پیدائش 29
29
یعقوب کی فدّان ارام میں آمد
1اَور یعقوب نے اَپنا سفر جاری رکھا اَور وہ مشرق میں رہنے والے لوگوں کے مُلک میں جاپہنچے۔ 2وہاں اُنہُوں نے میدان میں ایک کنواں دیکھا جِس کے پاس بھیڑوں کے تین گلّے مَوجُود تھے۔ کیونکہ اُن گلّوں کو اُسی کنوئیں سے پانی پِلایا جاتا تھا۔ کنوئیں کے مُنہ پر ایک بڑا سا پتّھر رکھا ہُوا تھا۔ 3جَب سَب گلّے اِکٹھّے ہو جاتے تھے تو چرواہے اُس پتّھر کو کنوئیں کے مُنہ پر سے لُڑھکا کر بھیڑوں کو پانی پِلاتے تھے اَور پھر پتّھر کو واپس اَپنی جگہ کنوئیں کے مُنہ پر رکھ دیتے تھے۔
4یعقوب نے چرواہوں سے پُوچھا، ”بھائیو! تُم کہاں کے ہو؟“
اُنہُوں نے جَواب دیا، ”ہم حارانؔ کے ہیں۔“
5تَب یعقوب نے چرواہوں سے پُوچھا، ”کیا تُم لابنؔ کو جانتے ہو جو ناحوؔر کا پوتا ہے؟“
اُنہُوں نے جَواب دیا، ”ہاں، ہم لابنؔ کو جانتے ہیں۔“
6تَب یعقوب نے اُن سے پُوچھا، ”کیا وہ خیریت سے ہیں؟“
اُنہُوں نے کہا، ”ہاں، وہ خیریت سے ہیں اَور وہ دیکھو اُن کی بیٹی راخلؔ بھیڑوں کو لے کر آ رہی ہے۔“
7یعقوب نے کہا، ”دیکھو، ابھی تو دِن ہے اَور بھیڑ بکریوں کو جمع کرنے کا وقت بھی نہیں ہُوا لہٰذا بھیڑوں کو پانی پِلا کر واپس چراگاہ میں لے جاؤ۔“
8اُنہُوں نے جَواب دیا، ”ہم اَیسا نہیں کر سکتے۔ جَب سَب گلّے اِکٹھّے ہو جایٔیں گے اَور پتّھر کو کنوئیں کے مُنہ سے لُڑھکایا جائے گا تَب ہی ہم بھیڑوں کو پانی پلائیں گے۔“
9وہ ابھی اُن سے باتیں کر ہی رہے تھے کہ راخلؔ اَپنے باپ کی بھیڑوں کو لے کر آ پہُنچی کیونکہ وُہی اُن کی گلّہ بان تھی۔ 10جَب یعقوب نے اَپنے ماموں لابنؔ کی بیٹی راخلؔ کو اَور لابنؔ کی بھیڑوں کو دیکھا تو اُنہُوں نے جا کر کنوئیں کے مُنہ پر سے پتّھر کو لُڑھکا دیا اَور اَپنے ماموں کی بھیڑوں کو پانی پِلانے لگے۔ 11تَب یعقوب نے راخلؔ کو چُوما اَور یعقوب زاروقطار رونے لگے۔ 12پھر یعقوب نے راخلؔ سے کہا، کہ وہ اُن کے باپ کا رشتہ دار اَور رِبقہؔ کا بیٹا ہے، راخلؔ نے یہ سُنا تو وہ دَوڑتی ہُوئی گئی اَور اَپنے باپ کو خبر دی۔
13جُوں ہی لابنؔ کو اَپنے بھانجے یعقوب کی خبر مِلی وہ اُن سے مِلنے کو دَوڑے۔ لابنؔ نے یعقوب کو گلے سے لگایا اَور چُوما اَور اُنہیں اَپنے گھر لے آئے اَور وہاں یعقوب نے لابنؔ کو ساری داستان کہہ سُنائی۔ 14تَب لابنؔ نے یعقوب سے کہا، ”تُم میرا اَپنا گوشت اَور خُون ہو۔“
یعقوب کا لِیاہؔ اَور راخلؔ سے نکاح
یعقوب کو مامو کے ساتھ رہتے ہویٔے پُورا ایک ماہ گزر چُکاتھا 15کہ لابنؔ نے یعقوب سے کہا، ”میرا رشتہ دار ہونے کے باعث یہ ضروُری نہیں کہ تُم بِلا مُعاوضہ میری خدمت کرو! لہٰذا مُجھے بتاؤ کہ تمہاری اُجرت کیا ہوگی؟“
16لابنؔ کی دو بیٹیاں تھیں بڑی کا نام لِیاہؔ تھا اَور چُھوٹی کا راخلؔ تھا۔ 17لِیاہؔ کی آنکھیں کمزور تھیں لیکن راخلؔ سڈول اَور خُوبصورت تھی۔ 18یعقوب راخلؔ سے مَحَبّت کرتے تھے۔ لہٰذا اُنہُوں نے کہا، ”مَیں تمہاری چُھوٹی بیٹی راخلؔ کے لیٔے سات بَرس تمہاری خدمت کروں گا۔“
19لابنؔ نے کہا، ”راخلؔ کو کسی اَور آدمی کو دینے کی بجائے تُمہیں دینا بہتر ہے لہٰذا تُم میرے ساتھ یہاں رہو۔“ 20چنانچہ یعقوب سات بَرس تک راخلؔ کی خاطِر خدمت کرتے رہے لیکن راخلؔ کی مَحَبّت میں وہ سات بَرس اُنہیں سات دِن کے برابر مَعلُوم ہویٔے۔
