پیدائش 9
9
نوحؔا کے ساتھ خُدا کا عہد
1پھر خُدا نے نوحؔا اَور اُن کے بیٹوں کو یہ کہہ کر برکت دی، ”پھُولو پھلو اَور تعداد میں بڑھو اَور زمین کو معموُر کرو۔ 2زمین کے تمام حَیوانات اَور ہَوا کے سَب پرندوں پر تمہارا رُعب اَور ڈر چھایا رہے گا، اَور ہر رینگنے والا جاندار اَور سمُندر کی سَب مچھلیاں تمہارے ہاتھ میں دی گئی ہیں۔ 3ہر شَے جو زندہ ہے اَور چلتی پھرتی ہے، تمہاری خُوراک کے لیٔے ہے۔ مَیں نے سبز پَودوں کی طرح تُمہیں سَب کا سَب دے دیا ہے۔
4”لیکن تُم وہ گوشت جِس میں جان کا خُون باقی ہو ہرگز نہ کھانا۔ 5اَور مَیں تمہارے خُون کا بدلہ ضروُر لُوں گا۔ مَیں ہر جانور سے بدلہ لُوں گا۔ ہر ایک اِنسان کے خُون کا بدلہ اِنسان سے لُوں گا۔
6”جو کویٔی اِنسان کا خُون کرےگا،
اُس کا خُون اِنسان ہی کے ہاتھوں سے ہوگا؛
کیونکہ خُدا نے اِنسان کو
اَپنی صورت پر بنایا۔
7اَور تُم پھُولو، پھلو اَور تعداد میں بڑھو؛ زمین پر اَپنی نَسل بڑھاؤ۔“
8تَب خُدا نے نوحؔا اَور اُن کے بیٹوں سے کہا، 9”اَب مَیں تُم سے اَور تمہارے بعد تمہاری نَسل سے عہد کرتا ہُوں 10اَور اِس کے علاوہ سَب جانداروں سے جو تمہارے ساتھ ہیں، کیا پرندے، کیا مویشی اَور کیا سَب جنگلی جانور جو تمہارے ساتھ جہاز سے باہر نکلے یعنی زمین پر مَوجُود ہر جاندار سے عہد کرتا ہُوں۔ 11مَیں تُم سے عہد کرتا ہُوں کہ پھر کبھی کویٔی جاندار سیلابی پانی سے ہلاک نہ ہوگا اَور نہ ہی زمین کو تباہ کرنے کے لیٔے پھر کبھی سیلاب آئے گا۔“
12اَور خُدا نے فرمایا، ”اَورجو عہد مَیں اَپنے اَور تمہارے اَور ہر جاندار کے درمیان باندھتا ہُوں جو تمہارے ساتھ ہیں، اَورجو عہد آنے والی پُشتوں کے لیٔے ہے، اُس کا نِشان یہ ہے: 13مَیں نے بادلوں میں اَپنی قوسِ قُزح کو قائِم کیا ہے، اَور وہ میرے اَور زمین کے درمیان عہد کا نِشان ہوگی۔ 14جَب کبھی مَیں زمین پر بادل لاؤں اَور اُن بادلوں میں قوسِ قُزح دِکھائی دے، 15تو مَیں اَپنے اِس عہد کو یاد کروں گا، جو میرے تمہارے اَور ہر قِسم کے جانداروں کے درمیان ہے، پانی پھر کبھی سیلاب کی شکل اِختیار نہ کرےگا کہ سَب جاندار ہلاک ہو جایٔیں۔ 16جَب کبھی بادلوں میں قوسِ قُزح نموُدار ہوگی، مَیں اُسے دیکھوں گا اَور اِس اَبدی عہد کو یاد کروں گا جو خُدا کے اَور زمین کے سَب طرح کے جانداروں کے درمیان ہے۔“
17پس خُدا نے نوحؔا سے کہا، ”یہ اُس عہد کا نِشان ہے جو مَیں نے اَپنے اَور زمین پر مَوجُود سارے جانداروں کے درمیان قائِم کیا ہے۔“
نوحؔا کے بیٹے
18نوحؔا کے بیٹے جو جہاز سے باہر آئےتھے شِمؔ، حامؔ اَور یافیتؔ تھے۔ (حامؔ کنعانؔ کا باپ تھا۔) 19نوحؔا کے یہی تین بیٹے تھے اَور اُن کی نَسل ساری زمین پر پھیل گئی۔
20نوحؔا نے کاشتکاری شروع کی اَور انگور کا ایک باغ لگایا۔ 21جَب نوحؔا نے اُس کا کچھ انگوری شِیرہ پیا تو متوالے ہو گئے، اَور اَپنے خیمہ میں ننگے ہی جا پڑے۔ 22کنعانؔ کے باپ حامؔ نے اَپنے باپ کو ننگا دیکھا اَور باہر آکر اَپنے دونوں بھائیوں کو بتایا۔ 23تَب شِمؔ اَور یافیتؔ نے ایک کپڑا لیا، اَور اُسے اَپنے کندھوں پر رکھ پچھلے پاؤں اَندر گیٔے اَور اَپنے باپ کے ننگے بَدن کو ڈھانک دیا۔ اُنہُوں نے اَپنے مُنہ دُوسری طرف کئے ہویٔے تھے اِس لیٔے وہ اَپنے باپ کی برہنگی کو نہ دیکھ سکے۔
24جَب انگوری شِیرے کا نشہ اُترا اَور نوحؔا ہوش میں آئے اَور اُن کو پتا چلا کہ اُن کے چُھوٹے بیٹے نے اُن کے ساتھ کیا کیا، 25تو نوحؔا نے فرمایا،
”کنعانؔ ملعُون ہو!
اَور وہ اَپنے بھائیوں کے
غُلاموں کا غُلام ہوگا۔“
26اُنہُوں نے یہ بھی کہا،
”یَاہوِہ شِمؔ کا خُدا مُبارک ہو!
اَور کنعانؔ شِمؔ کا غُلام ہو۔
27خُدا یافیتؔ#9:27 یافیتؔ یعنی بڑھایا، تَوسیع کو وسعت دے؛
اَور یافیتؔ، شِمؔ کے خیموں میں بسے،
اَور کنعانؔ اُس کا غُلام ہو۔“
28سیلاب کے بعد نوحؔا ساڑھے تین سَو بَرس تک اَور زندہ رہے۔ 29نوحؔا کی کُل عمر ساڑھے نَو سَو بَرس کی ہویٔی، اَور تَب اُن کی وفات ہوئی۔
Aktuálne označené:
پیدائش 9: UCV
Zvýraznenie
Zdieľať
Kopírovať
Chceš mať svoje zvýraznenia uložené vo všetkých zariadeniach? Zaregistruj sa alebo sa prihlás
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.