23میں تُم سے سچ کہتا ہُوں، اگر کویٔی اِس پہاڑ سے کہے، ’اَپنی جگہ سے اُکھڑ جا اَور سمُندر میں جا گِر،‘ اَور اَپنے دِل میں شک نہ کرے بَلکہ یقین رکھے کہ جو کچھ وہ کہتاہے وہ ہو جائے گا، تو اُس کے لیٔے وَہی ہو جائے گا۔ 24لہٰذا میں تُم سے کہتا ہُوں، تُم دعا میں جو کُچھ مانگتے ہو، یقین رکھو کہ تُم نے پا لیا، تو تُمہیں وہ مِل جائے گا۔ 25جَب تُم دعا کے لیٔے کھڑے ہوتے ہو، اَور تُمہیں کسی سے کُچھ شکایت ہو تو، اُسے مُعاف کر دو، تاکہ تمہارا آسمانی باپ بھی تمہارے گُناہ مُعاف کر دے۔ 26اگر تُم مُعاف نہ کروگے تو تمہارا آسمانی باپ بھی تمہارے گُناہ مُعاف نہ کرےگا۔“#11:26 کچھ قدیمی نوشتوں میں یہ آیت شامل ہے۔ مت 6:15
حُضُور یِسوعؔ کے اِختیار کے متعلّق سوال
27وہ پھر یروشلیمؔ میں آئے، اَور جَب یِسوعؔ بیت المُقدّس کے صحن میں سے گزر رہے تھے، اہم کاہِن، شَریعت کے عالِم اَور بُزرگ لوگ حُضُور کے پاس پہُنچے۔ 28اَور اُن سے پُوچھنے لگے، ”آپ کِس کے اِختیار سے یہ کام کرتے ہیں؟ اَور اَیسے کام کرنے کا اِختیار کِس نے آپ کو دیا ہے؟“
29یِسوعؔ نے اُن سے کہا، ”میں بھی تُم سے ایک بات پُوچھتا ہُوں۔ اگر تُم اُس کا جَواب دوگے، تو میں بھی بتاؤں گا کہ میں یہ کام کِس کے اِختیار سے کرتا ہُوں۔ 30مُجھے یہ بتاؤ! یُوحنّا کا پاک غُسل خُدا کی طرف سے تھا یا اِنسان کی طرف سے؟“
31وہ آپَس میں بحث کرنے لگے، ”اگر ہم کہیں، ’وہ آسمان کی طرف سے تھا،‘ تو وہ کہیں گے، ’پھر تُم نے اُس کا یقین کیوں نہ کیا؟‘ 32اَور اگر کہیں، ’اِنسان کی طرف سے‘ “ (تو عوام کا خوف تھا، کیونکہ وہ حضرت یُوحنّا کو واقعی نبی مانتے تھے۔)
33لہٰذا اُنہُوں نے آپ کو جَواب دیا، ”ہم نہیں جانتے۔“
یِسوعؔ نے اُن سے کہا، ”میں بھی تُمہیں نہیں بتاتا کہ میں یہ کام کِس کے اِختیار سے کرتا ہُوں۔“
Nu markerat:
مرقُس 11: UCV
Märk
Dela
Kopiera

Vill du ha dina höjdpunkter sparade på alla dina enheter? Registrera dig eller logga in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.