پیدائش 11
11
بابیل کا بُرج
1ساری زمین پر ایک ہی زبان اَور ایک ہی بولی تھی۔ 2جَب لوگ مشرق کی طرف بڑھے تو اُنہیں مُلک شِنعاؔر میں ایک میدان مِلا اَور وہ وہاں بس گیٔے۔
3اُنہُوں نے آپَس میں کہا، ”آؤ ہم اینٹیں بنائیں، اَور اُنہیں آگ میں خُوب تپائیں۔“ پس وہ پتّھر کی بجائے اینٹ اَور چُونے کی بجائے گارا اِستعمال کرنے لگے۔ 4پھر اُنہُوں نے کہا، ”آؤ، ہم اَپنے لیٔے ایک شہر بسائیں اَور اُس میں ایک اَیسا بُرج تعمیر کریں جِس کی چوٹی آسمان تک جا پہُنچے، تاکہ ہمارا نام مشہُور ہو اَور ہم تمام رُوئے زمین پر تِتّر بِتّر نہ ہوں۔“
5لیکن یَاہوِہ اُس شہر اَور بُرج کو دیکھنے کے لیٔے جسے لوگ بنا رہے تھے نیچے اُتر آئے۔ 6یَاہوِہ نے فرمایا، ”اگر یہ لوگ ایک ہوتے ہویٔے اَور ایک ہی زبان بولتے ہویٔے یہ کام کرنے لگے ہیں، تو یہ جِس بات کا اِرادہ کریں گے اُسے پُورا ہی کرکے دَم لیں گے۔ 7آؤ، ہم نیچے جا کر اُن کی زبان میں اِختلاف پیدا کریں تاکہ وہ ایک دُوسرے کی بات ہی نہ سمجھ سکیں۔“
8لہٰذا یَاہوِہ نے اُنہیں وہاں سے تمام رُوئے زمین پر مُنتشر کر دیا اَور وہ شہر کی تعمیر سے باز آئے۔ 9اِسی لیٔے اُس شہر کا نام بابیل#11:9 بابیل یعنی اُلجھن پڑ گیا کیونکہ وہاں یَاہوِہ نے سارے جہاں کی زبان میں اِختلاف ڈالا تھا۔ وہاں سے یَاہوِہ نے اُنہیں تمام رُوئے زمین پر مُنتشر کر دیا۔
شِمؔ سے اَبرامؔ تک
10شِمؔ کا شجرہ نَسب یہ ہے:
سیلاب کے دو بَرس بعد جَب شِمؔ سَو بَرس کا تھا تو اُن کے یہاں اَرفاکسَدؔ پیدا ہویٔے۔ 11اَور اَرفاکسَدؔ کی پیدائش کے بعد شِمؔ مزید پانچ سَو بَرس جیتے رہے اَور اُن کے یہاں بیٹے اَور بیٹیاں پیدا ہویٔیں۔
12جَب اَرفاکسَدؔ پینتیس بَرس کے ہویٔے تو اُن کے یہاں شِلحؔ پیدا ہُوا۔ 13اَور شِلحؔ کی پیدائش کے بعد اَرفاکسَدؔ مزید چار سَو تین بَرس تک جیتے رہے اَور اُن کے یہاں بیٹے اَور بیٹیاں پیدا ہویٔیں۔
14جَب شِلحؔ تیس بَرس کا ہُوا، تو اُن کے یہاں عِبرؔ پیدا ہُوا۔ 15اَور عِبرؔ کی پیدائش کے بعد شِلحؔ مزید چار سَو تین بَرس تک جیتے رہے اَور اُن کے یہاں بیٹے اَور بیٹیاں پیدا ہویٔیں۔
16جَب عِبرؔ چونتیس بَرس کے ہویٔے، تو اُن کے یہاں پِلِگ پیدا ہویٔے۔ 17اَور پِلِگ کی پیدائش کے بعد عِبرؔ مزید چار سِوتیس بَرس تک جیتے رہے اَور اُن کے یہاں بیٹے اَور بیٹیاں پیدا ہُوئیں۔
18جَب پِلِگ تیس بَرس کے ہویٔے تو اُن کے یہاں رِعوؔ پیدا ہُوا۔ 19اَور رِعوؔ کی پیدائش کے بعد پِلِگ مزید دو سَو نَو بَرس تک جیتے رہے اَور اُن کے یہاں بیٹے اَور بیٹیاں پیدا ہُوئیں۔
20جَب رِعوؔ بتّیس بَرس کے ہویٔے، تو اُن کے یہاں سِروگ پیدا ہُوا۔ 21اَور سِروگ کی پیدائش کے بعد رِعوؔ مزید دو سَو سات بَرس تک جیتے رہے اَور اُن کے یہاں بیٹے اَور بیٹیاں پیدا ہُوئیں۔
22جَب سِروگ تیس بَرس کے ہویٔے تو اُن کے یہاں ناحوؔر پیدا ہویٔے۔ 23اَور ناحوؔر کی پیدائش کے بعد سِروگ مزید دو سَو بَرس تک جیتے رہے، اَور اُن کے یہاں بیٹے اَور بیٹیاں پیدا ہُوئیں۔
24جَب ناحوؔر اُنتیس بَرس کے ہویٔے، تو آپ کے یہاں تیراحؔ پیدا ہویٔے۔ 25اَور تیراحؔ کی پیدائش کے بعد ناحوؔر مزید ایک سَو اُنّیس بَرس تک جیتے رہے اَور آپ کے یہاں بیٹے اَور بیٹیاں پیدا ہُوئیں۔
26جَب تیراحؔ ستّر بَرس کے ہویٔے، تو آپ کے یہاں اَبرامؔ، ناحوؔر اَور حارانؔ پیدا ہویٔے۔
اَبرامؔ کا شجرہ نَسب
27تیراحؔ کا شجرہ نَسب یہ ہے:
تیراحؔ سے اَبرامؔ، ناحوؔر اَور حارانؔ پیدا ہویٔے اَور حارانؔ سے لَوطؔ پیدا ہُوا۔ 28حارانؔ اَپنے باپ تیراحؔ کے جیتے جی اَپنے وطن یعنی کَسدیوں کے اُورؔ میں مَر گئے۔ 29اَبرامؔ اَور ناحوؔر نے اَپنی شادی کرلی۔ اَبرامؔ کی بیوی کا نام سارَیؔ اَور ناحوؔر کی بیوی کا نام مِلکاہؔ تھا۔ وہ حارانؔ کی بیٹی تھی جو مِلکاہؔ اَور اِسکہؔ دونوں کے باپ تھے۔ 30اَور سارَیؔ بانجھ تھیں۔ اُن کے یہاں کویٔی اَولاد نہ تھی۔
31اَور تیراحؔ نے اَپنے بیٹے اَبرامؔ کو، اَپنے پوتے لَوطؔ کو جو حارانؔ کے بیٹے تھے اَور اَپنی بہُو سارَیؔ کو جو اُن کے بیٹے اَبرامؔ کی بیوی تھیں ساتھ لیا اَور وہ سَب کَسدیوں کے اُورؔ سے کنعانؔ جانے کے لیٔے نکل پڑے۔ لیکن جَب وہ حارانؔ پہُنچے تو وہیں بس گیٔے۔
32تیراحؔ کی عمر دو سَو پانچ بَرس کی ہُوئی اَور حارانؔ میں وفات پائی۔
Nu geselecteerd:
پیدائش 11: UCV
Markering
Deel
Kopiëren
Wil je jouw markerkingen op al je apparaten opslaan? Meld je aan of log in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.