YouVersion Logo
Search Icon

غزلُ الغزلات 3

3
1مَیں نے رات کو اپنے پلنگ پر اُسے ڈُھونڈا جو میری جان کا پِیارا ہے۔
مَیں نے اُسے ڈُھونڈا پر نہ پایا۔
2اب مَیں اُٹھوں گی اور شہر میں پِھرُوں گی۔
کُوچوں میں اور بازاروں میں
اُس کو ڈھُونڈُوں گی جو میری جان کا پِیارا ہے۔
مَیں نے اُسے ڈھُونڈا پر نہ پایا۔
3پہرے والے جو شہر میں پِھرتے ہیں مُجھے مِلے۔
مَیں نے پُوچھا کیا تُم نے اُسے دیکھا جو میری جان کا پِیارا ہے؟
4ابھی مَیں اُن سے تھوڑا ہی آگے بڑھی تھی
کہ میری جان کا پِیارا مُجھے مِل گیا۔
مَیں نے اُسے پکڑ رکھّا اور اُسے نہ چھوڑا
جب تک کہ مَیں اُسے اپنی ماں کے گھر میں
اور اپنی والدِہ کے خَلوت خانہ میں نہ لے گئی۔
5اَے یروشلِیم کی بیٹیو!
مَیں تُم کو غزالوں اور مَیدان کی ہرنِیوں کی قَسم دیتی ہُوں
کہ تُم میرے پِیارے کو نہ جگاؤ نہ اُٹھاؤ
جب تک کہ وہ اُٹھنا نہ چاہے۔
تِیسری غزل
عَورت کا خطاب
6یہ کَون ہے جو مُر اور لُبان سے
اور سَوداگروں کے تمام عِطروں سے مُعطّر ہو کر
بیابان سے دُھوئیں کے سُتُون کی مانِند چلا آتا ہے؟
7دیکھو یہ سُلیماؔن کی پالکی ہے۔
جِس کے ساتھ اِسرائیلی بہادُروں میں سے
ساٹھ پہلوان ہیں۔
8وہ سب کے سب شمشِیر زن اور جنگ میں ماہِر ہیں۔
رات کے خطرہ کے سبب سے
ہر ایک کی تلوار اُس کی ران پر لٹک رہی ہے۔
9سُلیماؔن بادشاہ نے لُبناؔن کی لکڑِیوں سے
اپنے لِئے ایک پالکی بنوائی۔
10اُس کے ڈنڈے چاندی کے بنوائے۔
اُس کی نشِست سونے کی اور گدّی ارغوانی بنوائی
اور اُس کے اندر کا فرش
یروشلِیم کی بیٹِیوں نے عِشق سے مُرصّع کِیا۔
11اَے صِیُّون کی بیٹیو! باہر نِکلو اور سُلیماؔن بادشاہ کو دیکھو۔
اُس تاج کے ساتھ جو اُس کی ماں نے اُس کے بیاہ کے دِن
اور اُس کے دِل کی شادمانی کے روز اُس کے سر پر رکھّا۔

Highlight

Share

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in