متّی 4
4
حُضُور عیسیٰ کی آزمائش
1پھر حُضُور عیسیٰ پاک رُوح کی ہدایت سے بیابان میں گیٔے تاکہ اِبلیس اُنہیں آزمائے۔#4:1 آزمائے یُونانی زبان میں اِس لفظ کے معنی جانچ بھی ہوتاہے۔ 2چالیس دِن اَور چالیس رات روزے رکھنے کے بعد حُضُور عیسیٰ کو بھُوک لگی۔ 3تَب آزمائش کرنے والے نے آپ کے پاس آکر کہا، ”اگر آپ خُدا کا بیٹاہو تو اِس پتھّروں سے کہیں کہ روٹیاں بَن جایٔیں۔“
4حُضُور عیسیٰ نے جَواب دیا، ”یہ لِکھّا ہے: ’اِنسان صِرف روٹی ہی سے نہیں لیکن خُدا کے مُنہ سے نکلنے والے ہر کلام سے زندہ رہتاہے۔‘#4:4 اِست 8:3“
5پھر اِبلیس اُنہیں مُقدّس شہر میں لے گیا اَور بیت المُقدّس کے سَب سے اُونچے مقام پر کھڑا کرکے آپ سے کہا۔ 6”اگر آپ خُدا کا بیٹاہو، تو یہاں سے، اَپنے آپ کو نیچے گِرا دیں۔ کیونکہ لِکھّا ہے:
” ’وہ تمہارے متعلّق اَپنے فرشتوں کو حُکم دے گا،
اَور وہ آپ کو اَپنے ہاتھوں پر اُٹھا لیں گے،
تاکہ آپ کے پاؤں کو کسی پتّھر سے ٹھیس نہ لگنے پایٔے۔‘#4:6 زبُور 91:11،12“
7لیکن حُضُور عیسیٰ نے جَواب دیا، ”یہ بھی تو لِکھّا ہے: ’تُم خُداوؔند اَپنے خُدا کی آزمائش نہ کرو۔‘#4:7 اِست 6:16“
8پھر، اِبلیس اُنہیں ایک بہت اُونچے پہاڑ پر لے گیا اَور دُنیا کی تمام سلطنتیں اَور اُن کی شان و شوکت حُضُور کو دکھائی اَور کہا، 9”اگر تُم مُجھے جُھک کر سَجدہ کرو تو میں یہ سَب کُچھ تُمہیں دے دُوں گا۔“
10حُضُور عیسیٰ نے جَواب میں اُس سے کہا، ”اَے شیطان! مُجھ سے دُورہو جا، کیونکہ لِکھّا ہے: ’تُو اَپنے خُداوؔند خُدا ہی کو سَجدہ کر اَور صِرف اُسی کی خدمت کر۔‘#4:10 اِست 6:13“
11پھر اِبلیس اُنہیں چھوڑکر چَلا گیا اَور فرشتے آکر حُضُور عیسیٰ کی خدمت کرنے لگے۔
صُوبہ گلِیل میں حُضُور عیسیٰ کی تبلیغی خدمت کا آغاز
12جَب حُضُور عیسیٰ نے سُنا کہ حضرت یحییٰ کو قَید کر لیا گیا ہے تو وہ صُوبہ گلِیل کو روانہ ہوئے۔ 13اَور ناصرتؔ کو چھوڑکر، کَفرنحُومؔ میں جا کر رہنے لگے جو جھیل کے کنارے زبُولُونؔ اَور نفتالیؔ کے علاقہ میں ہے۔ 14تاکہ جو بات حضرت یسعیاؔہ نبی کی مَعرفت سے کہی گئی تھی، وہ پُوری ہو جائے۔
15”زبُولُونؔ اَور نفتالیؔ کے زمینی علاقہ،
سمُندری شاہراہ، یردؔن کے اُس پار،
اَور غَیریہُودیوں کی صُوبہ گلِیل۔
16جو لوگ تاریکی میں زندگی گزار رہے تھے
اُنہُوں نے ایک بڑی رَوشنی دیکھی؛
اَورجو لوگ موت کے سایہ کے مُلک میں زندگی گزار رہے تھے
اُن پر ایک نُور آ چمکا۔“#4:16 یسع 9:1،2
17اُس وقت سے حُضُور عیسیٰ نے یہ مُنادی شروع کر دی، ”تَوبہ کرو کیونکہ آسمان کی بادشاہی نَزدیک آ گئی ہے۔“
پہلے چار شاگردوں کا بُلایا جانا
18ایک دِن صُوبہ گلِیل کی جھیل کے کنارے چلتے ہوئے حُضُور عیسیٰ نے دو بھائیوں کو، یعنی شمعُونؔ کو جو پطرس کہلاتےہیں اَور اُن کے بھایٔی اَندریاسؔ کو دیکھا۔ یہ دونوں اُس وقت جھیل میں جال ڈال رہے تھے کیونکہ اُن کا پیشہ ہی مچھلی پکڑناتھا۔ 19حُضُور عیسیٰ نے اُن سے فرمایا، ”میرے، پیچھے چلے آؤ، تو میں تُمہیں آدمؔ گیر بناؤں گا۔“ 20وہ اُسی وقت اَپنے جال چھوڑکر آپ کے ہمنوا ہوکر پیچھے ہو لیٔے۔
21جَب حُضُور تھوڑا اَور آگے بڑھے تو آپ نے دو اَور بھائیوں، زبدیؔ کے بیٹے یعقُوب اَور اُن کے بھایٔی یُوحنّؔا کو دیکھا، دونوں اَپنے باپ زبدیؔ کے ساتھ کشتی میں جالوں کی مرمّت کر رہے تھے۔ حُضُور عیسیٰ نے اُنہیں بُلایا، 22اَور وہ بھی ایک دَم کشتی اَور اَپنے باپ کو چھوڑکر حُضُور کے پیچھے چل دئیے۔
حُضُور عیسیٰ کا بیِماروں کو شفا بخشنا
23حُضُور عیسیٰ سارے صُوبہ گلِیل میں جا کر اُن کے یہُودی عبادت گاہوں میں تعلیم دیتے اَور آسمانی بادشاہی کی خُوشخبری کی مُنادی کرتے رہے اَور لوگوں کے درمیان ہر قِسم کی بِیماری اَور کمزوریوں کو شفا بخشتے رہے۔ 24اَور حُضُور کی شہرت تمام سِیریؔا میں پھیل گئی اَور لوگ سَب مَریضوں کو جو طرح طرح کی بیماریوں اَور تکلیفوں میں مُبتلا تھے، جِن میں بَدرُوحیں تھیں اَور مِرگی کے مَریضوں کو اَور مفلُوجوں کو حُضُور عیسیٰ کے پاس لاتے تھے، اَور حُضُور سَب کو شفا بخشتے تھے۔ 25اَور صُوبہ گلِیل، دِکَپُلِسؔ،#4:25 یعنی دس شہر یروشلیمؔ، یہُودیؔہ اَور دریائے یردؔن پار کے علاقوں سے لوگوں کا ایک بڑا ہُجوم حُضُور عیسیٰ کے پیچھے چَلا جا رہاتھا۔
Aktualisht i përzgjedhur:
متّی 4: UCV
Thekso
Ndaje
Copy
A doni që theksimet tuaja të jenë të ruajtura në të gjitha pajisjet që keni? Regjistrohu ose hyr
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، نیا عہدنامہ
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔ تمام دُنیا میں سَب حق محفوظ۔
Urdu Contemporary Version™ New Testament
Copyright © 1999, 2005, 2022 by Biblica, Inc.
Used with permission. All rights reserved worldwide.