21تَب یعقوب نے لابنؔ سے کہا، ”مُجھے میری بیوی دے دیجئے تاکہ میں اُس کے پاس جاؤں کیونکہ خدمت کی میعاد پُوری ہو چُکی ہے۔“
22چنانچہ لابنؔ نے اُس جگہ کے سَب لوگوں کو جمع کیا اَور اُن کی ضیافت کی۔ 23لیکن جَب شام ہویٔی تو لابنؔ نے اَپنی بیٹی لِیاہؔ کو لے جا کر یعقوب کے سُپرد کیا اَور یعقوب لِیاہؔ کے پاس گئے۔ 24اَور لابنؔ نے اَپنی خادِمہ زِلفہؔ کو اَپنی بیٹی لِیاہؔ کے سُپرد کر دیا تاکہ وہ لِیاہؔ کی خادِمہ بَن کر رہے۔
25جَب صُبح ہُوئی تو لِیاہؔ کو اَپنے یہاں پا کر یعقوب نے لابنؔ سے پُوچھا، ”یہ آپ نے میرے ساتھ کیا کیا ہے؟ کیا مَیں نے راخلؔ کی خاطِر آپ کی خدمت نہیں کی تھی؟ پھر آپ نے میرے ساتھ دھوکا کیوں کیا؟“
26لابنؔ نے جَواب دیا، ”ہمارے یہاں یہ رِواج نہیں کہ بڑی بیٹی سے پہلے چُھوٹی بیٹی کی شادی کر دی جائے۔ 27اِس بیٹی کا ہفتہ عرُوسی پُورا کرو تَب ہم چُھوٹی بھی تُمہیں دے دیں گے لیکن تُمہیں اُس کے عِوض مزید سات بَرس اَور خدمت کرنی ہوگی۔“
28اَور یعقوب نے اَیسا ہی کیا۔ آپ نے لِیاہؔ کے ساتھ ایک ہفتہ پُورا کیا تَب لابنؔ نے اَپنی بیٹی راخلؔ بھی یعقوب سے بیاہ دی۔ 29لابنؔ نے اَپنی خادِمہ بِلہاہؔ کو اَپنی بیٹی راخلؔ کے سُپرد کر دیا تاکہ وہ راخلؔ کی خادِمہ بَن کر رہے۔ 30یعقوب راخلؔ کے پاس بھی گئے اَور وہ راخلؔ کو لِیاہؔ سے زِیادہ مَحَبّت کرتے تھے اَور آپ نے لابنؔ کی خدمت میں مزید سات بَرس گزارے۔
یعقوب کی اَولاد
31جَب یَاہوِہ نے دیکھا کہ لِیاہؔ یعقوب کی مَحَبّت سے محروم ہے تو یَاہوِہ نے لِیاہؔ کا رِحم کھولا لیکن راخلؔ بانجھ رہی۔ 32لِیاہؔ حاملہ ہُوئی اَور اُن کے یہاں بیٹا پیدا ہُوا۔ اُس نے اُس کا نام رُوبِنؔ#29:32 رُوبِنؔعِبرانی اِس کےمعنی دیکھو ایک بیٹا رکھا کیونکہ اُس نے کہا، ”یہ اِس لیٔے ہُوا کہ یَاہوِہ نے میرا دُکھ دیکھ لیا ہے، اَور اَب یقیناً میرے خَاوند مُجھ سے مَحَبّت کرنے لگیں گے۔“
33وہ دوبارہ حاملہ ہُوئی اَور جَب اُس کے یہاں بیٹا پیدا ہُوا تو اُس نے کہا، ”چونکہ یَاہوِہ نے سُنا کہ مُجھ سے پیار نہیں کیا جا رہاہے اِس لیٔے اُنہُوں نے مُجھے یہ بیٹا بھی بخشا۔“ چنانچہ اُس نے اُس کا نام شمعُونؔ#29:33 شمعُونؔمُراد سُننے والا رکھا۔
34وہ پھر حاملہ ہو گئی اَور جَب اُس کے یہاں بیٹا پیدا ہُوا تَب اُس نے کہا، ”آخِرکار اَب تو میرے خَاوند کو مُجھ سے اُنس ہوگا کیونکہ اُس سے میرے تین بیٹے پیدا ہویٔے۔“ چنانچہ اُس کا نام لیوی#29:34 لیویجُڑا ہُوا یعنیمَحَبّت سے رکھا گیا۔
35وہ پھر حاملہ ہو گئی اَور جَب اُس کے یہاں بیٹا پیدا ہُوا تَب اُس نے کہا، ”اَب کی بار مَیں یَاہوِہ کی تمجید کروں گی۔“ لہٰذا اُس نے اُس کا نام بنی یہُوداہؔ#29:35 یہُوداہؔ یعنی تمجید رکھا۔ اُس کے بعد اُس کے یہاں کویٔی اَولاد نہ ہُوئی۔
Právě zvoleno:
پیدائش 29: UCV
Zvýraznění
Sdílet
Kopírovat
Chceš mít své zvýrazněné verše uložené na všech zařízeních? Zaregistruj se nebo se přihlas
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.