۱-تِھسّلُنیکیوں 3
3
1آخرکار ہم یہ حالت مزید برداشت نہ کر سکے۔ ہم نے فیصلہ کیا کہ اکیلے ہی اتھینے میں رہ کر 2تیمُتھیُس کو بھیج دیں گے جو ہمارا بھائی اور مسیح کی خوش خبری پھیلانے میں ہمارے ساتھ اللہ کی خدمت کرتا ہے۔ ہم نے اُسے بھیج دیا تاکہ وہ آپ کو مضبوط کرے اور ایمان میں آپ کی حوصلہ افزائی کرے 3تاکہ کوئی اِن مصیبتوں سے بےچین نہ ہو جائے۔ کیونکہ آپ خود جانتے ہیں کہ اِن کا سامنا کرنا ہمارے لئے اللہ کی مرضی ہے۔ 4بلکہ جب ہم آپ کے پاس تھے تو ہم نے اِس کی پیش گوئی کی کہ ہمیں مصیبت برداشت کرنی پڑے گی۔ اور ایسا ہی ہوا جیسا کہ آپ خوب جانتے ہیں۔ 5یہی وجہ تھی کہ مَیں نے تیمُتھیُس کو بھیج دیا۔ مَیں یہ حالات برداشت نہ کر سکا، اِس لئے مَیں نے اُسے آپ کے ایمان کو معلوم کرنے کے لئے بھیج دیا۔ ایسا نہ ہو کہ آزمانے والے نے آپ کو یوں آزمائش میں ڈال دیا ہو کہ ہماری آپ پر محنت ضائع جائے۔
6لیکن اب تیمُتھیُس لوٹ آیا ہے، اور وہ آپ کے ایمان اور محبت کے بارے میں اچھی خبر لے کر آیا ہے۔ اُس نے ہمیں بتایا کہ آپ ہمیں بہت یاد کرتے ہیں اور ہم سے اُتنا ہی ملنے کے آرزومند ہیں جتنا کہ ہم آپ سے۔ 7بھائیو، آپ اور آپ کے ایمان کے بارے میں یہ سن کر ہماری حوصلہ افزائی ہوئی، حالانکہ ہم خود طرح طرح کے دباؤ اور مصیبتوں میں پھنسے ہوئے ہیں۔ 8اب ہماری جان میں جان آ گئی ہے، کیونکہ آپ مضبوطی سے خداوند میں قائم ہیں۔ 9ہم آپ کی وجہ سے اللہ کے کتنے شکرگزار ہیں! یہ خوشی ناقابلِ بیان ہے جو ہم آپ کی وجہ سے اللہ کے حضور محسوس کرتے ہیں۔ 10دن رات ہم بڑی سنجیدگی سے دعا کرتے رہتے ہیں کہ آپ سے دوبارہ مل کر وہ کمیاں پوری کریں جو آپ کے ایمان میں اب تک رہ گئی ہیں۔
11اب ہمارا خدا اور باپ خود اور ہمارا خداوند عیسیٰ راستہ کھولے تاکہ ہم آپ تک پہنچ سکیں۔ 12خداوند کرے کہ آپ کی ایک دوسرے اور دیگر تمام لوگوں سے محبت اِتنی بڑھ جائے کہ وہ یوں دل سے چھلک اُٹھے جس طرح آپ کے لئے ہماری محبت بھی چھلک رہی ہے۔ 13کیونکہ اِس طرح اللہ آپ کے دلوں کو مضبوط کرے گا اور آپ اُس وقت ہمارے خدا اور باپ کے حضور بےالزام اور مُقدّس ثابت ہوں گے جب ہمارا خداوند عیسیٰ اپنے تمام مُقدّسین کے ساتھ آئے گا۔ آمین۔
Nu markerat:
۱-تِھسّلُنیکیوں 3: URDGVU
Märk
Dela
Kopiera
Vill du ha dina höjdpunkter sparade på alla dina enheter? Registrera dig eller logga in
Copyright © 2019 Urdu Geo Version. CC-BY-NC-ND