YouVersion Logo
Search Icon

مرقُس 16

16
حُضُور یِسوعؔ کا مُردوں میں سے جی اُٹھنا
1جَب سَبت کا دِن گزر گیا، تو مریمؔ مَگدلِینیؔ، یعقوب کی ماں مریمؔ اَور سلومؔی خُوشبودار چیزیں خرید کر لائیں تاکہ اُنہیں یِسوعؔ کی لاش پر مَلیں۔ 2اَور ہفتہ کے پہلے دِن، صُبح سویرے سُورج کے نکلتے ہی، وہ قبر پر آئیں۔ 3وہ آپَس میں کہہ رہی تھیں: ”قبر کے دروازہ پر سے ہمارے لیٔے پتّھر کون ہٹائے گا؟“
4لیکن جَب اُنہُوں نے اُوپر نگاہ کی، تو دیکھا کہ وہ بھاری پتّھر، پہلے ہی سے لُڑھکا ہُوا تھا۔ 5جَب وہ غارنُما قبر کے اَندر گئیں تو، اُنہُوں نے ایک جَوان آدمی کو سفید چوغہ پہنے داہنی طرف بیٹھے دیکھا، اَور وہ گھبرا گئیں۔
6لیکن اُس آدمی نے اُن سے کہا، ”تعجُّب نہ کرو، تُم یِسوعؔ ناصری، کو جو مصلُوب ہُوئے تھے ڈھونڈتی ہو۔ وہ جی اُٹھے ہیں! وہ یہاں نہیں ہیں۔ دیکھو یہ وہ جگہ ہے جہاں اُنہُوں نے یِسوعؔ کو رکھا تھا۔ 7پس تُم جاؤ، اَور اُن کے شاگردوں اَور پطرس کو خبر کر دو، ’وہ اَور تُم سے پہلے صُوبہ گلِیل کو پہُنچ رہے ہیں۔ تُم اُنہیں وہیں دیکھوگے، جَیسا کہ اُنہُوں نے تُم سے کہاتھا۔‘ “
8وہ عورتیں حیرت زدہ اَور کانپتی ہویٔی ‏یِسوعؔ کی قبر سے نکل کر بھاگیں اَور اِس قدر خوفزدہ تھیں کہ پطرس اَور کسی سے کُچھ بھی کہنے کی ہِمّت نہ کر سکیں۔#16‏:8 ہِمّت نہ کر سکیں۔ کچھ نُسخوں میں آیت 8 اَور 9کے درمیان اِختتام اِس طرح ہوتاہے: پھر اُنہُوں نے جلدی سے اُن تمام ہدایات کو پطرس کے اِردگرد والوں تک پہُنچا دیا۔
9ہفتہ کے پہلے دِن صُبح کے وقت، یِسوعؔ اَپنے جی اُٹھنے کے بعد سَب سے پہلے مریمؔ مَگدلِینیؔ پر، ظاہر ہویٔے، جِس میں سے آپ نے سات بدرُوحیں نکالی تھیں۔ 10اُس نے جا کر حُضُور کے ساتھیوں کو جو غم کے باعث ملُول تھے اَور رو رہے تھے، اُن کو خبر دی۔ 11لیکن اُنہُوں نے یہ سُن کر کہ آپ جی اُٹھے ہیں اَور مریمؔ نے آپ کو دیکھاہے یقین نہ کیا۔
12اِس کے بعد یِسوعؔ ایک دُوسری صورت میں اُن میں سے دو آدمیوں پر اُس وقت ظاہر ہُوئے جَب وہ اَپنے گاؤں کی طرف چلے جا رہے تھے۔ 13اُنہُوں نے واپس جا کر باقی لوگوں کو خبر دی؛ لیکن اُنہُوں نے اُن کا بھی یقین نہ کیا۔
14آخِر میں وہ گیارہ شاگردوں پر جَب وہ دسترخوان پر بیٹھے کھانا کھا رہے تھے؛ اُن پر ظاہر ہُوئے اَور آپ نے اُن کی بےاِعتقادی اَور سخت دِلی پر ملامت کی کیونکہ اُنہُوں نے اُن کا بھی یقین نہیں کیا تھا جنہوں نے آپ کے جی اُٹھنے کے بعد آپ کو دیکھا۔
15پھر اُنہُوں نے اُن سے کہا، ”تمام دُنیا میں جا کر تمام مخلُوق کو انجیل کی مُنادی کرو۔ 16جو بھی ایمان لایٔے اَور پاک غُسل لے وہ نَجات پایٔےگا، لیکن جو ایمان نہ لایٔے وہ مُجرم قرار دیا جائے گا۔ 17اَور ایمان لانے والوں کے درمیان یہ معجزے ہوں گے کہ وہ میرے نام سے بدرُوحوں کو نکالیں گے؛ نئی نئی زبانیں بولیں گے؛ 18وہ سانپوں کو اُٹھا لیں گے؛ اگر کویٔی مہلک چیز پی لیں گے، تو اُنہیں کُچھ نُقصان نہ پہُنچے گا؛ وہ بیماریوں پر ہاتھ رکھیں گے، اَور بیمار شفا پائیں گے۔“
19جَب خُداوؔند یِسوعؔ اُن سے کلام کر چُکے، آپ آسمان میں اُوپر اُٹھا لیٔے گیٔے۔ اَور آپ خُدا کے داہنی طرف جا بیٹھے۔ 20تَب شاگرد باہر نکلے اَور ہر جگہ انجیل کی مُنادی کی، اَور خُداوؔند اُن کے ساتھ مِل کر کام کرتے رہے اَور کلام کو اُن معجزوں کے ذریعہ جو ساتھ ساتھ ہوتے تھے تصدیق کرتے رہے۔

Currently Selected:

مرقُس 16: UCV

Highlight

Share

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in